سنجے دت نے دوستوں کو تحفے میں’قرآن‘ کیوں دیا؟
راز سے پردہ اٹھ گیا
بالی وڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل اور سنجے دت ہمیشہ سے بہت قریب رہے ہیں، اداکارہ نے چونکا دینے والا انکشاف کردیا کہ سنجے دت نے اپنے بچوں کی پیدائش پر لوگوں کو تحفے میں قرآن مجید پیش کیے تھے۔
اداکارہ نے حال ہی میں فلم انڈسٹری میں 25 سال مکمل کیے ہیں اور ایک انٹرویو میں امیشا پٹیل نے سنجے دت اور ان کی اہلیہ مانیتا دت کے ساتھ وابستگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے ساتھی اداکاروں کے بارے میں گفتگو کے دوران سنجے دت کے حوالے سے اہم انکشاف کیا، اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے دراصل سنجے دت کے اور مانیتا کے لیے ایک بے بی شاور (گود بھرائی) کی میزبانی کی تھی۔
امیشا پٹیل نے کہا کہ میں نے سنجے دت کے لئے بے بی شاور کی تقریب کا اس وقت اہتمام کیا جب مانیتا کے پیٹ میں جڑواں بچے پل رہے تھے، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہ ایک لڑکی اور ایک لڑکا ہونے والا ہے۔ یہ بہت خوبصورت لمحہ تھا، سنجو کی دونوں بہنیں بھی شریک ہوئی تھیں۔
انٹرویو کے دوران امیشا پٹیل نے سنجے دت کے بچوں کی پیدائش کے بعد خوبصورت تحفہ وصول کرنے کے بارے میں بھی حیران کن انکشاف کیا، انہوں نے بتایا کہ پیدائش کے وقت شاہ ران اور اقرا بہت پیارے تھے، مانیتا مسلمان ہیں جبکہ سنجو کا تعلق ہندو مذہب سے ہے، دونوں نے بچوں کے جنم کی خوشی میں قرآن مجید کا نسخہ اور گیتا کی کاپی تحفے میں دی تھی۔
یاد رہے کہ سنجے دت کی والدہ اور اپنے زمانے کی مشہور و خوبرو اداکارہ نرگس کا تعلق بھی مسلمان گھرانے سے تھا۔
اس کے علاوہ ایک اور انٹرویو میں امیشا نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں سنجے دت کے گھر مغربی لباس پہننے کی بالکل اجازت نہیں ہے۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ چونکہ سنجے دت بہت حساس اور محافظ مزاج کے مالک ہیں تو اسی بات کر مدنظر رکھتے ہوئے میں جب بھی سنجے دت کے گھر جاتی ہوں تو لازمی طور پر شلوار قمیض پہنتی ہوں۔
اداکارہ کے مطابق سنجے دت ہمیشہ کہتے ہیں، کہ‘تم اس فلم انڈسٹری کے لیے بہت معصوم ہو۔ میں تمہارے لیے ایک اچھا شوہر ڈھونڈوں گا، تمہاری شادی کراؤں گا اور تمہارا کنیا دان خود کروں گا۔
متعدد فلموں میں بڑے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے والی 49سالہ اداکارہ امیشا پٹیل خود اب تک کنواری ہیں، انہوں نے بالی وڈ کے موسٹ وانٹڈ بیچلر سلمان خان کے بارے میں کہا کہ میں انہیں شادی کرتے نہیں دیکھنا چاہتی، سلمان خان بہت اچھے اور دوسروں کا خیال رکھنے والے انسان ہیں۔
فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ امیشا پٹیل آخری بار سنی دیول کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’غدر‘ کے سیکیوئل ’غدر 2’ میں طویل عرصے کے بعد فلمی پردے پر جلوہ گر ہوئیں تھیں، انکی بہترین فلموں میں کہو نا پیار ہے، غدر، ہم راز اور غدر ٹو شامل ہیں۔




