انفوٹینمنٹ

امیتابھ بچن کو فالوورز بڑھانے کیلئے ریکھا کیساتھ سیلفی کا مشورہ

امیتابھ بچن نے فالوورز کی تعداد 49 ملین سے آگے نہ بڑھنے کا شکوہ کیا تھا

Web Desk

امیتابھ بچن کو فالوورز بڑھانے کیلئے ریکھا کیساتھ سیلفی کا مشورہ

امیتابھ بچن نے فالوورز کی تعداد 49 ملین سے آگے نہ بڑھنے کا شکوہ کیا تھا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے حال ہی میں ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے فالوورز کی تعداد 49 ملین سے آگے نہ بڑھنے پر مداحوں سے مشورہ طلب کیا، اُن کی اس معصومانہ درخواست پر مداحوں نے مزاحیہ اور دلچسپ جوابات دیے، جن میں ریکھا اور جیا بچن کا تذکرہ نمایاں رہا۔

امیتابھ بچن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'بڑی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ 49 ملین فالوورز کا نمبر بڑھ ہی نہیں رہا ہے، کوئی اُپائے (طریقہ) ہو تو بتائیے'۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

اس پوسٹ پر مداحوں نے مزاحیہ اور دلچسپ مشورے دیے، کسی نے مشورہ دیا کہ 'ریکھا جی کے ساتھ سیلفی ڈال کے دیکھیے'، جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ 'جیا جی کے ساتھ تصویر اپلوڈ کریں'۔

کچھ مداحوں نے مشورہ دیا کہ وہ نوجوان نسل سے جڑنے کے لیے پوڈکاسٹ شروع کریں یا کسی بلاک بسٹر فلم میں کام کریں۔

ایک صارف نے توجہ دلائی کہ 'آپ کے فالوورز کی تعداد ابھی بھی آسٹریلیا کی آبادی سے دُگنی ہے' جبکہ ایک اور صارف نے انہیں 'ایکس' کے اے آئی چیٹ بوٹ 'گروک' سے مدد لینے کا مشورہ دے ڈالا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امیتابھ بچن کی ایک پراسرار ٹویٹ "Time to go" نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا، بعد میں انہوں نے وضاحت کی تھی کہ یہ ٹویٹ دراصل کام سے واپسی کے وقت کی طرف اشارہ تھا، اور اس میں کوئی سنجیدہ مطلب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'وہ صرف ایک لائن تھی، جس کا مطلب تھا کہ کام سے جانے کا وقت آگیا ہے، تو اس میں آخر کیا مسئلہ ہے؟'

امیتابھ بچن نے حال ہی میں 'کالکی 2898 اے ڈی' فلم میں کام کیا ہے، اس کے علاوہ وہ ہر اتوار کو اپنے مداحوں سے ملاقات کرتے ہیں۔

امیتابھ بچن کی سوشل میڈیا پر موجودگی ہمیشہ سے مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث رہی ہے، اور ان کے حالیہ ٹویٹس نے ایک بار پھر ان کے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔

امیتابھ اور ریکھا کا 'مبینہ افیئر'

امیتابھ بچن اور ریکھا کا 'مبینہ افیئر' بالی ووڈ کی سب سے مشہور اور متنازع کہانیوں میں سے ایک رہا ہے۔

1970 اور 1980 کی دہائی میں جب دونوں نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا، تو ان کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں میڈیا کی زینت بن گئیں۔

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

فلم سلسلہ (1981)، جس میں دونوں نے ایک ساتھ کام کیا، کو ان کی حقیقی زندگی کی عکاسی سمجھا گیا۔ اس وقت امیتابھ بچن کی شادی جیا بچن سے ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے یہ تعلق مزید متنازع بن گیا۔

اگرچہ دونوں نے کبھی اپنے تعلق کو سرِعام تسلیم نہیں کیا، مگر ان کی خاموشی ہی اس افواہ کو حقیقت کا رنگ دیتی رہی۔

وقت گزرنے کے ساتھ یہ کہانی ماضی کا حصہ بن گئی، لیکن آج بھی ان کا یہ 'مبینہ افیئر' بالی ووڈ کی تاریخ کے سب سے بڑے رازوں میں شمار ہوتا ہے۔

امیتابھ بچن کون؟

امیتابھ بچن بھارتی فلم انڈسٹری، بالی ووڈ، کے ایک عظیم اور لیجنڈری اداکار ہیں جنہیں دنیا بھر میں بے پناہ شہرت حاصل ہے۔

اُنہوں نے نہ صرف بطور اداکار بلکہ میزبان، گلوکار اور فلم ساز کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

امیتابھ بچن نے فلمی کیریئر کا آغاز 1969 میں فلم 'سات ہندوستانی' سے کیا لیکن انہیں اصل شہرت 1973 کی فلم 'زنجیر' سے ملی، جس میں اُنہوں نے "اینگری ینگ مین" کا کردار ادا کیا، یہ کردار اُس وقت کے سماجی و سیاسی حالات کی عکاسی کرتا تھا اور ناظرین کے دلوں پر چھا گیا۔

اُن کی کامیاب ترین فلموں میں دیوار، شعلے، امر اکبر انتھونی، ڈان، کبھی خوشی کبھی غم، پیکو، پنک، بلیک اور باغبان شامل ہیں۔

امیتابھ بچن نے 2000 میں 'کون بنے گا کروڑ پتی (KBC)' کی میزبانی شروع کی، جو آج بھی بے حد مقبول ہے، ان کی آواز، انداز اور شخصیت نے اس شو کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔