انفوٹینمنٹ

فواد خان اور وانی کپور کی فلم 'عبیر گلال' کو ایک اور بڑا دھچکا

فلم 'عبیر گلال' 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے۔

Web Desk

فواد خان اور وانی کپور کی فلم 'عبیر گلال' کو ایک اور بڑا دھچکا

فلم 'عبیر گلال' 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے۔

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم 'عبیر گلال' کا میوزک لانچ ایونٹ بھارت میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید مخالفت کے سبب دبئی منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 'عبیر گلال' کے میکرز نے فلم کی تشہیر کیلئے مبینہ طور پر دبئی کے 'گلوبل ولیج' میں فلم کا میوزک لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ تقریب 19 اپریل کو ہونے کا امکان ہے جس میں فواد خان اور وانی کپور سمیت فلم کی اہم اسٹار کاسٹ شرکت کرے گی، علاوہ ازیں امیت ترویدی، جنہوں نے 'عبیر گلال' کا ساؤنڈ ٹریک کمپوز کیا ہے، وہ بھی اس تقریب میں لائیو پرفارم کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 'جب سے فواد خان پراجیکٹ کا حصہ بنے ہیں، ٹیم نے بھارت میں شدید ردعمل کے خطرے کو بھانپ لیا ہے، لہٰذا پروموشنز کے لیے دبئی ایک موزوں انتخاب ہے، یہ ایک نیوٹرل لوکیشن ہے، جہاں بھارتی فلموں کی بڑی آڈیئنس موجود ہے اور فواد خان وہاں بھی بہت مقبول ہیں'۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 'میوزک اس فلم کا ایک اہم جُز ہے، اس لیے فلم میکرز ٹریلر لانچ کرنے سے قبل میوزک کی شاندار رونمائی کرنا چاہتے ہیں'۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ 'عبیر گلال' کے اس میوزک لانچ ایونٹ میں شرکت کیلئے ٹکٹ خریدنا لازمی نہیں ہوگا، اس ایونٹ میں وہ تمام لوگ شرکت کر سکیں گے جنہوں نے دبئی میں واقع گلوبل ولیج کی انٹری فیس ادا کی ہوگی، یہ ایونٹ ایک میوزکل کنسرٹ کی طرح ہوگا جہاں فلم کے کچھ گانے لائیو پرفارم کیے جائیں گے'۔

واضح رہے کہ فواد خان، جو 'خوبصورت'، 'کپور اینڈ سنز' اور 'اے دل ہے مشکل' جیسی بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اس نئی آنے والی فلم میں ایک نئے انداز میں نظر آئیں گے۔

وانی کپور، جو 'بےفکرے'، 'وار' اور 'چندی گڑھ کرے عاشقی' جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں، اس فلم میں ایک جذباتی کردار ادا کر رہی ہیں۔

'عبیر گلال' کی ہدایتکاری معروف فلم ساز آرتی ایس باگڑی نے کی ہے، یہ فلم ایک بین الاقوامی پروجیکٹ ہے جس کی شوٹنگ نیویارک اور لندن میں کی گئی ہے۔

فلم 'عبیر گلال' آئندہ ماہ 9 مئی 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے، اور شائقین اس فلم کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

فواد خان اور وانی کپور کی جوڑی پہلی بار اسکرین پر نظر آئے گی اور ان کی کیمسٹری نے پہلے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

فلم کا ٹیزر حال ہی میں جاری کیا گیا، جس کے بعد مہاراشٹرا نونرمان سینا (ایم این ایس) نے اس فلم کی بھارت میں ریلیز کی مخالفت کی ہے۔ 

ایم این ایس کے سنیما ونگ کے صدر امیہ کھوپکر نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہاراشٹرا میں اس فلم کی ریلیز کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ اس میں پاکستانی اداکار شامل ہیں۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ 'ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی فلموں کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے، اور ہم اس پر قائم ہیں'۔

شیو سینا کے رہنما سنجے نروپم نے بھی اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اور حکومت کو اس پر واضح پالیسی بنانی چاہیے۔

فواد خان کی بالی وڈ میں واپسی ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے، لیکن بھارت میں جاری سیاسی مخالفت اس فلم کی ریلیز پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ 2014 میں فلم خوبصورت سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر فواد 2016 میں ریلیز ہونے والی کپور اینڈ سنز   اور 2016 میں ریلیز ہونے والی 'اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلموں میں نظر آئے۔

تاہم سال 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی جوکہ 2023 میں بظاہر ختم کر دی گئی تھی لیکن بھارتی حکومتی نمائندوں کے انتہاپسندانہ ردعمل سے یہی لگتا ہے کہ یہ پابندی عملاً اب بھی برقرار ہے۔

تازہ ترین