انفوٹینمنٹ

عمران خان کی 10 سال بعد فلمی میدان میں واپسی ہوگئی

اداکار نے ممبئی میں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا

Web Desk

عمران خان کی 10 سال بعد فلمی میدان میں واپسی ہوگئی

اداکار نے ممبئی میں اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے 'مسٹر پرفیکشنسٹ' اداکار عامر خان کے بھانجے و معروف اداکار عمران خان نے ایک دہائی طویل وقفے کے بعد بالآخر فلمی میدان میں واپسی کرلی۔

اُن کی کم بیک فلم کی شوٹنگ کا آغاز گزشتہ روز 19 اپریل کو ممبئی میں ہوا، یہ فلم، جس کا تاحال کوئی ٹائٹل سامنے نہیں آیا، معروف ہدایتکار دانش اسلم کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے اور اسے سینما گھروں کے بجائے نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ جرنلسٹ راہول روت نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر فلم کے کلپ بورڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'عمران خان کی فلمی دنیا میں واپسی! انہوں نے آج ممبئی میں اپنی کم بیک فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے، بھومی پدنیکر اور گرفتح پِرزادہ بھی اس رومانٹک کامیڈی ڈرامہ فلم کا حصہ ہیں، جس کی ہدایتکاری ’بریک کے بعد‘ کے ڈائریکٹر دانش اسلم کر رہے ہیں'۔

(اسکرین شاٹ: ایکس)
(اسکرین شاٹ: ایکس)

یہ فلم 'اوپن ایئر فلمز'، 'عمران خان پروڈکشنز' اور '42 ایف پی ایس' کے اشتراک سے بنائی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق عمران کی واپسی ایک ہلکی پھلکی اور مزاحیہ انداز میں دل کو بہلانے والی فلم کے ذریعے ہو رہی ہے، جس میں وہ بالکل اسی انداز میں نظر آئیں گے جس کے لیے ان کے مداح انہیں یاد کرتے ہیں۔

اگرچہ نیٹ فلکس کی جانب سے اس فلم کے حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن ذرائع کے مطابق یہ فلم2026 میں 'نیٹ فلکس' پر ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں ان کے ہمراہ بھومی پدنیکر اور گرفتح پِرزادہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ یہ ایک ’ڈِسفنکشنل رومانٹک ڈرامیڈی‘ طرز کی فلم ہوگی، یعنی یہ ایک ایسی فلم ہوگی جسکی رومانوی کہانی میں مزاح اور جذبات کی آمیزش ہوگی۔

عمران خان کا فلمی کریئر

'جانے تو... یا جانے نا'، 'دہلی بیلی'، اور 'آئی ہیٹ لو اسٹوریز' جیسی فلموں کے لیے مشہور اداکار عمران خان تقریباً ایک دہائی سے فلم انڈسٹری سے غائب رہے ہیں۔

اُن کے کریڈٹ پر 'لک'، 'کڈنیپ'، 'آئی ہیٹ لو اسٹوری'، 'بریک کے بعد'، 'دہلی بیلی'، 'میرے برادر کی دلہن'، 'ایک میں اور ایک تو'، 'ونس اپان اے ٹائم اِن ممبئی اگین' اور 'گوری تیرے پیار میں' جیسی فلمیں شامل ہیں لیکن پہلی فلم جیسی کامیابی انہیں دوبارہ نہ مل سکی۔

عمران خان آخری بار 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم 'کٹی بٹی' میں نظر آئے تھے جس میں انہوں نے کنگنا رناوت کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

فلمی میدان میں عمران خان کی واپسی کی یہ خبر اُن کے مداحوں کے لیے یقیناً خوشی کا باعث ہے، جو طویل عرصے سے ان کی اسکرین پر واپسی کے منتظر تھے۔

اداکاری سے دوری اور اندرونی کشمکش

اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان نے فلم انڈسٹری سے دوری اختیار کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جب 'کٹی بٹی' فلاپ ہوئی تو میں نے کچھ چیزوں کو سمجھنے کی کوشش کی۔ میں نے پچھلے دو تین سالوں کی کامیاب فلموں کا جائزہ لیا اور سوچا کہ کیا میں یہ فلمیں کرنا چاہتا؟ جواب ہمیشہ 'نہیں' تھا، اس لمحے مجھے احساس ہوا کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے اپنے منتخب کردہ کردار اور فلمیں کامیاب ہوں، نا کہ وہ جو بس چل جائیں'۔

فلم فیئر کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں عمران خان نے مزید کہا تھا کہ 'میں نے خود کو کافی حد تک فلمی دنیا سے الگ کر لیا تھا، کام کے دوران کچھ لوگوں سے قریبی تعلقات بنتے ہیں، اور کچھ محض ساتھی ہوتے ہیں لیکن جو لوگ سچے دوست بنے، وہ آج بھی میرے ساتھ ہیں، اُن میں کئی ہدایتکار بھی شامل ہیں جن کے ساتھ میں نے کام کیا، ان کا رویہ آج بھی ویسا ہی ہے، چاہے میں ان کی فلم میں کام کر رہا ہوں یا نہیں'۔

تازہ ترین