انفوٹینمنٹ

فواد خان کا میوزک سے شروع ہونے والا سفر بالی وڈ تک کیسے پہنچا؟

Web Desk

فواد خان کا میوزک سے شروع ہونے والا سفر بالی وڈ تک کیسے پہنچا؟

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستانی فلم اور ڈراما ہیرو فواد خان ناصرف پاکستان بلکہ بھارتی عوام کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں اور اسکی وجہ انکے گُڈ لُکس اور بہترین اداکاری ہے جس نے سب کو اپنا فین بنا رکھا ہے۔

مشہور اداکار، گلوکار، ماڈل، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر فواد افضل خان نے شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ 

29 نومبر 1981 کو کراچی میں پیدا ہونے والے فواد خان نے 2001 میں ٹی وی سیریل ’جٹ اینڈ بانڈ‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، جبکہ فلمی دنیا میں ان کی پہلی انٹری 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’خدا کے لیے‘ سے ہوئی جس میں انہوں نے سرمد کا کردار ادا کیا۔

فواد خان کو اصل شہرت ہم ٹی وی کے مشہور ڈراموں ’ہم سفر‘ اور ’زندگی گلزار ہے‘  سے ملی جو 2011 اور 2012 میں نشر ہوئے یعنی یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ دو سال فواد خان کے کرئیر کے لیے بہت شاندار تھے۔ 

ان کی زبردست  اداکاری نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی لاکھوں مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ 

انہوں نے 2014 میں بالی وڈ میں فلم ’خوبصورت‘ کے ذریعے انٹری دی اور پھر 2016 میں ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔

تعلیم اور ابتدائی زندگی:

فواد خان نے اپنی تعلیم امریکی اسکول، لاہور گرامر اسکول، اور بعد ازاں نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز، لاہور سے سوفٹ ویئر انجینئرنگ میں مکمل کی۔ ان کے والد کا تعلق بھارت میں پٹیالہ سے اور والدہ کا تعلق لکھنؤ سے ہے جبکہ قومیت کے اعتبار سےان کا تعلق پشتون خاندان سے ہے۔

فواد خان کے والد فرماسیوٹیکل کمپنی میں کام کرتے تھے اور ان کی اس نوکری کی وجہ سے وہ اپنی فیملی کے ہمراہ مختلف ممالک میں نقل مکانی کرتے رہے اور اس سبب فواد خان مانچیسٹر، دبئی، ریاض میں بھی رہے اور 13 سال کی عمر میں واپس پاکستان آگئے۔

موسیقی کا سفر:

اداکاری کے ساتھ ساتھ فواد خان نے موسیقی کے میدان میں بھی نام کمایا۔ ان کے بینڈ 'انٹیٹی پیراڈائم' نے 2003 میں البم ’ارتقاء‘ ریلیز کی۔ بعد ازاں انہوں نے ’شور مچا‘ جیسے سنگلز کے ذریعے موسیقی کی دنیا میں الگ مقام حاصل کیا۔

اعزازات اور ایوارڈز:

فواد خان کو متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے جن میں لکس اسٹائل ایوارڈ، ہم ایوارڈ، فلم فیئر ایوارڈ، اور پاکستان میڈیا ایوارڈز شامل ہیں۔ 

انہیں 2014 میں ’ٹائمز 50 موسٹ ڈیزائرایبل مین‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا جبکہ 2015 میں ووگ بیوٹی ایوارڈز نے انہیں ’موسٹ بیوٹیفل مین‘ قرار دیا۔

ذاتی زندگی:

فواد خان نے 12 نومبر 2005 کو اپنی اسکول کی دوست صدف سے شادی کی۔ ان کے تین بچے ہیں جنکے نام آیان، الائنہ، اور بیا ہیں۔ 

وہ ناصرف ایک مثالی شوہر اور باپ ہیں بلکہ مختلف فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، جن میں شوکت خانم اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ شامل ہے۔

تنازعات:

2016 میں بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد فواد خان پر الزام لگا کہ انہوں نے بھارت کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔ تاہم انہوں نے تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے۔

2024 میں فواد خان نے ایک ویب سیریز 'برزخ' میں کام کیا جس کی کہانی میں ہم جنس پرستی کو فروغ دیا گیا اور اسی سبب پاکستانی فینز نے ناصرف ویب سیریز بلکہ انکے آئندہ تمام پراجیکٹس کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔

2025 بھی فواد خان کے لیے ایک نیا تنازع لے کر آیا ہے کیونکہ انکی سالوں بعد بالی وڈ میں واپسی ایک شدید تنازع کا شکار ہوگئی ہے جو فلم 'عبیر گلال' سے ہونی ہے۔

فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان کرتے ہوئے 9 مئی بتائی گئی ہے لیکن بھارتی انتہا پسند تنظیموں نے اس فلم کی ریلیز روکنے کیلئے کمر کس لی ہے اور اس کی وجہ فواد خان یعنی پاکستانی اداکار کا فلم میں کاسٹ کیا جانا ہے۔

فواد خان کا معاوضہ کتنا؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق 2021 تک فواد خان ایک فلم کے ایک کروڑ روپے بطور معاوضہ لے چکے ہیں جبکہ ڈراموں کی ایک قسط کا معاوضہ 3 لاکھ روپے ہے۔

دلچسپ حقائق:

فواد خان کو نوعمری میں ٹائپ 1 ذیابیطس کا پتا چلا جس کے بعد انہوں نے ٹینس اور کرکٹ سے دوری اختیار کی۔

وہ پہلے پاکستانی اداکار ہیں جو فلم فیئر میگزین کے سرورق پر دو بار نمودار ہوئے۔

فواد خان ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں، شخصیت اور کردار کے باعث ایک مثالی فنکار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

سال 2018 میں فواد خان نے اپنی فیملی کے ہمراہ حج کا فریضہ ادا کیا۔

تازہ ترین