ہانیہ کی جگہ نئی اداکارہ کیساتھ 'سردار جی 3' کی دوبارہ شوٹنگ کا فیصلہ
پہلگام حملے کے بعد ہانیہ عامر کا بھارتی فلمی ڈیبیو بھی خطرے میں پڑ گیا
پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو انکی بالی وڈ ڈیبیو فلم 'سردار جی 3' سے نکال کر نئی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی خبروں نے تہلکہ مچادیا۔
اکتوبر 2024 میں جب مشہور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے لندن کنسرٹ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو اسٹیج پر خوش آمدید کہا تھا تو بھارتی و پاکستانی مداحوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی، اس دلکش لمحے میں دلجیت نے ہانیہ کے لیے گانا بھی گایا اور ہانیہ بھی خوشی سے جھوم اٹھی تھیں۔
اسی خوبصورت لمحے کے بعد رواں برس سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ ہانیہ عامر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ انڈین پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں نظر آئیں گی جس کی تصدیق اداکار ناصر چنیوٹی نے بھی کی تھی لیکن پہلگام حملے کے بعد فلم مشکلات کا شکار نظر آرہی ہے، تازہ ترین خبروں کے مطابق ہانیہ عامر کو اس فلم سے نکالنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 22 اپریل کو کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے المناک دہشتگرد حملے میں 26 سیاحوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
اس واقعے کے بعد نہ صرف فواد خان کی طویل انتظار کے بعد آئندہ ماہ ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ کی بھارت میں ریلیز پر سوالیہ نشان لگ گیا، بلکہ ہانیہ عامر کا بھارتی فلمی ڈیبیو بھی خطرے میں پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’سردار جی 3‘ کی برطانیہ میں مکمل ہونے والے شوٹنگ کے بعد اب فلمساز اس فلم میں سے ہانیہ کے حصے کو نکال کر کسی اور اداکارہ کے ساتھ دوبارہ شوٹنگ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آرہا، ایک بھارتی صارف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ 'اسی لیے کہتے ہیں جیسا کرو گے ویسا بھرو گے'، دوسری جانب ہانیہ عامر کے پاکستانی مداحوں نے اس خبر پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ 'جنہوں نے دہشتگرد حملہ کیا ان کا کچھ نہیں بگڑا، بے قصور فنکاروں کو سزا کیوں دی جا رہی ہے؟' ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ 'یہ کونسی جنگ ہے جو ہانیہ عامر کے خلاف لڑی جا رہی ہے؟'
تاحال ’سردار جی 3‘ کے فلم سازوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان یا بیان سامنے نہیں آیا ہے، اور مداح بے صبری سے اس معاملے کی وضاحت کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر کا فلمی سفر پاکستان میں خاصا کامیاب رہا ہے، اور ان کے بھارتی سینما میں قدم رکھنے کی خبریں ان کے مداحوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سمجھی جا رہی تھیں، اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا ہانیہ عامر اس پروجیکٹ کا حصہ رہیں گی یا انہیں واقعی اس فلم سے نکالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پہلگام حملے کی مذمت
یاد رہے کہ پہلگام واقعے پر دیگر پاکستانی فنکاروں کے علاوہ ہانیہ عامر بھی واضح طور پر افسوس کا اظہار کر چکی ہیں۔
ہانیہ عامر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ 'کہیں بھی ہونے والا سانحہ ہم سب کے لیے سانحہ ہوتا ہے، میرا دل حالیہ واقعات سے متاثر ہونے والی معصوم جانوں کے ساتھ ہے، دکھ میں، غم میں اور اُمید میں، ہم ایک ہیں'۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ 'جب معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں، تو وہ دکھ صرف اُن کا نہیں ہوتا وہ ہم سب کا دکھ بن جاتا ہے،ہم چاہے جہاں سے بھی ہوں، غم ایک ہی زبان بولتا ہے، کاش ہم ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دیں'۔





