اسلام آباد پولیس کی 'شُف شُف' نے بزرگ شہری کا کمر درد بھگادیا
چھڑی کے سہارے چلنے والے بزرگ کو تیزی سے چلتے اور بھاگتے ہوئے دیکھا گیا
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو ایک بیمار بزرگ شہری کا علاج کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چھڑی کے سہارے چلتے بزرگ شہری سے اسلام آباد پولیس کا ایک اہلکار سوال کرتا ہے کہ 'بابا جی کیا تکلیف ہے؟'
بزرگ شہری نے بتایا کہ انہیں مہروں کے درد کی شکایت ہے جس کے سبب وہ سیدھا کھڑے نہیں ہو سکتے اور چل بھی نہیں سکتے۔
یہ سُن کر اسلام آباد پولیس کا اہلکار بزرگ شہری سے چھڑی لے کر کمر پر 'بسمہ اللّٰہ' پڑھتے ہوئے ہاتھ پھیرتا ہے اور ساتھ میں شُف شُف کی آواز نکالتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے بزرگ شہری کمر سیدھی کر کے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں بزرگ شہری کو بالکل سیدھا کھڑے ہوکر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بزرگ شہری کا پولیس سے کہنا ہے کہ میں اب ٹھیک ہوں، آپ نے میری زندگی بدل دی ہے، مجھے نئی زندگی مل گئی ہے۔
ویڈیو میں ضعیف شخص کو پولیس اہلکار کے کہنے پر تیز قدموں سے چلتے اور بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اپنی رائے ظاہر کر رہے ہیں جبکہ بعض صارفین نے اسے محض ڈرامہ قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'اسلام آباد پولیس کے ہاتھ میں شفا ہے، ان سے سب کا علاج کرنے کی درخواست ہے'۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ 'پاکستان بھی اسی بزرگ کی طرح چل رہا ہے' جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک فنکار ملے گا'۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے بیساکھیوں کے سہاے چلتے ایک پیشہ ور بھکاری کا کھڑے کھڑے 'علاج' کردیا تھا اور بھکاری ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ منہ سے 'شف شف' کی آوازیں نکال کر دم کرنے کا طریقہ علاج سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے نام نہاد پیر حق خطیب سے منسوب ہے، جو اکثر اپنی ویڈیوز میں 'شف شف' کی آوازیں نکال کر بیماروں کا علاج کرنے کی شعبدے بازی کرتے نظر آتے ہیں۔
حق خطیب گزشتہ کئی سالوں سے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی پھونک میں شفا ہے اور وہ جس بھی بیمار یا معذور پر پھونک مار دیتے ہیں وہ فوری طور پر تندرست ہوجاتا ہے، حق خطیب کے کئی مرید بھی ہیں جو ان کے دائیں بائیں گھومتے نظر آتے ہیں۔
معروف تحقیقاتی صحافی اور پروگرام 'سرعام' کے اینکر اقرار الحسن اپنے شو میں کئی بار 'شف شف پیر' کی نوسربازی کو بے نقاب کرچکے ہیں اور انکی نام نہاد کرامتوں کا بھانڈا بھی پھوڑ چکے ہیں۔
-
انفوٹینمنٹ 7 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 7 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 8 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا