کہیں صحرا تو کہیں اونچی چٹانیں، کیپسول ہوٹل کا آغاز کیسے ہوا؟
سحر انگیز قدرتی نظارے پیش کرتے انوکھے کیپسول ہوٹل

جدید دور میں مسافروں کے لیے سستی اور آرام دہ رہائش کی تلاش ایک مسلسل چیلنج بن چکی ہے۔ ہوٹلوں کے بڑھتے ہوئے نرخوں اور جگہ کی کمی کے پیش نظر، دنیا بھر میں کیپسول ہوٹلوں کا رجحان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ منفرد ہوٹل مسافروں کو نہ صرف بجٹ میں رہائش فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کے قیام کو یادگار بھی بناتے ہیں۔
کیپسول ہوٹل کی تاریخ 1979 ء میں اوساکا، جاپان سے شروع ہوتی ہے، جہاں یہ بنیادی طور پر کاروباری افراد کے لیے بنائے گئے تھے تاکہ وہ دیر رات کام کے بعد آرام کرسکیں۔ وقت کے ساتھ یہ تصور سیاحوں میں بھی مقبول ہوگیا اور اب دنیا کے مختلف حصوں میں یہ منفرد انداز میں ڈھل چکا ہے۔ آئیے دنیا کے 8 سب سے منفرد کیپسول ہوٹلوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
نائن آورز، جاپان
جاپان میں 13 ہوٹلوں پر مشتمل ’نائن آورز‘ اپنے سادہ اور جدید طرز کے لیے مشہور ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، یہ کیپسول ہوٹل اس تصور پر مبنی ہے کہ آپ کو ہوٹل میں صرف 9 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ ایک گھنٹہ نہانے کے لیے، 7گھنٹے نیند کے لیے اور ایک گھنٹہ صبح تیار ہونے کے لیے۔ ہر کیپسول میں فون چارج کرنے کے لیے یو ایس بی پورٹ، دو چھوٹی شیلفیں اور ایک لائٹ سوئچ موجود ہوتا ہے۔ مشترکہ جگہ میں بنچ، انفرادی ورک ڈیسک اور ایک لمبی مشترکہ میز شامل ہے۔ ہوٹل میں پورے فلور پر باتھ رومز موجود ہیں جن میں قطار میں بنے ٹوائلٹ اور شاور اسٹالز شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ہوٹل مہمانوں کی نیند کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دیتا ہے۔ یہ انفرا ریڈ کیمروں، مائیکرو فونز اور موشن سینسرز کے ذریعے مہمانوں کی نیند کا ڈیٹا جمع کرتا ہے۔ یہاں مہمانوں کی سانسیں، دل کی دھڑکن اور نیند کے انداز کا تجزیہ کیا جاتا ہے تاکہ ان کی نیند کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ اگر آپ کسی سائنسی تجربے کا حصہ بننے کے خواہاں ہیں تو یہ ہوٹل ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ ہر پوڈ کا کرایہ فی رات 3800 سے 30 ہزار ین (تقریباً 26 ڈالرز سے 203ڈالرز) کے درمیان ہوتی ہے۔
اسکائی لاج ایڈونچر سوئٹس، پیرو
پیرو کے سیکرڈ ویلی میں واقع اسکائی لاج ایڈونچر سوئٹس عام ہوٹلوں سے بالکل مختلف ہے۔ یہ ہوٹل ایک پہاڑی چٹان پر 1,312 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ یہاں آپ کو چٹانوں سے معلق شفاف پوڈز میں سونے کا موقع ملے گا۔ ان پوڈز تک پہنچنے کے لیے سیدھی چٹان پر چڑھنا پڑتا ہے جبکہ واپسی کے لیے زپ لائنز موجود ہیں۔ رات کے وقت ستاروں سے سجے آسمان کا نظارہ کسی جادوئی خواب سے کم نہیں ہوتا۔ ہوٹل کُسکو اور ماچو پِچو کے درمیان واقع ہے، یہ ہوٹل ایک پُرسکون مقام پر واقع ہے زیادہ تر لوگ یہاں ایک رات قیام کرتے ہیں اور ناشتہ کرنے کے بعد کُسکو واپس چلے جاتے ہیں یا ماچو پِچو کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں۔ ہوٹل مہمانوں کو ہلکا سامان ساتھ لانے کی تجویز دیتا ہے، کیونکہ انہیں اپنا بیگ خود اپنے کمروں تک لے جانا پڑتا ہے۔ تاہم ہوٹل کی جانب سے اُروبامبا میں ایک اسٹوریج کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ آرام دہ لباس پہننا ضروری ہے، جیسے لمبی پینٹ، ہائیکنگ جوتے، گرم کپڑے اور جیکٹ۔ ہوٹل میں کمرا بُک کروانے کے لیے کم از کم15 سال کی عمر ہونا ضروری ہے۔ مہمانوں کو اپنے کمرے تک چڑھنے سے پہلے حفاظتی ہدایات دی جاتی ہیں۔
تقریباً 1300 فٹ کی بلندی پر چڑھنے کے بعد مہمانوں کو24 بائی 8 فٹ کا ایک کیپسول کمرا ملتا ہے۔ یہ کمرے آرام دہ ہیں جن میں چار بستر، تکیے، کمبل، ایک کھانے کی جگہ اور ایک نجی ماحولیاتی باتھ روم شامل ہوتا ہے۔ ہوٹل میں شاور کی سہولت موجود نہیں، لیکن کھلی فضا میں ایک گرم پانی کا ٹب دستیاب ہے۔ توانائی کے لیے شمسی پینلز استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ کمروں میں لیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
اسٹار لاج ایڈونچر سوئٹس میں کرایہ فی کس لیا جاتا ہے، نہ کہ فی کیپسول۔ سنگل قیام کی قیمت436.17 ڈالرز ہے۔ اگر زپ لائن یا وایا فیراتا چڑھائی شامل ہو تو قیمت484 ڈالرز ہوگی۔ ایک رات کے قیام کے ساتھ دونوں سرگرمیوں (زپ لائن اور وایا فیراتا چڑھائی) کا پیکج 509.31 ڈالرز میں دستیاب ہے۔
توبو ہوٹل، کولمبیا
کولمبیا کے تاٹاکوا صحرا میں واقع توبو ہوٹل اپنے 37 منفرد کمروں کی وجہ سے مشہور ہے، جو بڑے کنکریٹ کے پائپوں سے بنائے گئے ہیں۔ یہ ہوٹل نہ صرف سستا ہے بلکہ اس میں ایک سوئمنگ پول، باغ، بار اور ریستوران بھی موجود ہے، جہاں مہمان صحرا کے حسن کو قریب سے محسوس کرسکتے ہیں۔
فری اسپرٹ اسفیئرز، کینیڈا
کینیڈا میں فری اسپرٹ اسفیئرز ایک ایسا منفرد کیپسول ہوٹل ہے جو قدیم درختوں کے درمیان معلق لکڑی کے گولے نما پوڈز پر مشتمل ہے۔ ہر پوڈ میں ہاتھ سے بنائے گئے لکڑی کے فرنیچر اور کھڑکیوں سے باہر نظر آنے والے جنگلاتی مناظر قیام کو مزید یادگار بنا دیتے ہیں۔ فری اسپرٹ اسفیئرز، برٹش کولمبیا کے ساحلی جنگلات میں معلق منفرد، دستکاری سے تیارکردہ ٹری ہاؤسز ہیں جو ایک دلکش اور ماحول دوست قیام کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ گولائی میں بنے ہوئے اسٹرکچر درختوں کے درمیان واقع ہیں جو فطرت سے جڑنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک پُرسکون اور پائیدار قیام کا موقع دیتے ہیں۔ یہاں تین مختلف اسفیئرز دستیاب ہیں، اور ہر ایک کا اپنا منفرد نام اور تھیم ہے۔ ایک اسفیئر میں دو افراد کے لیے ایک آرام دہ ڈبل بیڈ موجود ہے جبکہ ایک چھوٹے لاج میں تیسرا فرد بھی قیام کر سکتا ہے۔ اس میں ایک چھوٹا فریج، سنک اور چائے یا کافی بنانے کا انتظام بھی شامل ہے۔ سوئٹ میں قیام کی قیمت355 ڈالرز سے 395 ڈالرز فی رات تک ہیں۔
کِن کیپسول، سنگاپور
سنگاپور میں واقع کِن کیپسول ایک جدید اور آرام دہ کیپسول ہوٹل ہے جہاں ’’سوفٹ مینیمالسٹ‘‘ طرز اپنایا گیا ہے۔ اس ہوٹل کے کمروں میں ہلکی آڑو رنگت کی دیواریں اور نورڈک جنگلات کی مہک بکھیرنے والی خوشبو مہمانوں کو سکون فراہم کرتی ہے۔ یہ ہوٹل ان مسافروں کے لیے مثالی ہے جو پُرسکون اور خوشگوار ماحول میں قیام کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ کو صرف چند گھنٹوں کے لیے ایک بستر اور بنیادی سہولتیں درکار ہیں تو کِن کیپسول ہوٹل میں بکنگ کروائیں، جہاں قیمت محض7 ڈالرز فی گھنٹہ سے شروع ہوتی ہے۔ یہاں آپ کو ایک نجی کیپسول میں قیام کا موقع ملے گا جس میں آرام دہ گدّا اور بلیک آؤٹ بلائنڈز لگے ہوتے ہیں تاکہ روشنی مکمل طور پر بند کی جا سکے اور آپ دن کے وقت بھی پُرسکون نیند لے سکیں۔
اٹیلیئر تاؤ پلس سی، چین
چین کے مشرقی صوبے زی جیانگ میں ایک منفرد بک اسٹور کیپسول ہوٹل موجود ہے جہاں کتابوں کے درمیان سونے کا تجربہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اٹیلیئر تاؤ پلس سی نے ٹونگلو، چین کے گاؤں چِنگ لونگ وو میں مسافروں اور کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ایک منفرد کیپسول ہوسٹل اور بک اسٹور ڈیزائن کیا۔ یہاں20 کیپسول کمروں کے درمیان کتابوں کی الماریاں موجود ہیں جو خاص طور پر کتابوں کے شوقین افراد کے لیے ایک خوابناک ماحول فراہم کرتی ہیں۔ یہ کیپسول ہوٹل اور بک اسٹور گھنے جنگلات میں واقع ہے۔ یہ ایک پرانا مکان تھا جو لکڑی کے ڈھانچے اور مٹی کی دیواروں پر مشتمل تھا، جس کا رقبہ 232 مربع میٹر اور اونچائی7.2 میٹر تھی۔ اٹیلیئر تاؤ پلس سی نے اس پرانی عمارت کو ازسرنو ڈیزائن اور بحال کرتے ہوئے اسے ایک کیپسول ہوٹل میں تبدیل کیا، جو20 افراد کو رہائش فراہم کرسکتا ہے، ساتھ ہی ایک کمیونٹی بک اسٹور اور لائبریری بھی شامل کی گئی۔
ڈی بیڈستی ہوٹل، ایمسٹرڈیم
ایمسٹرڈیم میں واقع ڈی بیڈستی ہوٹل اپنی منفرد طرز کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں مہمان 17ویں صدی کے روایتی ڈچ ’’بکس بیڈ‘‘ میں سوتے ہیں جو لکڑی کے پردوں اور سیڑھیوں کے ساتھ ایک روایتی مگر جدید تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
ریسول پوشٹل، ٹوکیو
ٹوکیو میں ریسول پوشٹل ایک آرام دہ اور جدید کیپسول ہوٹل ہے، جو روایتی جاپانی طرزِ تعمیر اور جدید سہولتوں کا امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہاں مہمان ایک منفرد کیپسول میں قیام کا لطف اٹھا سکتے ہیں، جس کی دیواروں اور چھت پر روایتی جاپانی آرٹ سجا ہوا ہے۔ آواز کی بہتر موصلیت (ساؤنڈ انسولیشن) کے لیے، کیپسول میں دُہری تہہ والے پردے لگائے گئے ہیں۔ گروپ میں سفر کرنے والے مہمان پورا کمرا اپنے لیے مخصوص کرسکتے ہیں تاکہ ان کا قیام یادگار بن سکے۔ اس کے علاوہ ہوٹل میں ایک خوبصورت لابی بھی موجود ہے جہاں تاتامی نشستیں مہمانوں کو مکمل آرام کا موقع فراہم کرتی ہیں اور وہ یہاں بیٹھ کر دن کی مہمات کی منصوبہ بندی بھی کرسکتے ہیں۔
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 9 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 9 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 9 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا