انفوٹینمنٹ

عمران خان نے اپنے ماموں کی فلم کو ہی 'ناپسندیدہ' قرار دے دیا

فلم ’ راجا ہندوستانی‘ آج کے معیار پر پورا نہیں اترتی، عمران خان

Web Desk

عمران خان نے اپنے ماموں کی فلم کو ہی 'ناپسندیدہ' قرار دے دیا

فلم ’ راجا ہندوستانی‘ آج کے معیار پر پورا نہیں اترتی، عمران خان

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

اداکار عامر خان کے بھانجے عمران خان جو فلمی صنعت سے کافی عرصے سے دور ہیں انہوں نے اپنے ہی ماموں کی فلم کو ناپسندیدہ قرار دے دیا۔

عمران خان فلمی صنعت سے ایک دہائی سے دور ہیں، ان کی آخری فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی ’کٹی بٹی‘ تھی۔

حال ہی میں 'فلم فیئر' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران نے اپنے کیریئر اور بچپن میں فلمیں دیکھنے کے تجربے کے بارے میں بات کی، جہاں انہوں نے ذکر کیا کہ 90کی دہائی کی کئی فلمیں آج کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا 90کی دہائی کی کچھ ایسی فلمیں ہیں جو وقت کے ساتھ بہتر انداز میں پرانی نہیں ہوئیں اور جب آپ انہیں آج کے نقطۂ نظر سے دیکھتے ہیں تو ان کو دیکھتے ہوئے کافی مسائل سے محسوس ہوتے ہیں، ان میں کچھ مناظر ایسے ہیں جو بے حد غیر آرام دہ محسوس ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے ماموں عامر خان کی فلم ’راجا ہندوستانی‘، جو کہ ایک زبردست اور کامیاب فلم تھی، آج دیکھنے پر کافی غیر آرام دہ لگتی ہے، آپ اسے دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ یہ غلط ہے، ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، اس دور کی کافی فلمیں ہیں جو آج کے پیمانے پر غیر مناسب معلوم ہوتی ہیں۔

واضح رہے کہ ’راجا ہندوستانی‘ سن 1996 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایتکاری دھرمیندر درشن نے کی تھی، اس فلم میں عامر خان اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

فلم کی کہانی ایک ٹیکسی ڈرائیور اور ایک امیر لڑکی کی محبت کے گرد گھومتی ہے، یہ فلم نوے کی دہائی کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں شمار ہوتی ہے۔

عمران خان نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ وہ ہمیشہ پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں عامر خان کو اپنا رہنما مانتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان سے بے حد متاثر ہوں، زندگی میں جب بھی کسی دوراہے پر کھڑا ہوتا ہوں تو سوچتا ہوں، عامر خان اس موقع پر کیا کرتے؟ ہو سکتا ہے کہ میں ان جیسا طریقہ نہ اپناؤں، کیونکہ ہمارے انداز اور نظریات میں فرق ہے لیکن بنیادی طور پر وہ ہمیشہ ایمانداری اور سچائی کو ترجیح دیتے ہیں، آپ کے فیصلے کا اصولی مرکز اخلاقی طور پر درست ہونا چاہیے اور پھر یہ دیکھنا چاہیے کہ ہم اس کہانی کو سب سے زیادہ سچے اور خالص انداز میں کیسے پیش کر سکتے ہیں، یہ وہ رہنما اصول ہیں جو میں نے ان سے سیکھے ہیں اور جنہیں میں آج بھی اپناتا ہوں۔

عمران خان نے 2008 میں ’جانے تو یا جانے نہ‘ سے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا تھا، جس میں ان کے ساتھ جنیلیا ڈی سوزا نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

چند ماہ قبل عمران خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ایک جاسوسی سیریز کے ساتھ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر واپسی کرنے والے تھے لیکن یہ منصوبہ منسوخ ہو گیا۔