ٹیکنالوجی

کیا چیٹ جی پی ٹی صارفین کی نگرانی کر رہا ہے؟

یہ سب ‘میموری فیچر‘ کا نتیجہ ہے؟

Web Desk

کیا چیٹ جی پی ٹی صارفین کی نگرانی کر رہا ہے؟

یہ سب ‘میموری فیچر‘ کا نتیجہ ہے؟

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکا ہے، لیکن اس بار وجہ اس کے حیران کن جوابات یا کارکردگی نہیں، بلکہ صارفین کے لیے ایک غیر متوقع اور قدرے تشویشناک رویہ ہے۔

حال ہی میں کئی صارفین نے اس بات پر حیرت اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی انہیں ان کے نام سے مخاطب کر رہا ہے وہ بھی بغیر کسی سابق اطلاع یا اجازت کے۔ متعدد صارفین نے اسے ایک خوفناک تجربہ قرار دیا اور اپنی پریشانی کا اظہار مختلف پلیٹ فارمز پر کیا۔

ایک معروف ڈویلپر نک ڈونبوس نے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ،‘یہ نہایت پریشان کن ہے۔ مجھے قطعاً اچھا نہیں لگا۔ میں ابھی یہی جاننے کی کوشش کر رہا ہوں کہ اسے کیسے بند کیا جائے۔‘

ایک اور صارف نے شکایت کی کہ چیٹ بوٹ ایسی معلومات کا حوالہ دے رہا ہے جن کا براہِ راست تبادلہ اس سے کبھی کیا ہی نہیں گیا۔یہ حیران کن بات ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کہتا ہے ’ڈینیئل XYZ پر کام کر رہا ہے‘، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ معلومات میں نے اسے دی ہی نہیں تھیں۔

یہ سب ‘میموری فیچر‘ کا نتیجہ ہے؟

ماہرین کے مطابق یہ طرزِ عمل دراصل چیٹ جی پی ٹی میں حال ہی میں متعارف کروائے گئے ‘میموری فیچر‘ کا نتیجہ ہے۔ یہ فیچر صارفین کی باتوں، ترجیحات، دلچسپیوں اور اندازِ گفتگو کو یاد رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاکہ مستقبل میں زیادہ ذاتی نوعیت کی اور مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے،‘میموری فیچر چیٹ جی پی ٹی کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ صارف کی ضروریات اور طرزِ عمل کو سمجھتے ہوئے ہر نئی گفتگو میں بہتر انداز میں رہنمائی کر سکے، چاہے وہ مشورہ ہو، کوئی تحریری کام یا سیکھنے کا کوئی عمل۔‘

اگرچہ اس فیچر کا مقصد سہولت فراہم کرنا ہے، مگر بہت سے صارفین نے اسے ذاتی معلومات کی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیا ہے۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے چیٹ بوٹ ان کی ذاتی زندگی میں جھانک رہا ہو۔

اوپن اے آئی کی وضاحت اور آپشنز

ان خدشات کے پیشِ نظر، اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے وضاحت کی کہ یہ فیچر مکمل طور پر صارف کی مرضی پر منحصر ہے۔اگر کوئی صارف چاہے تو وہ میموری فیچر کو جزوی یا مکمل طور پر بند کر سکتا ہے۔ اس کے لیے سیٹنگز میں جا کر 'میموری' کے آپشن کو آف کرنا ممکن ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کے اس نئے فیچر نے جہاں گفتگو کو ذاتی نوعیت دینے میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے، وہیں پرائیویسی اور شفافیت سے متعلق اہم سوالات بھی جنم دیے ہیں۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ اوپن اے آئی ان تحفظات کا کیسے مؤثر حل فراہم کرتا ہے۔