ہیرا پھیری میں کارتک کی انٹری پر سنیل شیٹی بھی بول پڑے
یقین نہیں آرہا فلم کے پہلے پارٹ کو 25 سال ہو چکے ہیں، سنیل شیٹی
بالی وڈ اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول اپنی بلاک بسٹر فلم 'ہیرا پھیری' کے تیسرے حصے کے لیے سینما اسکرینز پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔
فلمساز پریا درشن کی سالگرہ پر فلم کے تیسرے حصے کو بنائے جانے کی تصدیق کے بعد سے اس بارے میں مختلف رپورٹس آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں کارتک کی انٹری کی خبر بھی شامل ہے۔
تاہم ٓ بھارتی میڈیا سے حالیہ بات چیت کے دوران اداکار سنیل شیٹی نے کارتک آریان کی جانب سے فلم میں اکشے کمار کی جگہ لینے کی افواہوں پر اپنا ردعمل دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول جلد ہی فلم 'ہیرا پھیری' فرنچائز کی تیسری قسط سے اپنی شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں۔
اداکار سنیل شیٹی نے ہیری پھیری اسٹارز اور اپنے ری یونین کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے اداکار کارتک آریان کی اکشے کمار کی جگہ لینے کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘جو بھی پہلے آ رہا تھا وہ کسی کی جگہ نہیں لے رہا تھا بلکہ ایک نیا کردار تھا‘۔
سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ‘جو بھی اور آرہا تھا وہ کسی کی جگہ لینے نہیں بلکہ ایک نئے کردار کے طور پر آ رہا تھا لیکن اب فلم ساز پرانے اسکرپٹ پر واپس چلے گئے ہیں اور یہ ہیرا پھیری 10 گنا زیادہ مزے دار ہے‘۔
سنیل شیٹی نے اکشے کمار اور پریش راول کے ساتھ 'ہیرا پھیری3' میں کام کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘شوٹنگ کے دوران انہیں محسوس نہیں ہوا کہ فلم کے پہلے پارٹ کو 25 سال ہو چکے ہیں‘۔
اداکار نے بتایا کہ وہ اب بھی ویسے ہی ہیں فرق صرف ان کی ظاہری شکل اور لباس میں آیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر سمیت سب لوگ وہی تھے تاہم وہ آنجہانی اداکار اوم پوری کو یاد کریں گے جنہوں نے پہلی فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ‘ہیرا پھیری کے کردار ایسے ہیں کہ ان کرداروں کو کوئی اور اداکار نہیں نبھا سکتا کیونکہ آڈیئنس انہیں قبول نہیں کرے گی‘۔
ہیرا پھیری 3 کے بارے میں
بھارتی میڈیا کے مطابق پریادرشن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ہیرا پھیری 3' میں اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول پر مشتمل ایک پرومو شوٹ کیا گیا ہے اور یہ فلم کے باضابطہ اعلان کے طور پر کام کرے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم ساز اس فلم کو سال 2026 میں تھیٹر میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس سے قبل پریش راول جنہوں نے فرنچائز میں بابو بھیا کا کردار ادا کیا انہوں نے بھی اسی بات کا اشارہ دیا تھا۔




