چھوٹے کرداروں سے شہرت کی بلندی تک، پنکج ترپاٹھی کتنے امیر؟
البیلے و عاجز فنکار پنکج ترپاٹھی کتنے امیر ہیں؟

بھارت کے ورسٹائل اداکار پنکج ترپاٹھی کو کون نہیں جانتا؟ بالی وڈ انڈسٹری ہو یا او ٹی ٹی پلیٹ فارم، پنکج ترپاٹھی نے ہر جگہ اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں، ’مرزا پور‘ میں اکھند آنند ترپاٹھی سے لے کر ’کریمنل جسٹس‘ میں دل دہلا دینے والے وکیل مادھو مشرا تک پنکج ترپاٹھی کی پرفارمنس بے مثال ہے۔
پنکج ترپاٹھی اپنی محنت اور لگن سے شوبز انڈسٹری میں الگ مقام تو حاصل کرلیا لیکن شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے باوجود یہ بہترین فنکار عام زندگی میں عام انسان کی طرح رہنا پسند کرتے ہیں، ان میں غرور نام کی کوئی چیز نہیں دیکھی گئی۔ لیکن اگر پنکج ترپاٹھی کا عروج جاننا چاہتے ہیں تو ان کی دولت و جائیداد سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے تو آئیے دیکھتے ہیں کہ بھارتی شوبز انڈسٹری کے یہ البیلے و عاجز فنکار پنکج ترپاٹھی کتنے امیر ہیں؟
تاہم اس سے پہلے پنکج ترپاٹھی کے پس منظر کا تھوڑا سا ذکر ہوجائے، وہ 1976 میں پیدا ہوئے، بہار کے بیلسنڈ نامی گاؤں میں پلے بڑھے، چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ ان کے والد بنارس ترپاٹھی، ایک پنڈت اور کسان تھے، جب کہ ان کی ماں ہیمونتی ترپاٹھی ہاؤس وائف تھیں۔
اداکار کی لو اسٹوری بھی کافی دلچسپ ہے، آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ پنکج ترپاٹھی کو ایک لڑکی سے اس وقت محبت ہوئی جب وہ محض گیارویں جماعت میں پڑھتے تھے جب کہ لڑکی یعنی ان کی موجودہ اہلیہ مریدولا اُن دنوں نویں جماعت میں پڑھتی تھیں۔
مریدولا کا دل جیتنے کے بعد پنکج ترپاٹھی کو اہل خانہ کو راضی کرنے میں چند سال لگے، پھر انہوں نے 2004 میں شادی کر لی۔ جس کے بعد مریدولا ٹیچر بن گئیں جبکہ پنکج اداکاری کے میدان میں جدوجہد کرتے رہے جس میں وہ بالآخر کامیاب بھی ہوئے، لیکن اس سے پہلے مریدولا نے گھر کی ذمہ داری اٹھا رکھی تھی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنکج ترپاٹھی آج جس بھی مقام پر ہیں اس میں ان کی اہلیہ کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے۔ پنکج ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ نے 2006 میں خوبصورت بیٹی آشی کا استقبال کیا، بیٹی کی آمد کے بعد یہ خوبصورت خاندان مکمل ہوا۔
پنکج ترپاٹھی کے پاس کتنی دولت ہے؟
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ کئی آن لائن ذرائع کے مطابق، پنکج ترپاٹھی کی مجموعی مالیت تقریباً 45 کروڑ بھارت روپے ہے۔ مبینہ طور پر اداکار ایک سال میں تقریباً 6 کروڑ کماتے ہیں۔
آج کل شوبز انڈسٹری میں پنکج ترپاٹھی کی بہت مانگ ہے، فلمیں ہوں یا ویب سیریز، پروڈیوسرز ہوں یا ہدایتکار، سب کی نظریں پنکج ترپاٹھی پر جمی رہتی ہیں۔ بالخصوص مرزا پور اور سیکرڈ گیمز جیسی مقبول ترین ویب سیریز کی زبردست کامیابی کے بعد پنکج ترپاٹھی کو ہر کوئی اپنے آنے والے پروجیکٹ میں لینا چاہتا ہے۔
مرزا پور سیریز میں پنکج نے 10 کروڑ کی فیس لی تھی جبکہ سیکرڈ گیمز کے لیے 12 کروڑ تک چارج کیے تھے، دونوں کامیاب سیریز میں انہوں نے اہم ترین کردار بخوبی نبھائے تھے۔
ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنکج ترپاٹھی فی فلم تین سے چار کروڑ روپے وصول کرتے ہیں، اس کے علاوہ بڑے بڑے برانڈز بھی اپنے اشتہارات کیلئے اداکار کو سائن کرنے کیلئے لائن میں کھڑے رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پنکج ترپاٹھی کی مجموعی مالیت میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اکنامک ٹائمز نے یہاں تک رپورٹ کیا کہ اداکار نے سال 2022 میں ایک ایگریٹیک اسٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کی تھی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ بزنس مائنڈ بھی رکھتے ہیں۔
اداکار کے کتنے گھر ہیں؟
پنکج ترپاٹھی کے عالیشان گھروں کی قیمت کا ان کی مالیت میں بڑا حصہ ہے۔ پنکج ترپاٹھی کے دو خوبصورت گھر ہیں جن میں سے ایک تاریخی گھر ریاست بہار میں ان کے آبائی گاؤں میں واقع ہے جس کے ذریعے وہ اپنی خاندانی جڑوں سے جڑ کر رہنا چاہتے ہیں، اس گھر کی مالیت مبینہ طور پر 16 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ ممبئی میں بھی پنکج نے ’روپ کتھا‘ کے نام سے ایک خوبصورت گھر بنایا ہے۔
لگژری گاڑیاں
عالیشان گھروں کے علاوہ پنکج ترپاٹھی کی مجموعی مالیت میں شاندار کار کلیکشن بھی شامل ہے، اداکار کے پاس مرسڈیز بینز E200، ٹویوٹا فارچونر اور مرسڈیز ML 500 جیسی لگژری گاڑیاں ہیں۔
-
انفوٹینمنٹ 18 منٹ پہلے
ہانیہ سے مل کر کومل میر کس احساسِ کمتری کا شکار ہوئیں؟
-
انفوٹینمنٹ 42 منٹ پہلے
'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ
-
وائرل اسٹوریز 2 گھنٹے پہلے
کوہلی اور انوشکا کے دبئی میں رقص کی ویڈیو نے دھوم مچادی
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
کومل میر نے وزن میں اضافے کی وجہ بتادی