بھارتی فلم سے پتّا کٹنے کے باوجود ہانیہ کی 'بادشاہ' کیلئے مداح سرائی
ہانیہ عامر نے بھارتی گلوکار کے آنے والے گانے کے لیے اپنی سپورٹ کا اظہار کردیا
پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارتی فلم سے پاکستانی فنکاروں کا پتّا کٹنے کے باوجود معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ کے آنے والے گانے کے لیے اپنی سپورٹ کا اظہار کردیا۔
کئی ماہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ہانیہ عامر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ انڈین پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں نظر آئیں گی جس کی تصدیق اداکار ناصر چنیوٹی نے بھی کی تھی لیکن پہلگام حملے کے بعد فلم مشکلات کا شکار نظرآتی ہے۔
اسی دوران بھارتی میڈیا کی جانب سے تصدیق سامنے آئی کہ ہانیہ عامر کی دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم کو مؤخر کر دیا گیا ہے کیونکہ فلم انڈسٹری کے فنکاروں کی تنظیم ’فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز‘ نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس حوالے سے ہانیہ عامر کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم اپنے دوست اور معروف بھارتی گلوکار بادشاہ کے آنے والے گانے کیلئے سپورٹ ضرور سامنے آگئی۔
بادشاہ کا نیا گانا 'گلیوں کے غالب' رواں ماہ 30 اپریل کو ریلیز ہونے والا ہے اور ہانیہ بھی اس گانے کی پروموشن میں بھرپور ساتھ دیتی نظر آرہی ہیں۔
ہانیہ عامر نے 27 اپریل کو انسٹاگرام پر بادشاہ کے نئے گانے کا پرومو 'ری شیئر' کرکے مسکراتے ہوئے ایموجی کے ساتھ ایک جذباتی نوٹ لکھا 'بنایا تُو نے غالب، بالآخر'۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہانیہ عامر کی یہ انسٹاگرام اسٹوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کے جذباتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ہانیہ عامر کی تصاویر کے کمنٹ سیکشن میں ان سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے 'ان فالو' کا اعلان کرتے نظر آرہے ہیں۔
ہانیہ اور بادشاہ کے تعلقات کے چرچے
واضح رہے کہ بھارتی ریپر بادشاہ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے درمیان رومانوی تعلقات کے چرچے بھی کافی عرصے سے زبان زد عام ہیں۔
ہانیہ عامر اور بادشاہ کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملاقاتوں کی ویڈیوز اور تصاویر پہلی مرتبہ دسمبر 2023 میں وائرل ہوئی تھیں، اس کے بعد سے وہ اکثر و بیشتر کئی مواقع پر ساتھ دیکھے جاتے رہے ہیں۔
پہلگام حملے کی مذمت
یاد رہے کہ پہلگام واقعے پر دیگر پاکستانی فنکاروں کے علاوہ ہانیہ عامر بھی واضح طور پر افسوس کا اظہار کر چکی ہیں۔
ہانیہ عامر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ 'کہیں بھی ہونے والا سانحہ ہم سب کے لیے سانحہ ہوتا ہے، میرا دل حالیہ واقعات سے متاثر ہونے والی معصوم جانوں کے ساتھ ہے، دکھ میں، غم میں اور اُمید میں، ہم ایک ہیں'۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ 'جب معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں، تو وہ دکھ صرف اُن کا نہیں ہوتا وہ ہم سب کا دکھ بن جاتا ہے،ہم چاہے جہاں سے بھی ہوں، غم ایک ہی زبان بولتا ہے، کاش ہم ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دیں'۔




