عامر خان نے ’مہابھارت‘ پر فلم بنانے سے متعلق اپڈیٹس شیئر کردیں
مہابھارت پر کام اسی سال شروع کرنے کا ارادہ ہے ، عامر خان
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان طویل عرصے سے ہندو مذہب کی تاریخ پر مبنی ’مہابھارت‘ پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن ان کا یہ منصوبہ ابھی تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پایا۔
اداکار عامر خان کئی بار اس کا ذکر کر چکے ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے طریقہ کار کی تفصیلات بھی شیئر کی ہیں۔
تاہم یہ فلم تاحال پری پروڈکشن مرحلے میں داخل نہیں ہوئی لیکن اب لگتا ہے کہ یہ صورت حال جلد تبدیل ہو سکتی ہے۔
حالیہ ایک انٹرویو میں عامر نے عندیہ دیا کہ فلم کی اسکرپٹ پر کام کا آغاز اسی سال ہو سکتا ہے۔
ایک انٹرویو میں جب عامر خان سے ان کے 2025 کے عزائم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرا عزم یہ ہے کہ میں ایسی کہانیاں سناتا رہوں جو دل کو چھو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور خواب جو میں پورا کرنا چاہتا ہوں اور جس پر میں امید کر رہا ہوں کہ اسی سال کام شروع ہو جائے گا، وہ مہابھارت پر کام ہے۔
عامر کا کہنا تھا کہ یہ ان کی سب سے بڑی خواہشات میں سے ایک ہے اور امید ہے کہ اس سال فلم کا آغاز ہو جائے گا کیونکہ صرف اسکرپٹ لکھنے کا مرحلہ ہی کئی سال لے گا۔
مہابھارت اور لارڈ آف رنگز کا تعلق
عامر خان نے بتایا کہ وہ اس پراجیکٹ سے بطور پروڈیوسر وابستہ ہوں گے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ اس میں اداکاری بھی کریں گے یا نہیں۔
جب عامر سے ہدایتکاری کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کہانی کو تین یا اس سے زیادہ حصوں پر مشتمل فلموں کی صورت میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آپ مہا بھارت کو ایک فلم میں نہیں سمیٹ سکتے اسلیے میں فلم کی متعدد فرنچائز بنانے کا سوچ رہا ہوں اور اگر ہم اسے ایک مخصوص ٹائم لائن میں مکمل کرنا چاہتے ہیں تو شاید ہمیں متعدد ہدایتکاروں کی ضرورت پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس فلم کی شوٹنگ ایک کے بعد ایک کریں تو یہ بہت وقت لے گا، جیسے 'لارڈ آف دی رنگز' کے ساتھ ہوا، جہاں تمام تین حصے ایک ساتھ فلمائے گئے تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ’لارڈ آف دی رنگز‘ کی تینوں فلمیں ایک ساتھ شوٹ کی گئیں تھیں مگر ان سب کی ہدایتکاری پیٹر جیکسن نے کی تھی۔
یہ فلم فینٹیسی سنیما کی تاریخ کی نمایاں ترین تخلیقات میں سے ایک سمجھی جاتی ہے جس نے دنیا بھر میں 2.9 ارب ڈالر کمائے اور 17 آسکر ایوارڈز جیتے۔
عامر خان ورک فرنٹ پر
واضح رہے کہ عامر خان کی اگلی فلم ’ستارے زمین پر‘ ہوگی جو ان کی 2008 کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔
اداکار نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ اس فلم میں وہ ایک منفی کردار ادا کر رہے ہیں جو ان کی پہلی فلم کے برخلاف ہے۔





