فلم / ٹی وی

'ستارے زمین پر' کے منتظر مداحوں کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری

عامر خان کی آنے والی فلم کے ٹریلر کو سینسر بورڈ نے گرین سگنل دے دیا

Web Desk

'ستارے زمین پر' کے منتظر مداحوں کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری

عامر خان کی آنے والی فلم کے ٹریلر کو سینسر بورڈ نے گرین سگنل دے دیا

‘ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر کو یو اے 13+ سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے
‘ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر کو یو اے 13+ سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے

عامر خان کی آنے والی ہندی فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر کو باضابطہ طور پر سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) سے سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔

 کھیل کے موضوع پر مبنی یہ فلم جو کہ بہت زیادہ سراہے جانے والی فلم ’تارے زمین پر‘ (2007) کا سیکوئل ہے اپنے اعلان کے بعد سے ہی فلمی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اب تازہ ترین خبر نے اس انتظار کو مزید بڑھا دیا ہے۔

بھارتی سینسر بورڈ (سی بی ایف سی) کی فہرست کے مطابق ‘ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر کو یو اے 13+ سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ والدین کی رہنمائی میں 13 سال سے زیادہ عمر کے ناظرین کے لیے موزوں ہے۔

فلم کو ممبئی میں منعقد سی بی ایف سی کے ریجنل آفس نے کلیئر کیا ہے اور  کلیرئنس  سرٹیفکیٹ باضابطہ طور پر 25 اپریل 2025 کو جاری کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے  ٹریلر کا دورانیہ 3 منٹ اور 29 سیکنڈ ہے جو ناظرین کیلئے فلم کی جذباتی اور متاثر کن دنیا کی ایک طویل جھلک پیش کرتا ہے۔

عامر خان کا کردار

فلم ’ستارے زمین پر‘ میں عامر خان ایک شرابی کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو پیرالمپکس میں مقابلہ کرنے کے خواب دیکھنے والے خصوصی بچوں کے ایک گروپ کی تربیت کرتا ہے۔ 

فلم کی کہانی ’تارے زمین پر‘ کی عکاسی کرتے ہوئے نئے جذباتی پہلوؤں کو بھی اجاگر کرتی ہے، اگرچہ قیاس آرائیاں تھیں کہ ٹریلر سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم 'سکندر' کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، تاہم ذرائع نے واضح کیا ہے ٹریلر اجے دیوگن کی فلم ’ریڈ 2‘ کے ساتھ بڑے پردے پر ریلیز کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  اس حکمت عملی کا مقصد تھیٹر جانے والے ناظرین کے درمیان فلم کی زیادہ سے زیادہ نمائش کو یقینی بنانا اور اس کی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔

اس سے قبل،بھارتی میڈیا پر خصوصی طور پر انکشاف کیاگیا تھا کہ ’ستارے زمین پر‘  20 جون 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

 تاہم  ابتدائی طور پر فلم کو 30 مئی کو ریلیز کرنے پر غور کیا جا رہا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق عامر خان نے بہتر باکس آفس ونڈو کو یقینی بنانے اور دیگر بڑی فلموں سے تصادم سے بچنے کے لیے ریلیز میں تاخیر کرنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فلم کی ایڈیٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور عامر اب ایک مؤثر تشہیری مہم بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ 

عامر ’ستارے زمین پر‘ کے مواد پر پختہ یقین رکھتے ہیں کیونکہ کہانی ان کے ہنسی، احساس اور ڈرامہ کے فارمولے پر مبنی ہے جس کیلئے اداکار صرف  ایک اچھی ونڈو کی تلاش میں تھے اور انہیں 20 جون کی صورت میں وہ ونڈو مل گئی۔

'ستارے زمین پر' کے بارے میں

واضح رہے کہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا، اس مرتبہ بھی فلم ’ستارے زمین پر’ میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی۔

’تارے زمین پر‘ میں عامر خان نے ایک ایسے آرٹ ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک طالب علم، ایشان اوستھی، کو ڈسلیکسیا پر قابو پانے اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو باہر لانے میں مدد کرتے ہیں۔

اس فلم میں ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے نبھایا تھا، جوکہ اب اس کے سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، اس فلم کا شائقین بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔