ہالی ووڈ

ٹام کروز کی فلم کا وہ منظر جو برسوں بعد حقیقت بن گیا

2001 میں ریلیز فلم ’ونیلا اسکائی‘ میں ٹام کروز کوٹائمز اسکوائر پر واک کرتے دکھایا گیا تھا

Web Desk

ٹام کروز کی فلم کا وہ منظر جو برسوں بعد حقیقت بن گیا

2001 میں ریلیز فلم ’ونیلا اسکائی‘ میں ٹام کروز کوٹائمز اسکوائر پر واک کرتے دکھایا گیا تھا

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

ٹام کروز کو ہالی وڈ میں ایکشن فلموں کے حوالے سے خاصی شہرت حاصل ہے، 2001 میں ریلیز ہونے والی ان کی ایکشن فلم ’ونیلااسکائی‘ کے ایک سین کی شوٹنگ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر کی گئی تھی جس پر ایک ملین ڈالر کی خطیر لاگت آئی تھی۔

اس سین کی ایک اور اہمیت دنیا کو 20 سال بعد دوبارہ سمجھ آئی جب کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ٹائمز اسکوائر کو حقیقی انداز میں دوبارہ اس طرح دیکھا گیا اور لوگوں کو اس فلم کا وہ منظر یاد آگیا۔

وینیلا اسکائی کا وہ مشہور سین

یہ ایک خواب کا منظر ہوتا ہے  جس میں ٹام کروز کا کردار خالی ٹائمز اسکوائر میں چلتا ہوا نظر آتا ہے اور اپنے اندر جھانکنے کی کوشش کرتا ہے۔

ٹائمز اسکوائر دنیا کے مصروف ترین مقامات میں سے ایک ہے اور کسی بھی وقت اسے خالی کرنا تقریباً ناممکن تھا۔

لہٰذا اس سین کو فلمبند کرنے کے لیے پروڈکشن ٹیم نے اتوار کی صبح تین گھنٹوں کے لیے ٹائمز اسکوائر بند کرنے کا خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا۔

رپورٹس کے مطابق اس عمل پر 10 لاکھ ڈالر سے زائد خرچ آیا، اس دوران انہوں نے رکاوٹیں لگا کر سیاحوں اور ٹریفک کو روکنے کا بندوبست کیا تاکہ منظر میں کوئی خلل نہ پڑے۔

یہ منظر 2020 میں کورونا دور کے دوران حقیقی کا روپ دھار گیا جب کئی دہائیوں بعد ٹائمز اسکوائر واقعی خالی دیکھا گیا۔

اس موقع پر فلم کے ہدایتکار کیمرون کرو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمیں بار بار بتایا گیا اچھی طرح دیکھ لو، ایسا منظر دوبارہ کبھی نہیں ہوگا، ہم نے یہ بات کئی بار سنی، یہ ایک بار ہی ہوگا، اس لیے اسے درست طریقے سے فلمبند کرو۔

انہوں نے کہا کہ یہی اس سین کی تیاری کا مقصد بھی تھا، یہ منظر نہایت پراسرار تھا اور جو چیز اسے مزید عجیب بناتی ہے، وہ یہ ہے کہ اب جو ویڈیو اشتہارات ٹائمز اسکوائر پر نظر آتے ہیں، وہ اُس وقت اس حد تک نہیں تھے جب ہم نے فلمبندی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اصل سوچ یہ تھی کہ ہم اس کے ذہن کی کیفیت کو ان عمارتوں پر کیسے دکھا سکتے ہیں؟ ہم نے ابتدائی سی جی آئی گرافکس کے ذریعے عمارتوں پر مناظر ظاہر کیے تاکہ ناظرین کو محسوس ہو کہ وہ اپنی الجھنوں اور جذبات میں گم ہے۔

لیکن جب میں نے 2020 میں خالی ٹائمز اسکوائر دیکھا، تو یوں لگا جیسے اب اس کا ذہنی تاثر کلچر کا حصہ بن چکا ہے، ہر عمارت پر اشتہارات ہیں، جو ایک دوسرے سے گفتگو کر رہے ہیں اور وہاں کوئی موجود نہیں، یہ منظر بے حد پراسرار اور عجیب حد تک مانوس لگا۔

’وینیلا اسکائی‘ میں ٹام کروز کے ساتھ پینیلوپے کروز اور کیمرون ڈیاز بھی شامل تھیں، فلم نے ریلیز کے وقت دنیا بھر میں 203 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔