انفوٹینمنٹ

'عبیر گلال' کیلئے فواد خان نے کتنا معاوضہ لیا؟

اداکار نے اپنی مقبولیت کے پیشِ نظر اپنے معاوضے میں خاصہ اضافہ کردیا ہے۔

Web Desk

'عبیر گلال' کیلئے فواد خان نے کتنا معاوضہ لیا؟

اداکار نے اپنی مقبولیت کے پیشِ نظر اپنے معاوضے میں خاصہ اضافہ کردیا ہے۔

فلم ’عبیر گُلال آئندہ ماہ ریلیز ہو گی۔
فلم ’عبیر گُلال' آئندہ ماہ ریلیز ہو گی۔

پاکستانی اداکار فواد خان تقریباً 9 برس بعد ایک مرتبہ پھر بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ میں بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ سنیما گھروں کی بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے۔

ان کی نئی بالی وڈ فلم کا پہلا ٹیزر رواں ماہ کے اوائل میں جاری کیا گیا تھا، اداکارہ وانی کپور اور فواد خان کے اکاونٹس پر نظر آنے والی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا تھا کہ فلم ’عبیر گُلال' آئندہ ماہ ریلیز ہو گی۔

فواد خان کے ساتھ اس میں فلم میں لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال اور پرمیت شیٹھی سمیت متعدد بھارتی اداکار کام کر رہے ہیں۔

بلاک بسٹر فلم 'جوان' میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ ردھی ڈوگرا بھی فواد خان کی فلم عبیر گلال کا حصہ ہیں۔

لیکن ماضی کی طرح ایک بار پھر ان کی نئی فلم کا ٹریلیر ریلیز ہوتے ہی جہاں بھارت میں ایک مخصوص طبقے کی مخالفت دیکھنے کو ملی وہیں شائقین فلم کے بے تابی سے منتظر نظر آرہے ہیں

'عبیر گلال' کے ساتھ بھارت کی فلمی دنیا میں فواد کی واپسی، خاص طور پر فلم کے پہلے رومانوی ٹریک 'خدایا عشق' کی حالیہ ریلیز نے خاصی رونق لگادی ہے۔

یہ گانا مشہور پلے بیک فنکاروں اریجیت سنگھ اور شلپا راؤ نے گایا ہے، جسے سرحد پار شائقین کی جانب سے پُرتپاک پذیرائی حاصل کی ہے۔

مردانہ وجاہت سے سب کے دل جیتنے والے فواد خان نے 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا جس میں ان کے ساتھ سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ بھی فواد 2 بھارتی فلموں 'کپور اینڈ سنز' اور 'اے دل ہے مشکل میں' کام کر چکے ہیں البتہ انہیں ماضی میں بھی بھارت میں دائیں بازو کے گروہوں کی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنہ 2016 میں بھی فواد خان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' کی ریلیز سے قبل ایم این ایس کی جانب سے پاکستانی اداکار کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دیے گئے تھے جس کے بعد فواد خان پاکستان واپس آ گئے تھے۔

فواد، جو آخری بار 2016 کی کامیاب فلم کپور اینڈ سنز میں نظر آئے تھے، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کے درمیان ہندوستانی فلم انڈسٹری سے غائب تھے۔

اگرچہ فلم کے حوالے سے خدشات بڑھتے جارہے ہیں تاہم اس سے متعلق خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک اب فواد خان کے معاوضے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فواد خان پاکستانی ڈراموں میں فی قسط اپنا معاوضہ 15 سے 20 لاکھ روپے تک وصول کرتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماضی میں فواد خان نے بولی وڈ فلموں میں قدرے کم معاوضہ وصول کیا لیکن اب انہوں نے اپنی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے معاوضے میں خاطر خواہ اضافہ کردیا ہے۔

بھارتی شوبز انڈسٹری کے اندرونی ذرائع کے مطابق فواد خان مبینہ طور پر ہائی بجٹ پروڈکشن 'عبیر گلال' میں اپنے کردار کے لیے 5 سے 10 کروڑ روپے کما رہے ہیں یعنی پاکستانی اداکار کا معاوضہ 5 کروڑ سے زائد ہی ہوگا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عام طور پر فواد خان فلم کا معاوضہ 2 کروڑ روپے تک وصول کرتے تھے لیکن انہوں نے ’عبیر گلال‘ کے لیے اپنا معاوضہ 3 گنا بڑھادیا ہے۔

ان کی ساتھی اداکارہ، وانی کپور، جو ہیروئن کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، انہیں مبینہ طور پر اس فلم کے لیے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔

فواد خان سمیت وانی کپور کے معاوضے سے متعلق فلم کی ٹیم کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دونوں اداکاروں نے اس حوالے سے کوئی بیان دیا ہے۔

عبیر گلال کی ہدایت کاری آرتی ایس باگڑی نے کی ہے اور اس کی شوٹنگ لندن کے دلکش پس منظر میں کی گئی ہے،یہ فلم 9 مئی 2025 کو تھیٹر میں ریلیز ہونے والی ہے۔

فواد خان کی اسٹار پاور اور فلم کی سرحد پار اپیل کے ساتھ، عبیر گلال کو پہلے ہی سال کی سب سے زیادہ متوقع جنوبی ایشیائی ریلیز کے طور پر بتایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین