انفوٹینمنٹ

چاہت فتح علی خان کی کرکٹ پریکٹس کے چرچے

چاہت سابق کرکٹر رہ چکے ہیں

Web Desk

چاہت فتح علی خان کی کرکٹ پریکٹس کے چرچے

چاہت سابق کرکٹر رہ چکے ہیں

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستانی موسیقی کی دنیا میں اپنے منفرد انداز سے پہچانے جانے والے گلوکار اور اداکار چاہت فتح علی خان کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ کرکٹ کے میدان میں اپنی کھیل سے وابستہ مہارتوں کا مظاہرہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کو ہلکے سبز رنگ کا ریشمی لباس زیب تن کیے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ نہ صرف بولنگ بلکہ بیٹنگ کی پریکٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ 

ان کی یہ ویڈیو مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپی اور مزاحیہ تبصروں کا مرکز بن گئی ہے۔

ویڈیو میں گلوکار کے اعتماد سے بھرپور انداز اور کھیل میں دلچسپی واضح نظر آتی ہے، جبکہ ان کے مخصوص انداز نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چاہت فتح علی خان ماضی میں خود کو ایک سابق کرکٹر قرار دے چکے ہیں، جس کی جھلک ان کے حالیہ انداز میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

چاہت فتح علی خان نے ملکۂ ترنم نور جہاں کے گیت ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا اپنا بے سرا ورژن اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کیا تھا جو سوشل میڈیا پر تمسخر کا نشانہ تو بنا لیکن ہر کسی کے ذہن پر سوار ہوگیا اور بالی ووڈ سلیبرٹیز سمیت سب اسے گنگناتے نظر آئے۔

اس گانے کو یوٹیوب پر چند ہی دنوں میں شاندار کامیابی ملی اور ایک مہینے میں اس گانے کو 27 ملین سے زائد ویوز حاصل چکے تھے تاہم اسے کاپی رائٹ کیوجہ سے یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا گیا اور چاہت فتح علی خان کو 'بدو بدی 2' ریلیز کرنا پڑا۔

ایک انٹرویو میں چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ‘یوٹیوب کی جانب سے اگر ان کا گانا ‘بدوبدی‘ ڈیلیٹ نہیں کیا جاتا تو آج ان کا گانا 100 ملین کراس کرجاتا‘۔

چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ یوٹیوب ٹیم کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ‘ ان کا گانا آنجہانی گلوکارہ نور جہاں کے گانے کا چربہ ہے حالانکہ ان کا گانا میڈم کے وزژن سے قدرے مختلف ہے‘۔

چاہت فتح علی خان ایک ایسے گلوکار ہیں جنہیں انتہائی بے سُرا گلوکار قرار دیا جاچکا ہے، وہ موسیقی اور گائیکی کی الف ب بھی نہیں جانتے لیکن پھر بھی سوشل میڈیا پر اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔

چاہت فتح علی خان البتہ اپنے اس شوق کی خاطر کئی گانوں کو پھر سے شہرت بخشنے میں کامیاب رہے ہیں، انہوں نے میڈم نورجہاں کا مشہور گانا ’ بدوبدی‘ اپنے اسٹائل میں ری میک کیا تھا۔

اس گانے میں ان کے اسٹائل کو دیکھ کر لوگ محظوظ تو ہوئے لیکن گانے کو بھی خوب انجوائے کیا اور 70 کی دہائی کا یہ مشہور گانا پھر سے شہرت کے افق پر آگیا ، جب لوگوں نے اس گانے کا اصل ورژن سنا تو وہ اس کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، بلاشبہ اس کا تمام کریڈٹ چاہت فتح علی خان کو جاتا ہے جنہوں نے اس کھوئے ہوئے گانے کو پھر سے امر کردیا۔

چاہت فتح علی خان تمام تر تنقید کے باوجود ہمت ہارنے کے قائل نہیں، وہ اب بھی پرانے گانوں کو اپنے اسٹائل میں گاتے دکھائی دیتے ہیں۔

اگرچہ ان گانوں میں ان کی بھدی آواز سامعین کو بالکل پسند نہیں آتی لیکن ان کا مزاحیہ انداز خوب بھاتا ہے۔

چاہت فتح علی خان نےبالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے مشہور گانے ’چھیاں چھیاں‘ گا کر بھی سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی تھی۔

چاہت فتح علی خان نے ’چل چھیاں چھیاں‘ کی کاپی کا گانا اسی نام سے ہی جاری کیا تھا، ویڈیو میں ان کے ساتھ خاتون ماڈل بھی پرفارم کرتی دکھائی دیں جو بالکل گانے ’بدوبدی ‘ کی طرح کا تھا۔

چاہت فتح علی خان نے ’چل چھیاں چھیاں‘ کویو ٹیوب کی بجائے انسٹاگرام اور فیس بک پر جاری کیا گیا تھا۔