انفوٹینمنٹ

وانی کپور بھی فواد خان پر فریفتہ، تعریف میں کیا کہا؟

Web Desk

وانی کپور بھی فواد خان پر فریفتہ، تعریف میں کیا کہا؟

وانی کپور نے فواد خان کی تعریف میں پُل باندھ
وانی کپور نے فواد خان کی تعریف میں پُل باندھ

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کے ساتھ فلم 'عبیر گلال' میں اسکرین شیئر کرنے والی بھارتی اداکارہ وانی کپور نے اداکار کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

سپر اسٹارز کی فہرست میں سب سے نمایاں مقام رکھنے والے فواد خان کی بہترین اداکاری اور خوبصورتی کا پاکستان میں ہر کوئی گرویدہ ہے۔

'ہمسفر' ، 'داستان' ، 'کچھ پیار کا پاگل پن بھی تھا' ، 'زندگی گلزار ہے' اور 'لمحہ' جیسے سپرہٹ ڈراموں سے پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو مالا مال کرنے والے فواد خان کی بھارت میں بھی شاندار فین فالوئنگ ہے۔

2014 میں فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ فلم 'خوبصورت' میں کام کیا۔ اس فلم میں فواد کی اداکاری اور خوبرو شخصیت کو اس قدر پسند کیا گیا تھا کہ لوگوں نے انہیں جلد اگلی فلم میں کام کرتے دیکھنے کی فرمائش کی تھی جس کے بعد فواد خان فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

اب فواد خان ایک دہائی کے قریب عرصے بعد بالی وڈ میں ایک بار پھر جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں۔ 

وہ جلد ہی نئی فلم 'عبیر گلال' میں اداکارہ وانی کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ یہ فلم رومانوی ڈراما ہے جسے برطانیہ میں شوٹ کیا گیا ہے۔ 

فواد خان کے مداح ان کی واپسی پر بے حد خوش ہیں اور ان کے اس نئے کردار کے شدت سے منتظر ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران جب وانی کپور سے پوچھا گیا کہ 'ان کا پسندیدہ کو اسٹار کون ہے؟' تو انہوں نے جھٹ سے 'فواد خان' کا نام لیا۔ 

وانی کپور نے کہا کہ 'فواد خان کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا، وہ ایک کریئیٹو اور تعاون کرنے والے ساتھی ہیں، اُن کا نظریہ بیت مثبت ہے اور ان کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔'

وانی نے مزید کہا کہ 'فواد خان واقعی سینما کے لیے پیدا ہوئے ہیں، وہ بے تحاشہ چارمنگ ہیں، اسکرین پر بے حد جچتے ہیں، اور انہیں مزید فلموں میں آنا چاہیے۔'

فلم 'عبیر گلال' کا ٹریلر اور دو گانے پہلے ہی ریلیز ہو چکے ہیں، جو سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہو رہے ہیں۔ 

فلم دنیا بھر میں 9 مئی 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔ فلمی حلقے اور مداح دونوں ہی فواد خان کی اس شاندار واپسی کے شدت سے منتظر ہیں۔