ٹریول

جاپان نے 71 ممالک کو ویزا فری انٹری دے دی

Web Desk

جاپان نے 71 ممالک کو ویزا فری انٹری دے دی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

جاپان نے 71 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری اور ایک نیا الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن سسٹم (JESTA) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو 2028 میں شروع کیا جائے گا۔ یہ نظام ابتدائی طور پر 2030 میں شروع کرنے کا منصوبہ تھا، مگر اب اسے دو سال پہلے نافذ کیا جا رہا ہے۔

یہ اعلان جاپان کے وزیر انصاف کیسوکے سوزوکی نے 23 اپریل کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ،‘ہم امریکا کے ESTA سسٹم کی طرز پر اپنا نظام 2028 تک فعال کرنا چاہتے ہیں تاکہ بین الاقوامی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مؤثر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔‘

JESTA کے متعارف کرانے کی وجوہات

JESTA کے متعارف کرانے کی بنیادی وجوہات میں سرحدی تحفظ کو مزید مستحکم کرنا، سفر سے قبل مسافروں کی معلومات کی جانچ پڑتال کرنا، امیگریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانا، ایئرپورٹس پر قطاروں کی کمی کرنا اور جدید خودکار نظام کے ذریعے فوری پراسیسنگ شامل ہیں۔

JESTA کیا ہے؟

جاپان کا الیکٹرانک سسٹم فار ٹریول آتھورائزیشن (JESTA) ویزا فری ممالک کے مسافروں سے مطالبہ کرے گا کہ وہ جاپان روانگی سے قبل ایک آن لائن درخواست مکمل کریں۔ اس درخواست میں سفر کا مقصد، قیام کی مدت، رہائش کی تفصیلات اور ذاتی معلومات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ 

درخواست کی منظوری کے بعد، مسافروں کو ایک ڈیجیٹل اجازت نامہ جاری کیا جائے گا، جو عموماً 90 دن تک کے مختصر قیام کے لیے کارگر ہوگا۔ جن افراد کی درخواستیں مسترد ہوں گی، وہ جاپان کے لیے پرواز پر سوار نہیں ہو سکیں گے۔

JESTA کس کے لیے ضروری ہوگا؟

یہ نظام ان 71 ممالک اور علاقوں کے شہریوں پر لاگو ہوگا جنہیں اس وقت جاپان میں داخلے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں۔ ان ممالک میں شامل ہیں: انڈورا، ارجنٹائن، آسٹریلیا، آسٹریا، بہاماس، بارباڈوس، بیلجیئم، برازیل، برونائی، بلغاریہ، کینیڈا، چلی، کوسٹا ریکا، کروشیا، قبرص، چیک ریپبلک، ڈنمارک، ڈومینیکن ریپبلک، ایل سلواڈور، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، ہانگ کانگ، ہنگری، آئس لینڈ، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اسرائیل، اٹلی، لٹویا، لیسوتھو، لیختن اسٹائن، لتھوانیا، لکسمبرگ، مکاؤ، ملیشیا، مالٹا، ماریشس، میکسیکو، موناکو، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، نارتھ میسیڈونیا، ناروے، پانامہ، پولینڈ، پرتگال، قطر، رومانیہ، سان مارینو، سربیا، سنگاپور، سلوواکیہ، سلووینیا، جنوبی کوریا، اسپین، سورینام، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، تھائی لینڈ، تیونس، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکا اور یوروگوئے۔

JESTA سے مسافروں کو کیا فوائد حاصل ہوں گے؟

JESTA مسافروں کو خودکار نظام کے ذریعے امیگریشن کے عمل میں تیزی، ایئرپورٹس پر بھیڑ میں کمی، روانگی سے پہلے سکیورٹی چیک کے ذریعے بہتر تحفظ اور سیاحتی پالیسیوں کے لیے معیاری ڈیٹا کی دستیابی جیسے فوائد فراہم کرے گا۔

یہ قدم جاپان کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد 2030 تک سالانہ 60 ملین غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کرنا ہے اور جاپان کو عالمی سیاحت کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دینا ہے۔