انفوٹینمنٹ

سونیا حسین نے اپنی فیملی پلاننگ کا راز کھول دیا

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ضرور شادی کریں گی

Web Desk

سونیا حسین نے اپنی فیملی پلاننگ کا راز کھول دیا

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ضرور شادی کریں گی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان کی دلکش اور معروف اداکارہ سونیا حسین نے شادی کے بعد 5 بچے ہونے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

اداکارہ و ماڈل سونیا حسین نے ایک انٹرویو میں اپنی نجی زندگی، ازدواجی خیالات، اور ماضی کے تلخ لمحات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے۔

 انٹرویو میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں ضرور شادی کریں گی اور ان کی خواہش ہے کہ انہیں پانچ بچوں کی نعمت حاصل ہو۔

سونیا حسین نے بتایا کہ مئی 2020 میں کراچی میں ہونے والے پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ حساس مزاج لڑکی  ہیں اور دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرتی ہیں، جس کے باعث اس سانحے نے انہیں گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔ اس حادثے کے بعد وہ کئی مہینوں تک اپنے گھر تک محدود رہیں، حالانکہ کورونا کی وبا کے دوران دیگر اہل خانہ باہر جاتے رہے، مگر وہ نفسیاتی دباؤ کے سبب گھر سے نکلنے سے گریز کرتی تھیں۔ 

ان کے بقول، اس مشکل وقت میں ان کے والدین نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور انہیں اس کیفیت سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اداکارہ نے موجودہ دور کی نوجوان نسل، خاص طور پر لڑکیوں کی سوچ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ نئی نسل کیوں مردوں کو غیر ضروری سمجھنے لگی ہے۔

ان کے مطابق اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت کو ایک دوسرے کا ساتھی بنایا ہے اور دونوں کی فطری و سماجی ذمہ داریاں ایک دوسرے سے مختلف اور لازمی ہیں۔

سونیا حسین نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انسان دوبارہ محبت کر سکتا ہے، لیکن پہلی جیسی محبت کبھی نہیں ہو سکتی۔

 انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ وقت کے ساتھ ان کی شادی سے متعلق سوچ میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ 

سونیا کے مطابق اب وہ کسی خیالی یا رومانوی نظریے کی بجائے حقیقت پسندی کو ترجیح دیتی ہیں۔  ان کی والدہ انہیں طعنے دیتی ہیں کہ وہ شادی کے حوالے سے ضرورت سے زیادہ مطالبات کرتی ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف ایسا شخص چاہتی ہیں جو مخلص، سچا اور عزت دینے والا ہو۔

اداکارہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ جلد بازی یا دباؤ میں آکر شادی نہیں کریں گی، جب تک انہیں ایک قابلِ اعتماد اور موزوں شریکِ حیات نہیں ملتا، وہ تنہا رہنے کو ترجیح دیں گی۔

انٹرویو کے اختتام پر انہوں نے مسکراتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں شادی کرنی ہے کیونکہ انہیں بچے بھی چاہییں، اور ان کی خواہش ہے کہ وہ کم از کم پانچ بچوں کی ماں بنیں۔ انہوں نے اس خواب کے لیے منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ سونیا حسین کی پہلی شادی 2012 میں ہوئی تھی، جو کچھ عرصے بعد علیحدگی پر منتج ہوئی۔

 اس کے بعد وہ متعدد ڈراموں اور فلموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں، اور پاکستان کی مایہ ناز اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔

تازہ ترین