انفوٹینمنٹ

'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ

ہزاروں افراد اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آئے

Web Desk

'عبیر گلال' کے میوزک لانچ ایونٹ میں فواد خان اور وانی کپور مرکزِ نگاہ

ہزاروں افراد اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آئے

(فوٹو: انسٹاگرام)
(فوٹو: انسٹاگرام)

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کی آنے والی فلم 'عبیر گلال' کا پہلا بڑا پروموشنل ایونٹ گزشتہ روز دبئی کے گلوبل ولیج میں منعقد ہوا، جہاں فلم کی پوری ٹیم نے شرکت کی۔

یہ دراصل فلم کا 'میوزک لانچ ایونٹ' تھا جس میں گلوبل ولیج میں موجود تمام لوگوں کو شرکت کی اجازت تھی۔

توقع کے عین مطابق ہزاروں افراد اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آئے اور جیسے ہی فلم کے مرکزی اداکار فواد خان اسٹیج پر آئے تو مداحوں کے جذبات قابو سے باہر ہو گئے۔

ایونٹ سے چند گھنٹے قبل ہی فلم 'عبیر گلال' کا مکمل میوزک البم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا تھا۔

ایونٹ کا آغاز معروف موسیقار امیت ترویدی اور گلوکاروں کی ٹیم کی پرفارمنس سے ہوا، جنہوں نے 'ٹیں ٹیں' اور 'انگریجی رنگ رسیا' جیسے گانوں پر لائیو پرفارم کیا۔

بعد ازاں میزبانوں نے فلم کی مرکزی اداکارہ وانی کپور کو اسٹیج پر مدعو کیا، وانی نے نہ صرف فلم کے حوالے سے بات کی بلکہ گلوبل ولیج میں موجود ہزاروں افراد کو خوش آمدید بھی کہا۔

ابھی وہ گفتگو کر ہی رہی تھیں کہ ہجوم نے یک زبان ہو کر 'فواد، فواد' کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔

شرکاء کے پُرزور اصرار پر فواد خان اسٹیج پر آئے اور فلم '1942: اے لو اسٹوری' کا مشہور گانا 'کچھ نہ کہو' گنگنایا، جو کہ 'عبیر گلال' کے ٹیزر میں بھی ان کی آواز میں شامل ہے، ایونٹ میں ان کی آمد اور خوبصورت آواز نے مجمعے پر سحر طاری کر دیا تھا۔

بعد ازاں فواد خان نے وانی کپور کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'وانی کے ساتھ کام کرنے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ نہایت باصلاحیت اور دلکش شخصیت کی مالک ہیں، آپ سب نے ان کا کام پہلے بھی دیکھا ہوگا اور یقیناً پسند کیا ہوگا، مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، وہ ایک زبردست فنکارہ ہیں اور سیٹ پر ان کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیا'۔

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

وانی کپور نے بھی فواد کے بارے میں محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں فواد کے بارے میں ان کی شکل و صورت پر تو کچھ نہیں کہوں گی کیونکہ اس پر تو ہم سب پہلے ہی متفق ہیں'، یہ جملہ سن کر مجمعہ زور دار قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔

وانی نے مزید کہا کہ 'فواد ایک شاندار انسان، باکمال اداکار اور سب سے بڑھ کر ایک بےحد عاجز اور محبت کرنے والے شخص ہیں، ان میں کوئی غرور نہیں، کوئی انا نہیں، وہ نہایت منکسر المزاج ہیں اور واقعی ایک متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں، میں اُن سے بہت متاثر ہوں'۔

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

تقریب کے اختتام پر وانی کپور نے کہا کہ 'یہ فلم محبت کا جشن ہے اور اسے مکمل طور پر محبت سے بنایا گیا ہے، ہماری صرف یہی خواہش ہے کہ ناظرین بھی ہمیں اسی جذبے کے ساتھ جواب دیں'۔

واضح رہے کہ فلم 'عبیر گلال' آئندہ ماہ9 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

'عبیر گلال' ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار

دوسری جانب طویل عرصے بعد پاکستانی اداکار کے بھارتی فلم کا حصہ بننے کے سبب 'عبیر گلال' ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا بھی شکار ہوگئی ہے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب وانی کپور اور پاکستانی اداکار فواد خان کی بالی وڈ فلم 'عبیر گلال' کا ٹیزر جاری کیا گیا اور فلم سازوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔

فلم ‘عبیر گلال‘ کا ٹیزر میکرز کی جانب سے شیئر کیے جانے کے فوراً بعد راج ٹھاکرے کی قیادت والی بھارتی سیاسی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے بھارت میں فلم کی ریلیز کی مخالفت کرتے ہوئے ان افراد کو بھی دھمکیاں دیں جو فواد خان کی حمایت کر رہے ہیں۔

فلم 'عبیر گلال' کا ٹیزر جاری ہوتے ہی بھارتی سیاسی جماعت ایم این ایس کے ترجمان امیا کھوپکر نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پارٹی مہاراشٹر میں فلم کی نمائش کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ‘ہم نے کتنی ہی بار کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کی فلموں کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے مگر کچھ گلے سڑے سیب پھر بھی اُگ آتے ہیں، ایسے معاملات میں انہیں کوڑے دان میں پھینکنا ایم این ایس کے سپاہیوں کا کام ہے اور ہم ایسا کریں گے اور کرتے رہیں گے‘۔

امیا نے مزید کہا کہ ‘فلم عبیر گلال کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو لوگ پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرنا چاہتے ہیں وہ کر سکتے ہیں لیکن یاد رہے آپ ہمارے خلاف کھڑے ہیں‘۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان نے سونم کپور کے ساتھ 2014 میں فلم خوبصورت سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور پھر فواد کپور اینڈ سنز (2016) اور 'اے دل ہے مشکل (2016)' جیسی فلموں میں نظر آئے۔

تاہم سال 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی گئی جوکہ 2023 میں بظاہر ختم کر دی گئی تھی لیکن بھارتی حکومتی نمائندوں کے انتہاپسندانہ ردعمل سے یہی لگتا ہے کہ یہ پابندی عملاً اب بھی برقرار ہے۔

تازہ ترین