فلم / ٹی وی

فواد خان اور وانی کپور کی فلم 'عبیر گلال' کا پہلا گانا ریلیز

فلم 'عبیر گلال' 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے

Web Desk

فواد خان اور وانی کپور کی فلم 'عبیر گلال' کا پہلا گانا ریلیز

فلم 'عبیر گلال' 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم 'عبیر گلال' کا پہلا رومانوی گانا 'خدایا عشق' ریلیز کر دیا گیا ہے۔

یہ گانا ان دونوں فنکاروں کی اسکرین پر پہلی باقاعدہ و مشترکہ پیشکش ہے، جس میں ان کی کیمسٹری شائقین کو خوب متاثر کررہی ہے۔

'خدایا عشق' ایک مدھم اور جذبات سے بھرپور گانا ہے جو محبت اور مسرت کے احساسات کو خوبصورتی سے بیان کرتا ہے۔

گانے میں فواد خان اور وانی کپور کے کرداروں کی محبت اور خوشگوار لمحات کو خوبصورت انداز میں دکھایا گیا ہے۔

فواد خان، جو 'خوبصورت'، 'کپور اینڈ سنز' اور 'اے دل ہے مشکل' جیسی بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اس نئی آنے والی فلم میں ایک نئے انداز میں نظر آئیں گے۔

وانی کپور، جو 'بےفکرے'، 'وار' اور 'چندی گڑھ کرے عاشقی' جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں، اس فلم میں ایک جذباتی کردار ادا کر رہی ہیں۔

'عبیر گلال' کی ہدایتکاری معروف فلم ساز آرتی ایس باگڑی نے کی ہے، یہ فلم ایک بین الاقوامی پروجیکٹ ہے جس کی شوٹنگ نیویارک اور لندن میں کی گئی ہے۔

معروف بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ اور گلوکارہ شلپا راؤ کی آواز میں گائے گئے اس گانے 'خدایا عشق' کی موسیقی معروف موسیقار امیت تریویدی نے ترتیب دی ہے، اور اس کے بول دل کو چھو لینے والے ہیں۔

گانے کی ویڈیو میں فواد خان اور وانی کپور کی جذباتی اداکاری نے شائقین کو متاثر کیا ہے، اور سوشل میڈیا پر گانے کو مثبت ردعمل مل رہا ہے۔

فلم 'عبیر گلال' آئندہ ماہ 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے، اور شائقین اس فلم کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

فواد خان اور وانی کپور کی جوڑی پہلی بار اسکرین پر نظر آئے گی اور ان کی کیمسٹری نے پہلے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

'خدایا عشق' کے ریلیز کے بعد، فلم کے دیگر گانوں اور ٹریلر کی ریلیز بھی جلد ہی متوقع ہے، جو مداحوں کو فلم کی کہانی سے متعلق مزید روشناس کرائے گی۔

'عبیر گلال' ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار

دوسری جانب طویل عرصے بعد پاکستانی اداکار کے بھارتی فلم کا حصہ بننے کے سبب 'عبیر گلال' ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا بھی شکار ہوگئی ہے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب وانی کپور اور پاکستانی اداکار فواد خان کی بالی وڈ فلم 'عبیر گلال' کا ٹیزر جاری کیا گیا اور فلم سازوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔

فلم ‘عبیر گلال‘ کا ٹیزر میکرز کی جانب سے شیئر کیے جانے کے فوراً بعد راج ٹھاکرے کی قیادت والی بھارتی سیاسی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے بھارت میں فلم کی ریلیز کی مخالفت کرتے ہوئے ان افراد کو بھی دھمکیاں دیں جو فواد خان کی حمایت کر رہے ہیں۔

فلم 'عبیر گلال' کا ٹیزر جاری ہوتے ہی بھارتی سیاسی جماعت ایم این ایس کے ترجمان امیا کھوپکر نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پارٹی مہاراشٹر میں فلم کی نمائش کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ‘ہم نے کتنی ہی بار کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کی فلموں کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے مگر کچھ گلے سڑے سیب پھر بھی اُگ آتے ہیں، ایسے معاملات میں انہیں کوڑے دان میں پھینکنا ایم این ایس کے سپاہیوں کا کام ہے اور ہم ایسا کریں گے اور کرتے رہیں گے‘۔

امیا نے مزید کہا کہ ‘فلم عبیر گلال کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو لوگ پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرنا چاہتے ہیں وہ کر سکتے ہیں لیکن یاد رہے آپ ہمارے خلاف کھڑے ہیں‘۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ 2014 میں فلم خوبصورت سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر فواد کپور اینڈ سنز (2016) اور 'اے دل ہے مشکل (2016)' جیسی فلموں میں نظر آئے۔

تاہم سال 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی جوکہ 2023 میں بظاہر ختم کر دی گئی تھی لیکن بھارتی حکومتی نمائندوں کے انتہاپسندانہ ردعمل سے یہی لگتا ہے کہ یہ پابندی عملاً اب بھی برقرار ہے۔

تازہ ترین