انفوٹینمنٹ

سنجے دت کی بہن نے 'سنجو' فلم میں غلطیوں کی نشاندہی کردی

فلم میں حقیقت کم اور تفریح کا عنصر زیادہ تھا، پریا دت

Web Desk

سنجے دت کی بہن نے 'سنجو' فلم میں غلطیوں کی نشاندہی کردی

فلم میں حقیقت کم اور تفریح کا عنصر زیادہ تھا، پریا دت

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ نے 2018 میں ریلیز کے وقت باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور ناقدین سے بھی خوب داد سمیٹی۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیا، جس میں سنجے دت کی ذاتی زندگی، نشے کی لت، قانونی مسائل اور والد کے ساتھ تعلقات کو موضوع بنایا گیا۔

تاہم حال ہی میں سنجے دت کی بہن اور سیاستدان پریا دت نے اس فلم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم حقیقت پر مبنی کم اور تفریح پر مبنی زیادہ تھی۔

سینئر صحافی وِکی لالوانی سے گفتگو کے دوران پریا دت نے کہا کہ اگرچہ فلم نےمداحوں پر اثر چھوڑا، لیکن انہیں اس فلم میں سنجے دت کی زندگی کو انتہائی سادہ انداز میں پیش کرنے اور ان کے والدین، سنیل دت اور نرگس دت، کو نظرانداز کرنے پر افسوس ہوا'۔

انہوں نے کہا کہ 'مجھے لگا فلم نے نہ تو میری ماں کے کردار کے ساتھ انصاف کیا اور نہ ہی میرے والد کے ساتھ، باپ بیٹے کے رشتے کو بھی بہت سطحی انداز میں دکھایا گیا، جبکہ اس میں بہت کچھ دکھایا جا سکتا تھا'۔

پریا دت کے مطابق فلم میں سنجے دت کے دوست کو جو کردار دیا گیا، وہ دراصل سنجے کی زندگی میں شامل مختلف افراد کا مجموعہ تھا اور یہ چیز فلم کو مزید غیر حقیقی بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں خاندان کے کردار، خاص طور پر والدین کی اہمیت کو جس انداز میں پیش کیا گیا، وہ ناکافی تھا۔

پریا دت نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے فلم کے ہدایتکار راج کمار ہیرانی سے بات کرنا چاہتی تھیں، لیکن پھر رک گئیں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے کئی بار سوچا کہ راج کمار ہیرانی سے بات کروں، لیکن پھر لگا کہ ان کا نظریہ کچھ اور تھا، ان کی توجہ صرف سنجو پر تھی، جو کہ میں سمجھ سکتی ہوں لیکن فلم ایک بایوپک کم اور ایک تفریحی پراجیکٹ زیادہ لگی، بہت سارے کرداروں کو جوڑ کر ایک کردار بنا دیا گیا، جس سے گہرائی ختم ہوگئی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'رنبیر کپور نے سنجے کا کردار بہت خوبی سے نبھایا، مجھے اس فلم وہ پسند آئے لیکن مجموعی طور پر یہ فلم میرے خیال میں حقیقی بایوپک نہیں تھی، اس میں سنجے دت کی زندگی کے صرف چند پہلو دکھائے گئے، اور جذبات کی شدت کہیں گُم نظر آئی'۔

پریا دت نے بتایا کہ جب انہوں نے سنجے دت کو اِس فلم کے بارے میں اپنے اِن تحفظات سے آگاہ کیا تو انہوں نے کہا کہ 'پھر اب کیا کریں؟'

فلم 'سنجو' کے بارے میں:

سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ 2018 میں ریلیز ہوئی جس میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیا۔

فلم میں سنجے دت کی نشے کی لت سے نمٹنے کی جدوجہد، قانونی مسائل اور ان کے والد سنیل دت کے ساتھ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔

اگرچہ فلم نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی لیکن سنجے دت کی بہن پریا دت سمیت دیگر کئی افراد کا بھی ماننا ہے کہ فلم نے حقیقت کے بجائے تفریح کے عنصر کو ترجیح دی اور سنجے کی مکمل تصویر پیش نہیں کی۔