انفوٹینمنٹ

سلمان خان کو دوبارہ جان لیوا دھمکی موصول، مارنے کا طریقہ بھی بتادیا

گزشتہ 2 سالوں میں سلمان خان کو پانچویں بار ایسی دھمکی موصول ہوئی ہے

Web Desk

سلمان خان کو دوبارہ جان لیوا دھمکی موصول، مارنے کا طریقہ بھی بتادیا

گزشتہ 2 سالوں میں سلمان خان کو پانچویں بار ایسی دھمکی موصول ہوئی ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

14 اپریل کی صبح ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر ایک نامعلوم شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا، جس میں کہا گیا کہ وہ سلمان خان کے گھر میں گھس کر انہیں قتل کر دے گا اور ان کی گاڑی کو بم سے اڑا دے گا۔

ممبئی پولیس نے فوری طور پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور دھمکی کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

سلمان خان، جو باندرہ کے گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، انہیں گزشتہ 2 سالوں میں پانچویں بار ایسی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

گزشتہ سال ان کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ دھمکی کے بعد سلمان خان کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ان کی سیکیورٹی ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

اس دوران اداکار کو بھی محتاط رہنے اور غیر ضروری عوامی تقریبات سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ دھمکیاں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دی جا رہی ہیں، جو سلمان خان کے خلاف پرانے ہرن شکار کیس کی وجہ سے ناراض ہیں۔

بشنوئی کمیونٹی کے لیے ہرن مقدس سمجھے جاتے ہیں، اور لارنس بشنوئی کا مطالبہ ہے کہ سلمان خان راجستھان جا کر ہرن کے شکار پر معافی مانگیں، ورنہ انہیں قتل کر دیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق سلمان خان کو ملنے والی پچھلی دھمکیوں کو مدِنظر ہوئے، کسی بھی خطرے کو سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔

اداکار کی سیکیورٹی کے حوالے سے ممبئی پولیس کی جانب سے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

سلمان خان حال ہی میں اے آر مروگادوس کی فلم 'سکندر' میں نظر آئے تھے، جو عید کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، فلم نے عالمی سطح پر 200 کروڑ روپے سے زیادہ کمائے ہیں، لیکن اب اس کی کمائی میں کمی آ رہی ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ فلم زیادہ سے زیادہ 250 کروڑ روپے کا بزنس کرسکے گی، جو سلمان خان اور انکے مداحوں کے لیے مایوس کن ہوگا۔

سلمان خان اور بشنوئی گینگ کے درمیان تنازع کیا ہے؟

سلمان خان کے ساتھ بشنوئی گینگ کے تنازع کا سرا 1998 کے ایک واقعے سے ملتا ہے جن بھارتی ریاست راجھستان میں فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے دوران سلمان نے مبینہ طور پر دو کالے ہرن شکار کر کے ہلاک کر دیے تھے۔

کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو ٹرائل کورٹ نے 2018 میں سزا سنائی تھی، جس کے بعد لارنس بشنوئی نے سلمان خان سے بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

بعدازاں سلمان خان نے سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی اور یہ کیس فی الحال راجستھان ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔

سال 2023ء میں ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے لارنس بشنوئی نے کہا تھا کہ سلمان نے کالے ہرن کو مار کر بشنوئی برادری کی بے عزتی کی، اس کے بعد سے سلمان خان جان لیوا دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

سلمان خان سے متعلق خوفناک پیشگوئیاں

دریں اثنا بھارتی نجومیوں کی جانب سے سلمان خان سے متعلق خوفناک پیشگوئیاں سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

معروف نجومی گیتانجلی سکسینا نے حال ہی میں دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سال 2024 پیشہ ورانہ اعتبار سے سلمان خان کے لیے سازگار نہیں ہے، انہوں نے سلمان خان کو مشورہ دیا کہ وہ رواں سال کے بقیہ ماہ کسی بھی نئی فلم کی ریلیز سے گریز کریں۔

انہوں نے بتایا کہ 'رواں برس سلمان خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن سلمان خان کو رواں سال ستمبر اکتوبر کے آس پاس ہوشیار رہنا پڑے گا، جو اُنکے آس پاس کے لوگ ہیں جیسے سیکورٹی یا نوکر، وہی کوئی چِیز لیک کریں گے بشنوئی گینگ کو'۔

گیتانجلی سکسینا کا مزید کہنا تھا کہ 'لیکن انہیں کچھ نہیں ہونا والا ہے، یہ سال کچھ نہیں ہوگا، انکا مسئلہ اگلے سال (2026 میں) آسکتا ہے، کہ کوئی حادثہ یا ایسی صورت حال، جہاں انکی زندگی کو خطرہ ہے'۔

سلمان کیلئے سال 2026 کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے گیتانجلی سکسینا نے کہا کہ 'انہیں اگلے سال اپریل کے بعد، پورا سال بہت زیادہ محتاط رہنا ہوگا، جو انہیں باہر جانا ہے، کام کرنا ہے، انہیں مارچ تک کام کرنا چاہیے، اور پھر مارچ سے اگلے سال تک بریک لینا چاہیے، انہیں کسی حادثے یا سرجری سے گزرنا پڑ سکتا ہے لیکن، اگر ہوگا بھی کچھ، تو سلمان خان اس صورتحال سے بھی بحفاظت بچ نکلنے میں کامیاب ہوجائیں گے'۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سدھارتھ کنن کو دیےگئے ایک انٹرویو میں گفتگو کے دوران ماہر نجوم سشیل کمار نے بھی سلمان خان اور شاہ رخ خان کی ایک ساتھ کی موت کی پیشگوئی کی تھی۔

سشیل کمار نے کہا تھا کہ شاہ رخ خان کا وقت تو ٹھیک چل رہا ہے، سلمان خان کے لیے یہ وقت لگاتار خراب ہے، 2025، 2026، 2027، سب خراب چل رہا ہے، دونوں میں ایک مماثلت ہے، سلمان خان کو جلد ایک بہت بڑی بیماری تشخیص ہونے والی ہے، جس کا نام نہیں لیا جاتا، سلمان خان اور شاہ رخ خان کا ایک ہی سال میں انتقال ہوگا، 67 سال کی عمر میں دونوں دھرتی چھوڑ دیں گے'۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ سلمان خان کی کنڈلی میں پہلے ہی لکھا ہوا ہے کہ انہیں ایک بیماری کی تشخیص ہونے والی ہے، اور مستقبل میں ان کی صحت خراب ہوتی چلی جائے گی، اُن کی بیماری بالکل بھی قابل علاج نہیں ہے اور ان کا انجام بہت برا ہوگا۔