ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم 'لَو گُرو' کا شاندار ٹریلر ریلیز
فلم رواں برس عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی

پاکستان کے صف اول کے فنکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان ایک بار پھر بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے کیلئے تیار ہیں، اس بار دونوں ایک رومانٹک کامیڈی فلم 'لو گرو' میں نظر آئیں گے، جو رواں برس عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی پروڈکشن ہمایوں سعید، شہزاد نصیب اور جرجیس سیجا کے اشتراک سے کی گئی ہے، جبکہ نجی میڈیا گروپ 'اے آر وائی' کے سی ای او سلمان اقبال اِس فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
فلم کا اسکرپٹ معروف کامیڈی رائٹر واسع چوہدری نے تحریر کیا ہے، جنہوں نے اس سے قبل سُپرہٹ فلم 'جوانی پھر نہیں آنی' اور اس کے سیکوئل کا اسکرپٹ بھی تحریر کیا تھا۔
فلم کی کاسٹ میں مرکزی اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے علاوہ کئی نامور فنکار شامل ہیں، جن میں مومنہ اقبال، میرا سیٹھی، سوہائے علی ابڑو، عمارہ ملک، عدنان شاہ ٹیپو، مرینہ خان، عینی زیدی، عثمان پیرزادہ اور جاوید شیخ شامل ہیں، یہ ایک شاندار اور متنوع کاسٹ ہے جس نے فلم بینوں کی دلچسپی مزید بڑھادی ہے۔
'اے آر وائی ڈیجیٹل' کی جانب سے فلم کا موسٹ اوویٹڈ ٹریلر گزشتہ روز (4 مئی کو) ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
ٹریلر میں خوبصورت مناظر، شاندار پکچرائزیشن، دلچسپ مکالمے اور زبردست اداکاری نے دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا ہے، فلم کو پاکستان اور برطانیہ کے خوبصورت مقامات پر عکس بند کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہمیں اپنی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کرنا چاہیے، اللہ کا شکر ہے ہمارے پاس ماہرہ خان اور ہمایوں سعید جیسے ستارے موجود ہیں'۔
ایک اور مداح نے کہا کہ 'یہ ٹریلر تو کمال کا ہے، بار بار دیکھنے کو دل چاہ رہا ہے' جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ 'یہ اب تک کا سب سے بہترین ٹریلر ہے جو میں نے دیکھا ہے'۔
واسع چوہدری کی بطور کامیڈی رائٹر واپسی کو بھی خوب سراہا جا رہا ہے، ایک مداح نے لکھا کہ 'واسع چوہدری ہمیشہ قہقہوں، ہلچل اور مزاح سے بھرپور کہانیاں لے کر آتے ہیں، اس فلم کا شدت سے انتظار ہے'۔
فلم میں ماہرہ خان کے دلکش انداز، خوبصورت ملبوسات اور ان کے ساتھ دیگر اداکاراؤں کی موجودگی کو بھی مداحوں نے خوب سراہا ہے۔
'لو گرو' رواں برس عیدالاضحیٰ پر سینما گھروں کی رونق بڑھائے گی، توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ فلم نہ صرف شائقین کو ہنسانے میں کامیاب ہوگی بلکہ پاکستانی سینما کو بھی ایک نئی بلندی سے ہمکنار کرے گی۔
-
انفوٹینمنٹ 7 گھنٹے پہلے
امن کے سفیر، عتیقہ اوڈھو کو رابعہ اور مشی خان کا کرارا جواب
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں، عتیقہ اوڈھو
-
انفوٹینمنٹ 8 گھنٹے پہلے
ہما قریشی نے عمر رسیدہ کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی
-
اسکینڈلز 8 گھنٹے پہلے
جب حنا نے برکھا کو آئینہ دکھایا