ٹک ٹاکر آیت مریم اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار
جوڑے کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن کی رہائشی اور ٹک ٹاکر آیت مریم کو ان کے شوہر نے مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کردیا۔
تھانہ نواب ٹاؤن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کے مطابق دو روز قبل سعد نامی شخص نے اپنی اہلیہ آیت مریم کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا اور گھر پر تالا لگا کر فرار ہو گیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ’واقعے کے بعد جب گھر سے تعفن اٹھنا شروع ہوا تو اہل علاقہ نے پیر 28 اپریل کو 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی۔‘
’جب پولیس ٹک ٹاکر کے گھر پہنچی تو گھر پر تالا لگا ہوا تھا، ہم تالا کھول کر اندر داخل ہوئے تو خاتون کی لاش پڑی تھی جس سے شدید بدبو آ رہی تھی۔‘
ایس ایچ او میاں تحسین نے مزید بتایا کہ آیت مریم کی سعد سے دوسری اور پسند کی شادی تھی۔ ان کا سابقہ شوہر سے ایک بچہ بھی ہے۔
’سعد اور آیت کے آپس میں جھگڑے چلتے رہتے تھے لیکن یہ دونوں ساتھ ٹک ٹاک بھی بناتے تھے، سعد کے اکاؤنٹ سے بھی آیت کے ساتھ بنائی گئی متعدد ٹک ٹاکس پوسٹ کی گئی ہیں۔‘
مقتولہ کی ہمشیرہ نے بیان دیا کہ ان کی بہن انہیں متعدد بار فون پر بتا چکی تھیں کہ ’ان کا اپنے شوہر کے ساتھ آئے روز جھگڑا اور تلخ کلامی ہوتی رہتی ہے اور ان کے شوہر انہیں اکثر قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔‘
انہوں نے پولیس کو بیان دیا کہ ’پیر کو شام تین چار بجے جب وہ اپنی بہن کے گھر ان سے ملنے آئیں تو دیکھا کہ ان کے گھر کے باہر بہت سے لوگ جمع تھے، اندر جا کر دیکھا تو ان کی بہن کی لاش بستر پر پڑی تھی جبکہ بہنوئی وہاں موجود نہیں تھے۔‘
ایس ایچ او تھانہ تحسین نے بتایا کہ مقتولہ کی بہن انہیں دو روز سے کال کر رہیں تھیں، انہوں نے مقتولہ کے شوہر کو بھی فون کیا لیکن وہ بھی مسلسل بند تھا جس پر انہیں تشویش ہوئی اور وہ ان سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئیں۔
ملزم کیسے پکڑا گیا؟
پولیس افسر کے مطابق ’خاتون کا شوہر غائب تھا اسی لیے ہمیں ان پر شک ہوا، تو ہم اسی کو تلاش کرنے میں لگ گئے، اس کا فون بھی مسلسل بند تھا اس لیے شک زیادہ ہو گیا۔
پولیس افسر کے مطابق ’ہم نے خاتون کے شوہر سعد کے حوالے سے چھان بین کرنی شروع کردی ااور پیر کی رات کو ہی اسے ایک گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملزم نے ابتدائی بیان میں تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا ہے۔‘
اس کیس کی ایف آئی آر دفعہ 302 کے تحت مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں تھانہ نواب ٹاؤن میں درج کی گئی ہے۔
تحسین کا کہنا تھا کہ اس کیس میں مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
-
انفوٹینمنٹ 7 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 8 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا