غیر ملکی سیاح نے بھارت میں ٹرین کے سفرکاتلخ تجربہ بیان کردیا
فرانسیسی یوٹیوبر نے بھارت میں ٹرینوں کی صورتحال کی عکاسی کی
ایک فرانسیسی یوٹیوبر نے تمام بین الاقوامی مسافروں کو بھارت میں طویل فاصلے کی ٹرین کا سفر نہ کرنے کی سخت تنبیہ کی ہے۔
وکٹر بلاہو نے یہ انتباہ اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر دیا، جب انہوں نے بھارت میں 46 گھنٹے طویل ٹرین سفر کیا، جس کے بعد وہ خود کو ٹوٹا ہوا محسوس کرنے لگے۔
اپنی یوٹیوب ویڈیو میں جس میں انہوں نے ممبئی سے وارانسی، وارانسی سے آگرہ اور آگرہ سے دہلی تک کے سفر کو فلمایا۔
وکٹر بلاہو نے اس طویل سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا احوال بیان کیا، انہوں نے مختلف کلاسز میں سفر کیا۔
اس دوران انہوں سلیپر سے لے کر تھرڈ اے سی تک اور بھارتی ریلویز کے بہترین اور بدترین پہلوؤں کا مشاہدہ کیا، بدقسمتی سے ان کے مطابق خراب تجربات نے اچھے پہلوؤں کو مات دے دی۔
صفائی کا فقدان
اپنی ویڈیو میں وکٹر نے بھارت کی زندگی میں موجود افراتفری کا ذکر کیا اور بتایا کہ ٹرین کے ڈبے مسافروں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے اور بے حد شور والے تھے۔
ایک موقع پر انہوں نے ٹرین کے فرش پر چوہے کو دوڑتے دیکھا اور کچھ دیر بعد ایک لال بیگ بھی دکھائی دیا، جس سے وہ واضح طور پر پریشان ہو گئے۔
انہوں نے کیمرے پر ٹرین کے فرش پر بکھرا ہوا کچرا بھی دکھایا اور کہا کہ یہ بہت گندا ہے، اور یہاں بدبو آ رہی ہے، ایک حصے میں وہ کہتے ہیں کہ 'چوہے، کیڑے، لوگ زور سے بات کرتے ہوئے موجود ہیں اور بار بار چلتے پھرتےہیں، میں یہاں رات کو سو نہیں سکتا'۔
'میں لیٹ بھی نہیں سکتا،یہاں ایک کیڑا دیکھا، میں اپنا سر یہاں نہیں رکھ سکتا'۔
فرانسیسی یوٹیوبر کی مایوسی
وکٹر بلاہو کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بھارتی مسافر بار بار ان سے گفتگو یا تصویر لینے کے لیے آ رہے ہیں۔
ایک شخص نے تو انہیں اپنی گرل فرینڈ سے ویڈیو کال پر بات تک کروائی اور پھر بتایا کہ اس کی ایک گرل فرینڈ ممبئی میں ہے اور دوسری دہلی میں۔
یہی شخص وکٹر کے ساتھ ساتھ سیٹ پر بھی آ بیٹھا اور ان سے گفتگو کرتا رہا، حتیٰ کہ دوسرے لوگوں سے بھی ویڈیو کال پر ان کی بات کروائی۔
بعد میں وکٹر کیمرے پر خود کو فلماتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجھے بھارت میں تین ہفتے ہو چکے ہیں، اب میں گھر جانا چاہتا ہوں، مجھے سکون چاہیے، خاموشی چاہیے اور ایک صاف بستر چاہیے۔
تین دن پہلے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں وکٹر بلاہو نے لکھا کہ بھارت میں نچلے درجے کی ٹرین کلاسز میں 46 گھنٹے کا سفر،میری اہم کیفیات؟ مایوسی اور ذہنی تھکن کے قریب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے تکلیف پسند نہیں،میری غلطیوں سے سیکھیں، اگر بجٹ ہے تو سب سے اعلیٰ کلاس بُک کریں۔




