بالی ووڈ

کارتک آریان نے 631 سالہ 'ناگزیلا' کا روپ دھار لیا

کارتک آریان نے 'ناگزیلا' کی ریلیز ڈیٹ کا منفرد انداز میں اعلان کردیا

Web Desk

کارتک آریان نے 631 سالہ 'ناگزیلا' کا روپ دھار لیا

کارتک آریان نے 'ناگزیلا' کی ریلیز ڈیٹ کا منفرد انداز میں اعلان کردیا

(اسکرین گریب/فائل فوٹو)
(اسکرین گریب/فائل فوٹو)

بالی وڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے اپنی آنے والی فلم 'ناگزیلا' کی ریلیز ڈیٹ کا منفرد انداز میں اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 'ناگزیلا' میں کارتک آریان پہلی بار دوہرا کردار ادا کریں گے، جس میں وہ ایک ہی وقت میں ہیرو اور ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم کی ریلیز ڈیٹ کے اعلان کیلئے کارتک آریان نے آج اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ٹیزر ویڈیو شیئر کی، جس میں کئی سانپ اُن کے گرد گھومتے اور ٹانگوں سے لپٹتے نظر آئے جبکہ کارتک آریان کو سانپ کے روپ میں ڈھلتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں بین بجنے کی آواز کے ساتھ کارتک آریان کو کہتے سُنا گیا کہ 'اکچھا دھاری ناگن، روپ بدلنے کی شکتی رکھنے والے سانپ، جیسے کہ میں، پریم ودیشور پیارے چند، عمر 631 سال، انسانوں والی پکچریں تو بہت دیکھ لیں، اب دیکھوں ناگوں والی پکچر، پھن پھیلانے آرہا ہوں ناگ پنچمی پر، آپ کے نزدیکی سسسسینماز میں، 14 اگست 2026 کو'۔

ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں جہاں سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ ٹیزر کیلئے پسندیدگی کا اظہار کیا وہیں ریلیز ڈیٹ کے اعلان نے مداحوں کے بےچینی میں مزید اضافہ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم مشہور فلم ساز کرن جوہر اور مہاویر جین کی مشترکہ پروڈکشن ہے، جبکہ ہدایت کاری کے فرائض مشہور فلم سیریز 'فُکرے' کے ہدایت کار مرگدیپ سنگھ لامبا انجام دیں گے۔

مشہور ہالی وڈ فلم 'گوڈزیلا' کی طرز پر اس فلم کا نام 'ناگزیلا' رکھا گیا ہے، یہ ایک مزاحیہ فلم ہوگی جو انسان اور سانپ کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ پر مبنی ہے۔

فلم کی خاص بات کارتک آریان کا دوہرا کردار ہے، جس میں وہ ایک طرف ہیرو اور دوسری طرف ولن کے طور پر جلوہ گر ہوں گے۔

'ناگزیلا' میں مزاح کا عنصر غالب ہوگا اور میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی 'فُکرے سیریز' سے بھی زیادہ مزاحیہ ہوگی، امید ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ فلم مرگدیپ سنگھ لامبا کے کریئر کا سب سے بڑا اور دلچسپ منصوبہ ثابت ہوگی۔

کارتک آریان کے بارے میں

کارتک آریان نے 2011 میں "پیار کا پنچ نامہ" سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور "بھول بھلیاں 2"، "بھول بھلیاں 3"، "سونو کے ٹیٹو کی سویٹی"، "لکا چھپی"، "چندو چیمپئن" اور "ستیہ پریم کی کتھا" جیسی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔

ان کی فلموں کا مجموعی باکس آفس کلیکشن 1025.60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، جس نے انہیں بالی ووڈ کے ٹاپ 20 سپر اسٹارز کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔

'ناگزیلا' میں ان کا دوہرا کردار ان کے کریئر میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے اور شائقین کو ان کی اس نئی فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔