سوشل میڈیا

ریشم نے مریم نواز کی شخصیت کو سحر انگیز قرار دے دیا

مجھے پہلی بار اندازہ ہوا کہ شخصیت کا جادو کیا ہوتا ہے

Web Desk

ریشم نے مریم نواز کی شخصیت کو سحر انگیز قرار دے دیا

مجھے پہلی بار اندازہ ہوا کہ شخصیت کا جادو کیا ہوتا ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ ریشم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شخصیت کو نہایت دلکش اور متاثر کن قرار دیا۔

اداکارہ ریشم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مریم نواز کے ساتھ لی گئی تصاویر شیئر کیں، جو حال ہی میں منعقد ہونے والی پنجابی کلچر ڈے کی مرکزی تقریب کے دوران لی گئی تھیں۔ ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے ایک پُراثر کیپشن لکھا جس میں مریم نواز سے ملاقات کو ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔

ریشم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر مریم نواز سے ملاقات میرے لیے ایک ایسا دلنشین تجربہ تھا، جس کا اثر اب تک میرے دل و دماغ پر قائم ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ‘مجھے پہلی بار اندازہ ہوا کہ شخصیت کا جادو کیا ہوتا ہے۔ ان کی گفتگو میں خلوص، اپنائیت اور اعتماد نمایاں تھا، اور یہی عناصر مجھے بے حد متاثر کر گئے۔‘

اداکارہ نے مریم نواز شریف کی بطور خاتون سیاستدان تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ،‘ایک عورت ہو کر جس انداز سے انہوں نے مردوں پر سبقت حاصل کی، وہ قابلِ رشک ہے۔ ان کے لیے دل سے صرف نیک تمنائیں اور دعائیں نکلتی ہیں۔ جیو مریم!‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں پنجابی کلچر ڈے کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔

 اس تقریب میں شوبز، ادب اور ثقافت سے وابستہ متعدد شخصیات نے شرکت کی اور پنجاب کی ثقافت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔