'بم' کہنے پر عدنان سمیع کی فواد چوہدری کو گالیاں
فواد چوہدری کے ہاتھوں مسلسل ٹرولنگ پر عدنان سمیع گالم گلوچ پر اتر آئے
پہلگام حملے کے بعد جہاں بھارتی بڑھکوں پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میمز کی بھرمار جاری ہے وہیں پاکستان کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ہاتھوں مسلسل ٹرولنگ پر معروف گلوکار عدنان سمیع گالم گلوچ پر اتر آئے۔
عدنان سمیع اور فواد چوہدری کے درمیان سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ اُس وقت شروع ہوا جب فواد چوہدری نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ 'کیا بھارتی شہریت اختیار کرنے والے پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع کو بھی بھارت سے نکالا جائے گا یا نہیں؟'
اس پر عدنان سمیع نے فوری جواب دیتے ہوئے تلخ کلامی شروع کردی تھی اور فواد چوہدری کو 'جاہل' اور 'احمق' قرار دے دیا تھا، اپنی پوسٹ میں عدنان سمیع نے لکھا کہ 'کون اِس جاہل احمق کو بتائے گا کہ میں 2016 میں بھارتی شہریت حاصل کرچکا ہوں؟'
بعدازاں فواد چوہدری نے ایک اور پوسٹ میں عدنان سمیع کو 'لاہوری' قرار دیتے ہوئے لکھا کہ 'ہمارا اپنا لاہوری عدنان سمیع! ایسا لگ رہا ہے کہ غبارے میں سے ہوا نکل گئی ہو، جلد صحتیاب ہوجاؤ'
فواد چوہدری کی اس پوسٹ پر عدنان سمیع مزید بھڑک اٹھے، انہوں نے مزید سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ 'تمہیں یہ بھی ٹھیک سے نہیں معلوم، میرا تعلق پشاور سے ہے، لاہور سے نہیں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'میری تو ہوا نکل گئی لیکن تُو ابھی بھی غبارہ ہے، یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ تم وزیرِ (غلط) اطلاعات بھی رہ چکے ہو اور تمہیں بنیادی حقائق تک کا علم نہیں اور تم وزیرِ سائنس بھی تھے؟ یہ کونسی 'بکواس سائنس' تھی؟'
سوشل میڈیا پر اس نوک جھونک کے بعد دونوں ممالک کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور ردعمل سامنے آیا، جہاں کچھ افراد عدنان سمیع کی حمایت کرتے نظر آئے تو کچھ نے فواد چوہدری کو درست قرار دیا۔
دریں اثنا معاملہ یہیں نہیں رکا، فواد چوہدری نے عدنان سمیع کی ٹرولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک میم شیئر کی جس میں عدنان سمیع کی بھارتی شہریت اختیار کرنے سے پہلے پاکستان میں صحت اور پاکستانی شہریت ترک کرنے کے بعد بھارت میں صحت کا موازنہ کرتے ہوئے طنز کیا گیا تھا کہ 'کس قوم کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے؟'
اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے عدنان سمیع کو ٹیگ کرکے لکھا کہ 'ہمارا بم واپس کرو'۔
فواد چوہدری کے ہاتھوں اس ٹرولنگ پر عدنان سمیع آپے سے باہر ہوگئے اور باقاعدہ گالیوں پر اُتر آئے۔
انہوں نے فواد چوہدری کی پوسٹ کا جواب نازیبا انداز میں دیتے ہوئے لکھا کہ 'اتنا سوچ کر تم نے یہ جواب دیا ہے؟ خیر کوئی بات نہیں، یہی ہوتا ہے جب آپ میں شعور کی کمی ہو، تمہارے ہوتے ہوئے پاکستان کو نہ BOMB کی ضرورت ہے نہ BUM کی'۔
عدنان سمیع نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے ڈر سے فرار ہونے کی پرانی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ 'جب تم ڈر کر بھاگتے ہو تو بڑے اچھے لگتے ہو'۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عدنان سمیع اور کسی پاکستانی کے درمیان اس قسم کے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہو، بھارتی شہریت اختیار کرنے کے بعد سے عدنان سمیع اکثر پاکستان اور پاکستانیوں کے خلاف بولتے نظر آتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع، جو اپنی خوبصورت آواز اور البمز جیسے ’کبھی تو نظر ملاؤ‘ اور ’لفظوں میں‘ کے باعث شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے 2016 میں پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرلی تھی اور اب اپنے خاندان کے ہمراہ ممبئی میں مقیم ہیں۔
ماضی میں اپنے انٹرویوز میں عدنان سمیع یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ انہیں بھارتی شہریت حاصل کرنے میں 18 سال لگے، اور ایک مرحلے پر وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک ’بے وطن‘ بھی رہے۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان میں اپنے تحفظ سے متعلق خدشات لاحق تھے۔


