'ستارے زمین پر' اسپینش فلم کا ریمیک؟ عامر کا بڑا انکشاف
اداکار نے فلم میں اپنے کردار کے بارے میں بھی تفصیلات شیئر کیں۔
بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنی آنے والی فلم 'ستارے زمین پر' کے بارے میں اہم تفصیلات کا انکشاف کردیا۔
اداکار اپنے ملک کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملک چین میں بھی بہت مقبول ہیں، انہوں نے حال ہی میں مکاؤ کامیڈی فیسٹیول میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کیا۔
چین میں اپنے ایک فین کلب کے ساتھ بات چیت کے دوران اداکار نے اپنی آنے والی فلم 'ستارے زمین پر' کے بارے میں کافی اہم معلومات شیئر کیں۔
عامر خان نے انکشاف کیا کہ ستارے زمین پر اسپینش فلم چیمپئنز کا ریمیک ہے، جس میں وہ ایک 'انتہائی بدتمیز' باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بات چیت کے دوران، عامر نے مزید کہا کہ 'ستارے زمین پر تقریباً تیار ہے، یہ فلم 'تارے زمین پر' کا سیکوئل ہے لیکن موضوع کے اعتبار سے یہ اس سے 10 قدم آگے ہے'۔
اداکار نے کہا کہ یہ فلم ان لوگوں کے بارے میں ہے جو مختلف معذوریوں کا شکار ہیں، یہ محبت، دوستی اور زندگی کے بارے میں ہے'۔
عامر نے کہا کہ 'تارے زمین پر نے آپ کو رلا دیا لیکن یہ فلم آپ کو ہنسائے گی، یہ ایک مزاحیہ فلم ہے، لیکن اس کی تھیم وہی ہے'۔
اپنے کردار کی تفصیلات بتاتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ 'تارے زمین پر میں میرا کردار نِکمبھ بہت حساس شخص تھا، اس فلم میں میرے کردار کا نام گلشن ہے لیکن اس کی شخصیت نِکمبھ کے بالکل برعکس ہے'۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکار نے کہا کہ 'گلشن بالکل احساس نہیں کرتا، وہ بہت بد مزاج، سیاسی طور پر غلط ہے اور وہ سب کی بے عزتی کرتا ہے، وہ اپنی بیوی اور والدہ کے ساتھ لڑتا ہے، اس نے اپنے ایک سینیئر باسکٹ بال کوچ کو پیٹا ہوتا ہے، ایک ایسا شخص ہے جس کے ساتھ بہت سے اندرونی مسائل ہیں۔'
عامر نے بتایا کہ 'فلم کی کہانی اس کے بارے میں ہے کہ گلشن کس طرح بدلتا ہے، اور کوئی دس لوگ، جن میں سے کچھ ڈاؤن سنڈروم، آٹزم اور متخلف عوارض کا شکار ہیں وہ گلشن کو سکھاتے ہیں کہ ایک اچھا انسان ہونا کیا ہے'۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے تسلیم کیا کہ اصل میں یہ ایک اسپینش فلم تھی اور ہم نے اس کا ہندوستانی ورژن بنایا ہے اور اس میں گلشن کا کردار ایک برے شخص کا کردار ہے۔
فلم کی کہانی کے بارے میں اس سے قبل ایک انٹرویو میں اداکار نے کہا تھا کہ 'لوگ شاید سوچتے ہیں کہ اگر تھیم سنجیدہ ہو تو فلم مزاحیہ کیسے ہوسکتی ہے لیکن آپ جانتے ہیں، راجو ہیرانی کی فلموں کی طرح جس میں بہت سارا ڈرامہ ہوتا ہے، لیکن اس میں مزاحیہ انداز بھی ہوتا ہے، یہ فلم بھی ایسی ہی ہے'۔
حالیہ رپورٹ کے مطابق عامر خان اور آر ایس پرسنا اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ستارے زمین پر' کو 20 جون 2025 کو سینما گھروں میں لانے کے لیے بالکل تیار ہیں۔
واضح رہے کہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا، اس مرتبہ بھی فلم ’ستارے زمین پر’ میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی۔
’تارے زمین پر‘ میں عامر خان نے ایک ایسے آرٹ ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک طالب علم، ایشان اوستھی، کو ڈسلیکسیا پر قابو پانے اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو باہر لانے میں مدد کرتے ہیں۔
اس فلم میں ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے نبھایا تھا، جوکہ اب اس کے سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس فلم کا شائقین بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔





