انفوٹینمنٹ

مہیش منجریکر نے سلمان خان کی دریا دلی کا دلچسپ قصہ سُنادیا

سلمان خان نے مجھے کہا فکر مت کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا، مہیش منجریکر

Web Desk

مہیش منجریکر نے سلمان خان کی دریا دلی کا دلچسپ قصہ سُنادیا

سلمان خان نے مجھے کہا فکر مت کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا، مہیش منجریکر

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

معروف بھارتی فلم ساز اور اداکار مہیش منجریکر نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور مشکل وقت میں ان کے تعاون کے بارے میں گفتگو کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سلمان خان نے ایک ایسے وقت میں ان سے رابطہ کیا جب وہ ذاتی مسائل سے دوچار تھے، حالانکہ اس وقت تک اُن دونوں نے کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام بھی نہیں کیا تھا۔

مہیش منجریکر نے بتایا کہ 'ہم دونوں نے اُس وقت تک کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا تھا، اس دوران ایک وقت ایسا آیا جب مجھے زندگی میں کچھ سنگین مسائل درپیش ہوگئے تھے، ایک دن اچانک سلمان خان نے میرے لینڈ لائن پر کال کی اور کہا کہ 'فکر مت کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا'، اُن کا یہ کہنا بالکل ویسا ہی محسوس ہوا جیسے مراٹھی میں کہاوت ہے 'بھیو نکو' یعنی ڈر مت، میں تمہارے ساتھ ہوں، اس دن سے وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میرا خیال ہے کہ 'دبنگ' ہماری پہلی فلم تھی، اس کے بعد سے میں نے ان کی تقریباً ہر فلم میں کردار ادا کیا، پتا نہیں کیوں ہر دوسری فلم میں ہم دونوں کا ایک ساتھ کردار لوگوں کو پسند آنے لگا'۔

مہیش منجریکر نے واضح کیا کہ 'میں اُن لوگوں میں سے نہیں ہوں جو ہر وقت ان کی تعریف کرتے ہیں، میں ان کے ساتھ بہت ایماندار اور کھرا ہوں، کبھی کبھار یہ میرے لیے مسئلہ بھی بن جاتا ہے لیکن میں یہ اس لیے کرتا ہوں کیونکہ میں واقعی ان کو پسند کرتا ہوں، دوسرے لوگ ایماندار نہیں ہوتے، وہ صرف ان کے قریب رہنا چاہتے ہیں'۔

یہ انٹرویو مہیش منجریکر نے اپنی آنے والی مراٹھی فلم 'دیومانوس' کی تشہیر کے دوران دیا، جو 25 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

مہیش منجریکر کون؟

مہیش منجریکر ایک معروف بھارتی فلم ساز، اداکار، مصنف اور ہدایت کار ہیں، جنہوں نے ہندی، مراٹھی، تامل اور تیلگو زبانوں میں کام کیا ہے، وہ 16 اگست 1958 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔

اپنے کریئر کا آغاز تھیٹر سے کرنے والے مہیش منجریکر نے بعد ازاں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور بطور ہدایت کار و اداکار اپنی پہچان بنائی۔

مہیش منجریکر نے اپنی اداکاری کا آغاز 1992 کی مراٹھی فلم ’جیو سکھا‘سے کیا اور بعد میں بطور کیریکٹر ایکٹر اپنی پہچان بنائی۔

انہوں نے کئی فلموں کی ہدایتکاری بھی کی ہے، جن میں 1999 کی مشہور فلم واستو، 2005 کی ’فیملی کمز فرسٹ‘ شامل ہیں۔

مہیش منجریکر ایک ورسٹائل اداکار ہیں، انہوں نے کئی فلموں میں منفی اور جاندار کردار نبھائے، سلمان خان کی 'دبنگ'، 'سلطان' اور 'وانٹڈ' کے علاوہ 'سرکار' اور 'سلگا' جیسی فلموں میں بھی اُن کا کردار نمایاں نظر آیا۔

تازہ ترین