آر مادھون فرنچائز فلموں میں کام کرنا کیوں نہیں چاہتے ؟
کرداروں کے انتخاب میں عامر خان جیسا بننا چاہتا ہوں، آر مادھون
ان دنوں بالی وڈ میں فرنچائز فلموں یا ان کے سیکوئلز کا زور ہے لیکن اداکار آر مادھون فرنچائز فلموں میں کام کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں اور اس حوالے سے ایک الگ نظریہ رکھتے ہیں۔
اداکار آر مادھون نے حال ہی میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ کسی بھی ’فرنچائز فلم‘ کا حصہ کیوں نہیں بنے ۔
ایک انٹرویو میں، آرمادھون نے بتایا کہ اپنے پورے کریئر میں انہوں نے صرف ایک ہی فلم کا سیکوئل کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اداکار عامر خان کے فلمی انتخاب کی بھی تعریف کی۔
آر. مادھون نے اپنی فلموں سے متعلق کیا کہا؟
آرمادھون نے 2009 کی اپنی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'کریئر کے شروع میں جب میں نے سنا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اگر یہ عامر خان کی فلم ہے تو مواد یقیناً اچھا ہوگا ،یہ ایک ایسی بات تھی جو میں بھی چاہتا تھا کہ لوگ میرے بارے میں کہیں اور میں نے اپنی فلموں کے انتخاب میں یہی کوشش کی، لوگ آ کر مجھے بتاتے ہیں کہ میری فلم ’تھری ایڈیٹس‘نے ان کی زندگی بدل دی'۔
فرنچائز فلموں پر مادھون کا موقف
اداکار نے کہا کہ جو لوگ فرنچائز فلموں کا حصہ بنتے ہیں وہ آرام سے بیٹھ کر پانچ فلمیں کرتے ہیں، جب تک وہ ناکام نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ مجھے ایک جیسے کرداروں میں نہ ڈھالا جائے، واحد سیکوئل جو میں نے کیا وہ 'تنو ویڈز منو' تھی، کیونکہ اس کی کہانی واقعی قابل جواز تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'مجھے یہ سہولت نہیں ملی کہ میں فرنچائز فلمیں کروں، جہاں میں وہی کردار دوبارہ نبھاؤں کیونکہ وہ کامیاب ہو چکے ہیں حالانکہ میں ایسا کرنا پسند کرتا، کتنا آسان ہوتا کہ پانچ ایسی فلمیں کرتا، جب تک وہ ناکام نہ ہوتیں اور پھر کچھ اور کر لیتا'۔
آر مادھون نے مزید کہا کہ میں کسی سمجھوتہ شدہ کامیابی کے مقابلے میں ایک باوقار ناکامی کو ترجیح دوں گا۔
ہندی فلم انڈسٹری میں سیکوئلز کا رجحان
گزشتہ چند برسوں میں، کئی ہندی فلمیں سیکوئلز کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ ان میں ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’ٹائیگر زندہ ہے‘، ’ٹائیگر 3‘،’سنگھم‘، ’سنگھم ریٹرنز‘، ’سمبا‘، ’سوریا ونشی‘، ’سنگھم اگین‘’غدر‘، ’غدر 2: ایک پریم کتھا‘،ہاؤس فل سیریز،’دھوم‘، ’دھوم 2‘، ’دھوم 3‘، ’گول مال سیریز‘ شامل ہیں
آر مادھون کی حالیہ فلمیں
آرمادھون حال ہی میں فلم ’کیسری چیپٹر 2: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف جلیانوالہ باغ‘ میں نظر آئے، جس میں انہوں نے نیول میکنلی کا کردار نبھایا ۔
ایک ایسا وکیل جو برطانوی راج کی حمایت کرتا ہے، فلم میں اکشے کمار، سی شنکرن نائیر کے کردار میں نظر آئے اور دونوں کے درمیان ایک سنسنی خیز کورٹ روم ٹکر دکھائی گئی، یہ فلم 18 اپریل کو سینماؤں میں ریلیز ہوئی۔
فلم کا پس منظر 13 اپریل 1919 کے جلیانوالہ باغ قتل عام پر مبنی ہے، جو ہندوستان کی نوآبادیاتی تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں سے ایک ہے۔
مادھون کی آنے والی فلموں میں ’دھُرندھر‘ اور ’آپ جیسا کوئی‘ شامل ہیں۔




