وائرل اسٹوریز

'گووندا کہاں ہیں؟' صحافی کے سوال پر سُنیتا کا معنیٰ خیز ردعمل

گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کا صحافیوں کے سوال پر ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا

Web Desk

'گووندا کہاں ہیں؟' صحافی کے سوال پر سُنیتا کا معنیٰ خیز ردعمل

گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کا صحافیوں کے سوال پر ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا

(فائل فوٹو/اسکرین گریب)
(فائل فوٹو/اسکرین گریب)

ممبئی میں ایک فیشن شو کے دوران بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کا صحافیوں کے سوال پر ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

اتوار کو منعقدہ اس ایونٹ میں سنیتا اپنی بیٹی ٹینا آہوجا کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھیں، جو ایک ڈیزائنر کے لیے ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔

سنیتا اپنے بیٹے ہرش وردھن آہوجا کے ساتھ میڈیا کے لیے پوز دے رہی تھیں کہ فوٹوگرافرز نے ان سے گووندا کی غیر موجودگی کے بارے میں سوال کیا۔

اس پر سنیتا نے 'زپ اِٹ' (یعنی ہونٹ سی لینے) کا اشارہ کیا اور اسٹیج سے اتر گئیں، جب فوٹوگرافر نے دوبارہ سوال کیا تو انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ 'ایڈریس دے دوں کیا؟'

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق کی افواہیں گردش میں تھیں۔

کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں کچھ عرصے سے علیحدہ رہ رہے ہیں اور سنیتا نے طلاق کیلئے عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے، تاہم بعد میں سنیتا نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور گووندا کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور وہ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

گووندا کے وکیل للت بندل نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سنیتا نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی لیکن اب جوڑا دوبارہ اکٹھا ہوگیا ہے۔

سنیتا آہوجا کا یہ تازہ ردعمل ان افواہوں کے تناظر میں آیا ہے، جس میں ان کے اور گووندا کے درمیان تعلقات بگڑنے کے بارے میں ایک بار پھر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے 'زپ اِٹ' کا اشارہ اور طنزیہ جواب دیکر واضح کردیا کہ وہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں میڈیا کی مداخلت کو پسند نہیں کرتیں، تاہم یہ جواب اس بات کا بھی عندیہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان 'سب ٹھیک' نہیں چل رہا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی سُنیتا نے اپنے رشتے پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'مثبت ہے یا منفی ہے، مجھے پتا ہے مثبت ہے، میں سوچتی ہوں کہ کتے ہیں لوگ، بھونکیں گے'۔

سنیتا نے افواہوں کے باوجود اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ اپنی محبت کے لیے تعریف کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب تک آپ میرے یا گووندا کے منہ سے کچھ نہ سن لو تو آپ یہ مت سوچو کہ کیا ہے اور کیا نہیں ہے'۔

کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں سنیتا نے انکشاف کیا تھا کہ دونوں میاں بیوی الگ الگ رہتے ہیں، سنیتا اپنے بچوں کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ میں رہتی ہیں، جبکہ گووندا سڑک کے پار ایک بنگلے میں رہتے ہیں جس کی وجہ ان کی بہت زیادہ میل ملاقاتیں ہیں۔

اپنے تعلقات کے بارے میں سنیتا نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ پہلے وہ اپنی شادی میں خود کو محفوظ محسوس کرتی تھی لیکن اب انہیں اس یقین اور سکون کا احساس میسر نہیں ہے۔

گووندا کا بیٹا اب بالی وڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہے، وہ نیشنل ایوارڈ یافتہ فلمساز سائی راجیش کی ہدایت کاری میں بننے والے ایک رومانوی ڈرامے میں نظر آئیں گے۔

تازہ ترین