راہول بھٹ نے کارتک آریان کو پی آر کا چیمپئن قرار دے دیا
راہول بھٹ نے فلم ’ چندوچیمپئن‘ کے لیے کارتک کی فٹنس ٹریننگ کی تھی
معروف فلمساز مہیش بھٹ کے بیٹے اور فٹنس ٹرینر راہول بھٹ نے کارتک آریان کو پروموشن کا کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم ’ چندو چیمپئن‘ کے لیے کارتک کی فزیکل ٹریننگ کی تھی۔
راہول بھٹ نے بتایا کہ کبیر خان کی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’چندو چیمپیئن‘ میں کارتک آریان کی جسمانی تبدیلی مداحوں اور ناقدین دونوں کو حیران کر گئی۔
اداکار کا ایک پروفیشنل تیراک اور باکسر کے روپ میں لُک اور پرفارمنس غیر معمولی قرار دی گئی تھی۔
فلم ساز مہیش بھٹ کے بیٹے اور فٹنس کوچ راہول بھٹ، جنہوں نے کارتک کو اس کردار کے لیے ٹرین کیا، انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اس سفر کے بارے میں کھل کر بات کی۔
راہول بھٹ نے کارتک کی تبدیلی کا راز بتایا
ہندی رش سے گفتگو کرتے ہوئے راہول نے وضاحت کی کہ کس طرح کارتک نے ایک دُبلی پتلی جسمانی ساخت سے مکمل طور پر ایک کھلاڑی کا روپ دھارا۔
انہوں نے کہا کہ کارتک کو پہلے سے اسٹرینتھ ٹریننگ کا کوئی تجربہ نہیں تھا، اُسے باکسنگ بھی سیکھنی پڑی، جو ایک بالکل الگ مہارت ہے، ساتھ ہی تیراکی بھی کرنی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعی ایک مشکل کام تھا جو اُس نے انجام دیام وہ کوئی ایتھلیٹ نہیں ہے، نہ ہی وہ ٹائیگر شروف جیسے اداکاروں میں سے ہے لیکن اُس نے یہ سب کر دکھایا۔
شروعات میں تعلقات میں کشیدگی
راہول نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کی شروعات کارتک کے ساتھ اچھی نہیں ہوئی تھی، کیونکہ ’پیار کا پنچنامہ‘ کے اداکار نے ابتدا میں ان پر شک کیا تھا۔
راہول بھٹ کا کہنا تھا کہ 'وہ مجھے ابتدا میں تھوڑا شک کی نظر سے دیکھتا تھا، میرے تعلقات اُس کے ساتھ ویسے نہیں تھے جیسے عامر خان کے ساتھ تھے'۔
'اس انڈسٹری میں آپ کو اپنے کوچ کے ساتھ ہم آہنگ ہونا پڑتا ہے، خود کو مکمل طور پر سونپنا پڑتا ہے، یہ اعتماد ضروری ہوتا ہے، کارتک بہت عزت دار، وقت کا پابند اور مکمل پیشہ ور تھا۔'
راہول نے مزید کہا کہ انہوں نے کارتک سے خود کو پروموٹ کرنے کا ہنر سیکھا ہے۔
ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ 'کارتک خود کو پروموٹ کرنے میں ماہر ہے، باپ کا باپ ہے، دادا ہے ان سب چیزوں میں، وہ پی آر گیم میں ماسٹر ہے، میں وہ نہیں کر سکتا جو وہ کرتا ہے، وہی کر سکتا ہے'۔
' آج کے دور میں فلمی ستارہ بننے کے لیے یہی سب کچھ چاہیے، اگر یہی چاہیے، تو میں اس کے لائق نہیں، میں صرف پہلوان بننے کے ہی لائق ہوں'۔
راہول بھٹ کون ہیں؟
راہول بھٹ، مہیش بھٹ اور ان کی پہلی بیوی کرن بھٹ کے بیٹے ہیں، پوجا بھٹ ان کی سگی بہن ہیں، جب کہ عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ ان کی سوتیلی بہنیں ہیں، جو مہیش بھٹ اور اداکارہ سونی رازدان کی بیٹیاں ہیں۔
فٹنس کوچ ہونے کے ساتھ ساتھ راہول بگ باس سیزن 4 میں بھی حصہ لے چکے ہیں، جسے سلمان خان نے ہوسٹ کیا تھا۔





