ہالی ووڈ

62 سالہ اداکارہ دنیا کی خوبصورت ترین شخصیت قرار

اداکارہ کئی دہائیوں سے فلمی دنیا میں راج کررہی ہیں

Web Desk

62 سالہ اداکارہ دنیا کی خوبصورت ترین شخصیت قرار

اداکارہ کئی دہائیوں سے فلمی دنیا میں راج کررہی ہیں

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ڈیمی مور کی قسمت کے ستارے دوبارہ تب چمک اٹھے جب انہیں فلم ’The Substance‘ میں اداکاری کے لیے رواں سال گولڈن گلوب، اسکرین ایکٹرز گلڈ، سیٹلائٹ، اور کریٹکس چوائس ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ انہیں اس فلم کے لیے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی بھی حاصل ہوئی۔

اب حال ہی میں پیپلز میگزین کے سروے میں ہالی وڈ اداکارہ ڈیمی مور کو 'ورلڈز موسٹ بیوٹی فُل پرسن‘ قرار دیا گیا ہے، جو ان کے دہائیوں پر محیط کرئیر کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

ڈیمی مور نے ہارر فلم 'دی سبسٹینس' میں عمر رسیدہ انسٹرکٹر کا کردار ادا کیا تھا، ہالی وڈ کو شاندار فلمیں دینے والی اداکارہ ڈیمی مور نے اس حوالے سے گفتگو میں کہا کہ چند برس قبل سوچا تھا کہ کریئر شاید ختم ہو گیا ہے کیوں کہ ایک پروڈیوسر نے ’پاپ کارن اداکارہ‘ کہہ کر مجھے مسترد کر دیا تھا۔

ڈیمی مور نے مزید کہا کہ اپنی جسمانی شکل کو برقرار رکھنے کے لیے میں خود کو  'سزا' دیتی تھی، میں یہ نہیں کہنا چاہتی کہ ہم مردوں کے مخالف ہیں، ہم صرف احمقوں کے خلاف ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ  مجھ سے ایک عورت نے کہا بس جان لو، تم کبھی بھی کافی نہیں ہو گی، لیکن تم کبھی ہمت نہیں ہارنا۔

62 سالہ ہالی وڈ اسٹار نے اس اعزاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل اس بات کا اظہار ہے کہ وہ اپنے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں یہ نہیں کہ دوسرے انہیں کیسے دیکھتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وقت کے ساتھ ان کی سوچ میں کافی تبدیلی آئی ہے۔

ایک پرانے انٹرویو میں ڈیمی مور نے تسلیم کیا تھا کہ آج بھی بعض اوقات وہ اپنی شکل و صورت سے مطمئن نہیں ہوتیں لیکن اب وہ اپنے جسم کی ان تمام تبدیلیوں اور تجربات کی عزت کرتی ہیں جن سے وہ گزری ہیں۔

وہ پلانٹ بیسڈ (نباتاتی) غذا کھاتی ہیں، مراقبہ کرتی ہیں، نیند کا خاص خیال رکھتی ہیں اور آج بھی روزانہ ایک ریڈ بُل پینا پسند کرتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ انہی کاموں پر توجہ دیتی ہیں جو انہیں ذہنی و جسمانی طور پر بہتر محسوس کرواتے ہیں۔

ڈییمی نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹیوں سے بہت قریب ہیں اور نانی ہونے کے تجربے سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

وہ اب بھی اپنے سابق شوہر بروس وِلس سے رابطے میں ہیں اور ان کے 70ویں یومِ پیدائش پر خصوصی پیغام بھی دیا تھا۔