انفوٹینمنٹ

خوشی کپور نے ریمپ پر فیشن کے جلوے بکھیر دیے

آج بھی اپنی ممی سری دیوی کے کپڑے پہنتی ہوں، خوشی کپور

Web Desk

خوشی کپور نے ریمپ پر فیشن کے جلوے بکھیر دیے

آج بھی اپنی ممی سری دیوی کے کپڑے پہنتی ہوں، خوشی کپور

اسنیپ گریب انسٹاگرام
اسنیپ گریب انسٹاگرام 

بالی وڈ کی معروف اداکارہ آنجہانی سری دیوی کی چھوٹی بیٹی، خوشی کپوربالی وڈ میں ابھی اپنے قدم جما رہی ہیں۔

 جہاں عامر خان کے صاحبزادے جنید خان کے ساتھ ان کی پہلی ریلیز ’لوویاپا‘ میں ان کے کام کو خوب سراہا گیا، وہیں سال 2025 کی دوسری فلم ’نادانیاں‘، جس میں وہ ابراہیم علی خان کے ساتھ نظر آئیں تاہم وہ مداحوں کی توقعات پر پوری نہیں اتر سکی۔

فیشن کی دنیا میں خوشی کے جلوے:

 فلمی میدان کے ساتھ ساتھ خوشی کپور نے فیشن کی دنیا میں بھی اپنی خوب پہچان بنا لی ہے، اپنے دلکش انداز، پُراثر کیٹ واک اور شاندار شخصیت کے باعث وہ لاکھوں دلوں کی دھڑکن بن چکی ہیں۔

خوشی کپور نے فیشن ویک کے گرینڈ فنالے میں ڈیزائنر جوڑی شیامل اور بھومیکا کے لیے شو اسٹاپر کے فرائض سرانجام دیے۔

اس موقع پر خوشی نے سرخ چمکدار لہنگے میں ریمپ پر قدم رکھا تو حاضرین کی نظریں ان پر جم گئیں، خوشی کا باوقار انداز اور پرکشش جلوہ ہر نگاہ کو خیرہ کر گیا۔

شو کے بعد خوشی کپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیشن کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

خوشی کپور کا فیشن آئیکون کون ؟

خوشی کپور نے کہا کہ میرے خیال میں فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا، میں آج بھی اپنی ممی کے کپڑے پہنتی ہوں اور اپنی بڑی بہن جھانوی کپور کے بھی کپڑے استعمال کرتی ہوں، میرے لیے یہ زیادہ اہم ہے کہ آپ کپڑوں کو کس انداز میں پہنتے ہیں، نا کہ کپڑے کیسے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے نزدیک اصل فیشن آئیکون کون ہے، تو خوشی نے مسکراتے ہوئے فوراً جواب دیا کہ میرے لیے ہمیشہ میری بڑی بہن جھانوی کپور ہی فیشن آئیکون ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی رائے

جہاں کچھ ناقدین نے خوشی کی سادگی کو ایک چالاکی قرار دیا، وہیں زیادہ تر مداح خوشی کی تعریف کرتے نظر آئے،ایک صارف نے لکھا کہ وہ واقعی بہت پیاری اور دلکش لگ رہی ہیں۔

ایک اور مداح نے تجویز دی کہ میرا خیال ہے کہ خوشی کو اداکاری کے بجائے ماڈلنگ کا انتخاب کرنا چاہیے، ان کی شخصیت زیادہ ماڈل جیسی ہے۔

کچھ شائقین نے خوشی کی جھانوی کپور سے موازنہ بھی کیا، اور خوشی کے ریمپ واک کو جھانوی سے بہتر قرار دیا۔

ایک تبصرے میں لکھا گیا کہ اپنی بہن کے مقابلے میں کہیں زیادہ پُروقار اور کلاسک لگ رہی ہیں، ایک اور صارف نے کہا کہ خوشی کی واک بہن کی واک سے کہیں بہتر ہے۔

واضح رہے اپنے ایک انٹرویو میں خوشی کپور کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں زمانہ طالب علمی میں بدصورتی کے طعنے ملا کرتے تھے کیونکہ ان کی ممی بہت خوبصورت تھیں ، اسکول میں ان کے فرینڈز اپنے لولیٹر مجھے اس لیے دیا کرتے تھے تاکہ میں وہ لو لیٹر اپنی دوستوں کو دے سکوں۔

خوشی کپور نے اس بات کی بھی کھل کر وضاحت کی کہ کس طرح انہوں نے کاسمیٹک سرجریز کے ذریعے خود کو بدلنے کی کوشش کی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر انسان کو یہ حق ہونا چاہیے کہ وہ اپنی خوبصورتی بڑھانے کے لئے کوئی بھی طریقہ اختیار کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب کاسمیٹک سرجریز کا رجحان عام ہو چکا ہے اور لوگوں کو اس بات پر تنقید نہیں کرنی چاہیے کہ فلاں اداکارہ کیوں کاسمیٹک سرجری کروا رہی ہے۔

خوشی کے حالیہ پروجیکٹس :

فلمی محاذ پر بات کریں تو خوشی کپور اور جنید خان کی رومانوی فلم لوویاپا چند ماہ قبل  او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوئی تھی۔

اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل نہ کر سکی لیکن ڈیجیٹل دنیا میں خوشی کی اداکاری نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔

فلم میں انہوں نے ’بانی‘ کا کردار بخوبی نبھایا، جو اب آن لائن پلیٹ فارم پر ناظرین کو خوب پسند آ رہا ہے

تازہ ترین