سوشل میڈیا تنازع کے بعد اپوروا مکھیجا نے ممبئی فلیٹ چھوڑ دیا
کیا وہ ممبئی کو مکمل طور پر خیرآباد کہہ رہی ہیں؟

معروف بھارتی انسٹاگرام انفلوئنسر اپوروا مکھیجا نے ممکنہ طور پر ممبئی میں واقع اپنا فلیٹ خالی کر دیا ہے، اپوروا سوشل میڈیا پر ‘ریبل کڈ‘ کے نام سے پہچانی جاتی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک حالیہ ویڈیو میں انہیں اپنے فلیٹ کی لائٹس بند کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ،‘ایک دور کا اختتام‘۔
اگرچہ اپوروا نے اس معاملے پر کوئی براہ راست وضاحت نہیں دی، تاہم ان کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ یوٹیوب شو ‘انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کے ایک متنازع ایپیسوڈ میں شرکت کے بعد سے شدید آن لائن تنقید کی زد میں تھیں۔
ویڈیو میں اپوروا سفید لباس میں اپنے خالی اپارٹمنٹ کی دیوار کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ اردگرد کارڈ بورڈ کے ڈبے، بوتلیں اور صفائی کا سامان موجود ہے۔
مدھم روشنی اس منظر کو سنجیدہ اور جذباتی بنا دیتی ہے، یہ واضح نہیں کہ وہ محض رہائش تبدیل کر رہی ہیں یا ممبئی کو مکمل طور پر خیر باد کہہ چکی ہیں۔
صرف چند ماہ قبل اپوروا نے یوٹیوب پر اپنے نئے فلیٹ کا ایک ولاگ شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے ممبئی میں نئے آغاز اور دوستوں کے ساتھ رہائش کے تجربے کو اجاگر کیا تھا۔
’لیٹنٹ‘ تنازع ، آغازِ مشکلات
ان کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوا جب جنوری 2025 میں اپلوڈ ہونے والے ایک یوٹیوب شو ‘انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ میں اپوروا مکھیجا نے بطور مزاحیہ فنکار شرکت کی۔
شو کے ایک حصے میں یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کی جانب سے والدین اور جنسی موضوعات پر نامناسب گفتگو کی گئی، جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، اگرچہ تنقید کا بڑا ہدف رنویر تھے، لیکن اپوروا کی موجودگی اور کلپ بھی سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کا باعث بنے۔
بعد ازاں شو کے خالق اور کامیڈین سمے رائنا نے اس کی تمام اقساط ہٹا دیں، تاہم اس کے بعد سے سمے، رنویر، اپوروا اور دیگر شرکا کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں۔
آن لائن نفرت، ہراسانی اور ذاتی حملے
تنازع کے بعد اپوروا نے سوشل میڈیا سے وقتی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اپنی تمام انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی تھیں۔
بعد ازاں انہوں نے ایک جذباتی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ انہیں ریپ اور تیزاب گردی جیسی سنگین دھمکیاں دی گئیں۔
ان کے بقول، ان کا پتا آن لائن لیک ہونے کے بعد ان کے مینیجر نے انہیں گھر واپس جانے سے روکا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس کو بیان دینے کے دوران میڈیا نے جس طرح سے ان کا پیچھا کیا، وہ ایک ‘غیر انسانی تجربہ‘ تھا، سوشل میڈیا پر ان کی والدہ تک کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے اکاؤنٹس پر نازیبا تبصرے کیے گئے۔
اپوروا نے کہا کہ ‘میں نے شاید غلطی کی، لیکن میرے والدین اس نفرت کے مستحق نہیں تھے‘۔
ساتھ ہی انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اس ویڈیو سے ہونے والی آمدنی وہ ایک این جی او کو عطیہ کریں گی جو تیزاب گردی، جنسی تشدد اور گھریلو زیادتی کا شکار خواتین کی بحالی میں کام کرتی ہے۔
نیا آغاز یا تلخ انجام؟
اپوروا مکھیجا کا فلیٹ چھوڑنا محض رہائش کی تبدیلی نہیں لگتا، بلکہ شاید ان کی زندگی کے ایک دردناک باب کا اختتام ہو۔
ان کے مداح اب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ وہ آنے والے دنوں میں کہاں اور کیسے اپنی نئی شروعات کریں گی۔
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 9 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 9 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا