کھیل

پاک بھارت کشیدگی، ایشیا کپ 2025 ملتوی ہونے کا خدشہ

سنیل گواسکر نے ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہونے کا امکان ظاہر کردیا

Web Desk

پاک بھارت کشیدگی، ایشیا کپ 2025 ملتوی ہونے کا خدشہ

سنیل گواسکر نے ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہونے کا امکان ظاہر کردیا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

پہلگام حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی نے ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ 2025 کے انعقاد کے ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا کر دیا۔

ٹورنامنٹ کی میزبانی سری لنکا یا متحدہ عرب امارات کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے، مگر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قوی امکان ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دے گا، اگر ایسا ہوا تو ٹورنامنٹ موخر یا مکمل طور پر منسوخ بھی ہو سکتا ہے۔

پاک بھارت میچ نہ صرف شائقین کے لیے سب سے بڑی دلچسپی کا مرکز ہوتے ہیں بلکہ ٹی وی ریٹنگز، اسپانسرشپ، اور تجارتی پہلوئوں سے بھی ٹورنامنٹ کا دار و مدار انہی پر ہوتا ہے، گزشتہ ایڈیشنز میں بھی پاک بھارت مقابلوں نے ہی ایشیا کپ کو زندہ رکھا۔

اگر ایونٹ میں پاک بھارت میچز نہ ہوئے تو ٹورنامنٹ کی کمرشل اہمیت بری طرح متاثر ہوگی اور ایشین کرکٹ کونسل کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہونے کا امکان

دوسری جانب بھارتی کرکٹ لیجنڈ سنیل گواسکر نے پہلگام حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک چونکا دینے والی پیشگوئی کی ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) آئندہ چند ماہ میں تحلیل ہو سکتی ہے۔

سنیل گواسکر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایشیا کپ میں پاکستان کی شرکت کا امکان نہایت کم ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) ہمیشہ بھارتی حکومت کے فیصلوں کے تابع ہوتا ہے اور اس بار بھی کچھ اِس سے مختلف ہونے کی امید نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے اس ایڈیشن کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، لیکن اگر حالات نہیں بدلے تو میرے خیال میں پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔

سنیل گواسکر نے مزید کہا کہ آئندہ چند مہینے اس بات کا تعین کریں گے کہ کیا بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات بہتر ہو سکتے ہیں، ورنہ ایشین کرکٹ کونسل کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کو ختم کر دیا جائے اور اس کی جگہ تین یا چار ملکی ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں جن میں ہانگ کانگ یا یو اے ای کو بھی مدعو کیا جا سکتا ہے۔

سنیل گواسکر نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر بھارت ایشین کرکٹ کونسل سے علیحدہ ہوتا ہے تو بھارتی کرکٹ بورڈ خود ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ منعقد کروا سکتا ہے، جس میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان جیسے ممالک کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا کپ بھارت یا سری لنکا میں منعقد نہیں ہوتا، تو ہم خود ایک چار یا پانچ ملکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کر سکتے ہیں اور اگر وہ بنگلہ دیش یا سری لنکا میں ہو بھی تب بھی بھارت ہی اصل میزبان ہوگا۔

سنیل گواسکر نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدہ سیاسی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں کھیل کے میدان میں ایک دوسرے کا سامنا کرنا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بالکل حیران نہیں ہوں گا اگر ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہو جائے، کیونکہ جب دو ملک آپس میں دشمن بنے ہوئے ہوں، تو کھیل کے ذریعے ایک دوسرے سے تعلق قائم رکھنا ممکن نہیں ہوتا۔