ایلوویرا ماسک کا استعمال، چہرے پر لائے نکھار
ایلوویرا (گھیگوار) ایک ایسا پودا ہے، جو اپنے اندر بہت سی خوبیاں رکھتاہے۔ بات چہرے کی ہو یا بالوں کی، یہ پودا ان دونوں کیلئے ہی جادوئی حیثیت رکھتاہے۔ بالوں کا روکھا پن ختم کرنا ہو، انہیں گرنے سے بچانا ہو یا ان کی نشوونما میں بہتری لانی ہو، یہ پودا ان تمام مسائل سے چھٹکارا دلوا سکتاہے۔
اگر جلد کے مسائل کی بات کریں تو دانے ہوں یا ان کے نشانات، یہ دونوں ایلوویرا فیس ماسک لگا کر دور کئے جاسکتے ہیں۔
ایلوویرا میں پولی سیکرائیڈز Polysaccharides))، لیکٹنز (Lectins) اور منانز Mannans)) موجود ہوتے ہیں، جوکہ جلِد و بالوں کی کئی بیماریوں کو دور کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایلوویرا کو کئی ادویات، شیمپو اور چہرے کے کاسمیٹکس بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، یہاں پر جلد اور بالوں میں ایلوویرا استعمال کرنے کے بارے میں تفصیل سے بتایا جا رہا ہے۔
داغ دھبے دور کرنے کیلئے: چہرے پر اگر دانے ہوں جو جاتے ہوئے نشانات چھوڑ گئے ہوں تو مندرجہ ذیل فیس ماسک آزمائیں، اس فیس ماسک کو بنانے کیلئے مندرجہ ذیل چیزوں کی ضرورت ہوگی۔
ایلوویرا کی دو شاخیں، آدھا لیموں کا رس، چھری، بلینڈر اور پیالہ۔
سب سے پہلے ایلوویرا جیل نکالنے کے شاخوں کو چھری کی مدد سے دونوں سائیڈوں سے کاٹ لیں، پھر آگے اور پیچھے کی جانب سے چھلکا اُتارکر اس کا جیل نکالیں۔
اس جیل کو بلینڈر میں ڈالیں، آدھے لیموں کو کاٹ لیں، اس کا رس بھی بلینڈر میں ڈال لیں، پھر بلینڈر کو چلائیں، جب دونوں چیزیں یکجان ہوجائیں تو اسے پیالے میں نکالیں۔
تیار مکسچر کو چہرے پر لگائیں اور آدھے گھنٹے لگائے رکھیں، اگر ہاتھوں اور پیروں پر بھی نشانات ہیں تو ان پر بھی لگائیں، اس مکسچر کو ہفتے میں تین دن لگائیں، بعد میں سادے پانی سے چہرہ دھولیں۔
باقاعدگی سے اس عمل کو دہرایا جائے تو اس سے دانوں کے نشانات ختم ہوجاتے ہیں، اسی مکسچر کو بالوں میں بھی لگایا جاسکتاہے، اس سے بال چمکدار ہوتے ہیں، ان کا روکھاپن بھی دور ہوتا ہے۔
چمکتی ہوئی جلد کیلئے: اگر خواتین چاہتی ہیں کہ ان کی جلد چمکتی رہے تو اس کیلئے بھی ایلوویرا جیل بہت کام آسکتاہے۔
چمکتی ہوئی جلد حاصل کرنے کیلئے مندرجہ ذیل فیس ماسک آزمائیں، ایلوویرا جیل میں تھوڑی سی ہلدی، ایک چائے کا چمچ شہد، ایک چائے کا چمچ دودھ اور عرق گلاب ملا کر ایک مکسچر سا بنالیں۔
اس مکسچر کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں، اس فیس ماسک کو چہرے اور گردن پر 20منٹ تک لگائے رکھیں، اس کے بعد چہرہ دھولیں۔
دھوپ سے خراب ہونے والی جلد کیلئے: وہ لڑکیاں جو دھوپ میں اسکول/کالج اور یونیورسٹی آتی جاتی ہیں، ان کی جلد دھوپ کی وجہ سے خراب ہوجاتی ہے، اپنی خراب ہوتی رنگت کو دیکھ کر وہ بہت فکر مند رہتی ہیں، ایسی لڑکیاں مندرجہ ذیل فیس ماسک لگا کر اپنی جلد کی رنگت کو بہتر بناسکتی ہیں۔
لیموں کا رس، ایلوویرا جیل اور عرق گلاب برابر مقدار میں لے لیں۔ ان کو بلینڈر میں ڈال کر مکس کرلیں۔ پھر اس ماسک کو چہرے پر 10منٹ کیلئے لگائیں۔ اس کے بعد چہرہ دھولیں، اگر ہاتھ اور پیروں کی رنگت بھی خراب ہوگئی ہو تو اس ماسک کو ہاتھوں اور پیروں پر بھی لگایا جاسکتاہے، اس سے چہرے کی رنگت بہتر ہوجائے گی۔
جلے ہوئے نشانات صاف کرنے کیلئے:کچن میں کام کرنے کے دوران چہرے پر تیل کے چھینٹے پڑجاتے ہیں، جس سے جلد جل جاتی ہے۔ ان جلے ہوئے نشانات کو ختم کرنے کیلئے بھی گھیکوار کام آسکتاہے، ایلوویرا جیل میں تھوڑا سا عرق گلاب ڈالیں اور مکسچر بنالیں۔ اس کو چہرے پر 20 منٹ لگا کر چھوڑ دیں، 2 سے 3 منٹ تک چہرے پر انگلیوں کی مدد سے مساج کریں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔ اس فیس ماسک سے رنگت کو بھی بہتر بنایا جاسکتاہے۔ جو خواتین اپنی رنگت کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہیں، وہ اس کو اگر باقاعدگی سے آزمائیں تو ان کا چہرہ صاف شفاف ہوسکتا ہے۔
چکنی جلد کیلئے: وہ خواتین جن کی جلد چکنی ہے، وہ ایلوویرا جیل کو مندرجہ ذیل طریقے سے استعمال کریں تو انہیں جلدی فائدہ ہوگا۔ ایلوویرا جیل میں ایک چائے کا چمچ شہد ڈال کر مکس کریں۔ بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں۔ 20منٹ تک لگائے رکھیں، اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
حساس جلد کیلئے: ایسی خواتین ایلوویرا جیل میں تھوڑی سے کھیرے کا رس اور دہی برابر مقدار میں ڈالیں۔ اس میں ٹی ٹری آئل کے چند قطرے شامل کریں۔ ان تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں۔ اس مکسچر کوچہرے پر لگائیں۔ 15 منٹ بعد چہرہ دھولیں۔ اس پیسٹ سے چہرے کی جلد اندر تک صاف ہوجائے گی اور حساس جلد رکھنے والی خواتین بغیر کسی کیمیکل والے ماسک/کریم کا استعمال کرکے چہرہ چمکانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔
خشک جلد کیلئے: خشک جلد رکھنے والی خواتین ایلوویرا جیل میں کوٹیج چیز (پنیر)، کھیرے کا رس، کھجور کا پیسٹ اور لیموں کا رس برابر مقدار میں ڈال کر پیسٹ سا بنالیں۔ اس پیسٹ کو30منٹ کیلئے چہرے پر لگائیں اور پھر سادے پانی سے چہرہ دھولیں۔ پیسٹ کو کسی بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ دیں۔ اس کو کئی عرصے تک باآسانی استعمال کیا جاسکتاہے۔
اسکرب: اگر چہرے کی جلد میں تازگی نہ ہو، جلد مُردہ سی لگتی ہو تو ایلوویرا کی مدد سے گھر پر ہی اسکرب تیار کرلیں۔ جو کے آٹے میں ایلوویرا جیل اور کھیرے کا رس ملائیں۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں۔ انگلیوں کو چہرے پر گولائی کے انداز میں گھمائیں۔ 10منٹ تک اسے چہرے پر لگائے رکھیں۔ پھر اس کے بعد چہرہ دھولیں۔
بالوں کی نشونما بڑھانے کیلئے: آدھا کپ ایلو ویرا جیل لے کر اس میں دو چائے کا چمچ کیسٹر آئل اور دو چائے کے چمچ میتھی دانہ پائوڈر ڈالیں۔ ان تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں۔ اس پیسٹ کو اچھی طرح بالوں کی جڑوں میں لگائیں، پھر بالوں کو لپیٹ کر اس کے اوپر شاور کیپ پہن لیں یا تھیلی چڑھادیں۔ رات بھر اسے لگا رہنے دیں۔ صبح اٹھ کر بالوں کو دھولیں۔ ہفتے میں ایک مرتبہ اسے آزمائیں، دو سے تین مہینوں میں اس کا جادوئی اثر دیکھیں۔ بال نہ صرف تیزی سے بڑھیں گے بلکہ ان سے خشکی کا بھی خاتمہ ہوگا۔





