کرینہ کپور کا پسندیدہ خان کونسا ہے ؟
کرینہ کپور کا ایک پرانا انٹرویو منظر عام پر آیا ہے.
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے کبھی اپنی رائے کا اظہار کرنے اور اپنی بات کہنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔
ایک وقت تھا جب کرینہ اپنی بے باک رائے اور خاص طور پر اپنے ہم عصر اداکاروں کے بارے میں دیے گئے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی تھیں۔
ایک پرانے انٹرویو میں کرینہ نے بالی وڈ کے تین سب سے بڑے خانز کے بارے میں بھی اپنے غیر فلٹر شدہ خیالات کا دو ٹوک اظہار کیا۔
امیش جیونانی کے ساتھ ایک گفتگو میں، نوجوان اور پُرجوش کرینہ نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے بارے میں اپنے دل کی بات کھل کر کی۔
بات کا آغاز شاہ رخ خان سے ہوا اور کرینہ نے ان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے مکمل طور پر محبت کرتی ہوں، مجھ سے ان کے بارے میں مت پوچھیں کیونکہ اگر میں شروع ہو گئی تو گھنٹوں ان کے بارے میں بات کرتی رہوں گی، امیتابھ بچن اور شاہ رخ ہی وہ دو اداکار ہیں جنہیں میں پسند کرتی ہوں۔
کرینہ نے کہا کہ شاہ رخ خان میں ایک دلکش اور نیک ہمسایہ جیسی کشش ہے، جس سے ہر لڑکی انہیں اپنے والدین سے ملوائے بغیر نہیں رہ سکتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہ رخ کی اداکاری انہیں بہت محظوظ کرتی ہے،لیکن جب بات سلمان خان پر آئی، تو بےبو کا لہجہ بالکل بدل گیا۔
کرینہ نے صاف گوئی سے کہا کہ میں بالکل بھی سلمان خان کی مداح نہیں ہوں، مجھے وہ پسند نہیں، وہ بہت خراب اداکار ہیں، میں ان سے کہتی ہوں کہ وہ ہر وقت اوور ایکٹنگ کرتے ہیں۔
عامر خان کے بارے میں کرینہ کا تبصرہ ذرا متوازن تھا،ان کا کہنا تھا کہ عامر اچھے ہیں، مجھے وہ ’ہم ہیں راہی پیار کے‘ اور ’قیامت سے قیامت تک‘ میں بہت پسند آئے، مگر خانز میں اگر کسی کی میں مکمل مداح ہوں، تو وہ صرف شاہ رخ ہیں۔
کرینہ نے اس موقع پر اپنی انفرادی شناخت پر بھی بات کی اور بتایا کہ وہ اپنی بڑی بہن کرشمہ کپور سے کس طرح مختلف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ مجھے اسکرین پر دیکھیں گے تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ میں کرشمہ سے بالکل الگ ہوں، ہم دونوں بطور اداکارہ بھی مختلف ہیں اور بطور انسان بھی۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کرشمہ نے اپنے کیریئر میں بہت جدوجہد کی ہے اور اکیلے اپنی محنت سے وہ مقام حاصل کیا، کرینہ نے کرشمہ کے سفر کو بہت کٹھن قرار دیا۔
آخر میں کرینہ نے ان لیجنڈری اداکاراؤں کا ذکر کیا جنہوں نے انہیں متاثر کیا۔
انہوں نے نرگس دت اور مینا کماری کا نام لیا اور کہا کہ وہ ان جیسی کسی اور اداکارہ کو نہیں مانتیں۔
ان کے بقول، آج کی دنیا میں ان جیسی باکمال ہیروئنز نہیں ملتیں۔





