نواز الدین صدیقی نے 'سکندر' کی ناکامی کی اصل وجہ بتادی
میں نے 'سکندر' فلم ابھی تک نہیں دیکھی، نواز الدین صدیقی
بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی تازہ ترین فلم 'سکندر' باکس آفس پر متاثرکن کارکردگی نہ دکھا سکی۔
ریلیز سے قبل سلمان خان نے کہا تھا کہ 'فلم جیسی بھی ہو لیکن 200 کروڑ تو کما ہی لے گی' تاہم توقعات کے برعکس یہ فلم بھارت میں 200 کروڑ کا ہندسہ عبور نہ کرسکی۔
مداحوں کی جانب سے مایوسی کے اظہار کے بعد اداکار نوازالدین صدیقی نے آگے بڑھ کر اپنے سابق کو-اسٹار سلمان خان کا دفاع کیا اور فلم کی ناکامی کا ذمہ دار صرف اداکار کو ٹھہرانے کے رویے پر سوال اٹھایا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے کہا کہ میں نے 'سکندر' ابھی تک نہیں دیکھی، اس لیے مجھے نہیں معلوم کہ فلم کیسی ہے، لیکن ایک سپر اسٹار کی خوبی یہی ہوتی ہے کہ وہ ایک عام فلم کو بھی بڑا بنا دیتا ہے، چاہے اُس میں جان ہو یا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلمان خان کی بے پناہ شہرت اکثر ایک اوسط درجے کی فلم کو بھی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا دیتی ہے اور یہی ایک حقیقی سُپر اسٹار کی پہچان ہے۔
اگرچہ نوازالدین صدیقی نے یہ تسلیم کیا کہ ممکن ہے 'سکندر' عوام کو متاثر نہ کر سکی ہو لیکن ان کے مطابق اس ناکامی کا سارا بوجھ صرف سلمان خان پر ڈالنا ناانصافی ہے۔
نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی کی بڑی وجہ اس کے ڈائریکٹر اور رائٹر کی خامیاں بھی ہو سکتی ہیں، اگر بھائی (سلمان خان) کسی فلم کے لیے ہاں کر دیتے ہیں، تو اس کے بعد وہ فلم ایک بڑی ذمہ داری بن جاتی ہے، کیونکہ وہ آپ کو اپنی فین بیس پلیٹ میں رکھ کر پیش کر رہے ہوتے ہیں، ایسے میں صرف بھائی پر انگلی اٹھانا مناسب نہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب کوئی بڑا اسٹار فلم میں کام کرنے پر آمادہ ہو جائے، تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ فلمسازوں کو بھرپور محنت کرنی چاہیے تاکہ کہانی، اسکرپٹ اور ہدایتکاری سب کچھ اس اسٹارڈم کے مطابق ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ سلمان صرف اپنی اداکاری کے جوہر ساتھ نہیں لاتے، وہ ایک تہوار جیسا ماحول بنا دیتے ہیں، سینما گھروں میں فلم بینوں کے ہجوم کو کھینچ لاتا ہے، اگر فلم پھر بھی نہیں چلتی تو اس کی ذمہ داری صرف اداکار پر نہیں، بلکہ تخلیق کاروں پر بھی ہونی چاہیے'۔
یاد رہے کہ نوازالدین صدیقی اور سلمان خان اس سے قبل 'بجرنگی بھائی جان' اور 'کِک' جیسی بلاک بسٹر فلموں میں ساتھ کام کر چکے ہیں، جنہوں نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔
نواز الدین صدیقی نے ان تجربات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 'سلمان خان ایک جذبے سے بھرپور فنکار ہیں اور 'بجرنگی بھائی جان' کے دوران انہوں نے مجھے کچھ خود اپنے ڈائیلاگز ادا کرنے کی بھی آزادی دی تھی، وہ لوگوں کو آگے لاتے ہیں۔ حوصلہ دیتے ہیں'۔




