انفوٹینمنٹ

عامر خان نے ’ستارے زمین پر‘ کے کرداروں کی تفصیلات بتادیں

فلم میں 10 مرکزی کردار ہوں گے، عامر خان

Web Desk

عامر خان نے ’ستارے زمین پر‘ کے کرداروں کی تفصیلات بتادیں

فلم میں 10 مرکزی کردار ہوں گے، عامر خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وُڈ کے نامور اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر عامر خان ایک بار پھر ایک ایسے موضوع پر فلم لے کر آ رہے ہیں جو نہ صرف دل کو چھو جانے والا ہے بلکہ معاشرتی شعور اُجاگر کرنے والا بھی ہے۔

اُن کی 2007 کی شہرہ آفاق فلم 'تارے زمین پر' کا سیکوئل 'ستارے زمین پر' رواں برس ریلیز ہونے جا رہا ہے، جس کا فلمی شائقین بےصبری سے انتظار کررہے ہیں۔

سال 2007 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا، اس مرتبہ بھی فلم ’ستارے زمین پر’ میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی۔

عامر خان نے حالیہ انٹرویو میں فلم کے کرداروں سے پردہ اُٹھاتے ہوئے بتایا کہ 'ستارے زمین پر' میں 10 مرکزی کردار ہوں گے، جن میں سے کچھ ڈاؤن سنڈروم کے شکار ہیں، کچھ آٹزم میں مبتلا ہیں اور کچھ مختلف نوعیت کی ذہنی و جسمانی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تمام کردار حقیقی زندگی میں بھی خصوصی افراد (specially abled) پر مشتمل ہیں، جو اپنی اصل کیفیت کے ساتھ اِس فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

عامر خان نے مزید بتایا کہ یہ فلم ٹوٹے ہوئے خوابوں اور نہ ٹوٹنے والی اُمیدوں کی کہانی ہے۔

اُن کا ماننا ہے کہ فلم صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک سماجی پیغام پہنچانے کا مؤثر ہتھیار بھی ہے، اور وہ اسی سوچ کے تحت بار بار ایسی کہانیاں سینما کے پردے پر لاتے ہیں جو ناظرین کو نہ صرف جذباتی طور پر جھنجھوڑ دیں بلکہ سوچنے پر بھی مجبور کریں۔

بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹ کے مطابق عامر خان اور آر ایس پرسنا اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ستارے زمین پر' کو 20 جون 2025 کو سینما گھروں میں لانے کے لیے بالکل تیار ہیں۔

فلمی و سماجی حلقوں میں اس فلم کا بے حد انتظار کیا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فلم بھی باکس آفس پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

'چیمپیئن' فلم کا ہندی ری میک؟

دوسری جانب فلمی حلقوں میں یہ سوال بھی موضوع بحث بنا ہوا ہے کہ کیا عامر خان کی آنے والی فلم 'ستارے زمین پر' مشہور ہسپانوی فلم 'چیمپیئن' کا چربہ ہے یا نہیں؟

'چیمپیئن' ایک 2018 کی ہسپانوی کامیڈی ڈرامہ فلم ہے، جس کی کہانی ایک باسکٹ بال کوچ کے گرد گھومتی ہے جسے عدالت کی طرف سے بطور سزا ایک ٹیم کی کوچنگ سونپی جاتی ہے اور وہ ٹیم ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا خصوصی افراد پر مشتمل ہوتی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ وہ کوچ ان بچوں سے جُڑ جاتا ہے اور ان کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ خود بھی ایک روحانی تبدیلی سے گزرتا ہے۔

عامر خان کی فلم 'ستارے زمین پر' بھی کچھ اسی طرز پر مبنی ہے، جہاں کہانی کا مرکزی خیال خصوصی بچوں کی ٹیم اور ان کے خوابوں، چیلنجز اور کامیابیوں کے گرد گھومتا ہے، اس مماثلت کی وجہ سے فلم پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم 'چیمپیئن' کی ہندی ری میک ہے۔

تاحال عامر خان یا فلم کی ٹیم کی طرف سے واضح تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی کہ آیا یہ فلم 'چیمپیئن' کا آفیشل ری میک ہے یا اس سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

البتہ بھارتی میڈیا میں یہ رپورٹس گردش کر رہی ہیں کہ عامر خان نے 'چیمپیئن' کے ریمیک رائٹس خریدے تھے اور یہی فلم اب 'ستارے زمین پر' کے نام سے پیش کی جا رہی ہے۔