کارتک آریان کی فلم 'چندو چیمپئن' کا اصل ہیرو کون تھا؟
آنجہانی اداکار نے فلم کے 'اسٹوری رائٹس' بھی خرید رکھے تھے
بالی ووڈ اداکار کارتک آریان نے ہدایتکار کبیر خان کی فلم 'چندو چیمپئن' میں اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں اور ناقدین کے دل جیت لیے تھے۔
لیکن کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ اس بایوگرافیکل اسپورٹس ڈرامہ فلم میں اصل میں آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے۔
سشانت اس فلم کے لیے اس قدر پرجوش تھے کہ انہوں نے ذاتی طور پر اس فلم کے حقوق حاصل کر رکھے تھے۔
سشانت کا 'چندو چیمپئن' سے گہرا تعلق
اداکار بھوون اروڑا نے حال ہی میں 'ہندی رش' کو انٹرویو دیتے ہوئے دلچسپ انکشاف کیا کہ 'میں نے فلم 'چندو چیمپئن' میں کام کیا، لیکن شروع میں سشانت یہ فلم کرنے والے تھے، فلم کے اسٹوری رائٹس بھی سشانت کے پاس تھے، میرا خیال ہے انہوں نے یہ حقوق مرلی کانت پیٹکر سے خود خریدے تھے، یہاں تک کہ مرلی کانت سر نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی تھی'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں ایک بار سشانت سے ائیرپورٹ پر ملا، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پیرا اولمپک تیراک کی زندگی پر فلم کرنے والے ہیں، ہم دونوں کو اداکاری سے بہت لگاؤ تھا، ہم اکثر ایک دوسرے سے بات چیت کرتے تھے اور اس فلم کے حوالے سے بھی ہماری گفتگو ہوئی تھی'۔
بھوون اروڑا نے جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'پھر وقت گزر گیا اور میں یہ بات بھول گیا، حال ہی میں جب 'چندو چیمپئن' ریلیز ہوئی تو میں نے مرلی کانت سر کا ایک انٹرویو دیکھا جس میں انہوں نے کہا کہ سشانت ہی یہ فلم پہلے کرنے والے تھے، مجھے اس کی تفصیلات تو نہیں معلوم، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اُس وقت میں فلم میں شامل نہیں تھا اور آج میں اس فلم کا حصہ ہوں مگر سشانت نہیں رہے'۔
سشانت سنگھ راجپوت کا اس فلم سے جذباتی تعلق اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ صرف ایک اداکار نہیں بلکہ ایک دوراندیش اداکار تھے جو ایسی کہانیوں کو بڑے پردے پر لانا چاہتے تھے جو دوسروں کے لیے تحریک بنیں۔
'چندو چیمپئن' یقینی طور پر ان کا ایک خواب تھا، جو بدقسمتی سے وہ خود مکمل نہ کر سکے، مگر ان کی یادیں اس فلم کی صورت میں زندہ ہیں۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت 14 جون 2020 کو ہوئی تھی جس کے بعد ان کی موت کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی موت ایک سنگین اور پیچیدہ معاملہ بنی رہی اور اس پر ہونے والی تحقیقات میں مختلف محکموں نے بھی حصہ لیا تھا، تاہم سی بی آئی کی حالیہ رپورٹ نے اس کیس کو بند کرتے ہوئے سشانت کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے۔
'چندو چیمپئن' کی کہانی
'چندو چیمپئن' ایک بایوگرافیکل اسپورٹس ڈرامہ فلم ہے جو بھارت کے پہلے پیرا اولمپک گولڈ میڈلسٹ مرلی کانت پیٹکر کی زندگی پر مبنی ہے، یہ فلم گزشتہ برس 14 جون کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
فلم میں کارتک آریان نے مرکزی کردار ادا کیا، کبیر خان نے فلم کی ہدایتکاری کی اور ساجد ناڈیاڈوالا نے اسے پروڈیوس کیا۔
فلم کی کہانی ایک غیر معمولی انسان کے گرد گھومتی ہے جو بے شمار مشکلات کا مقابلہ استقامت اور حوصلے سے کرتا ہے، اور آخرکار تاریخ رقم کرتا ہے۔
اس فلم نے ایک بھولے بسرے ہیرو کو پھر سے توجہ کا مرکز بنایا اور انہیں فلم کی ریلیز کے بعد پیرا-سوئمنگ کے لیے ارجنا ایوارڈ (لائف ٹائم) سے نوازا گیا۔
'چندو چیمپئن' اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'پرائم ویڈیو' پر دستیاب ہے، جہاں شائقین اس شاندار فلم سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔




