کوہلی کے غلطی سے کیے گئے 'لائک' نے اونیت کور کو اسٹار بنادیا
کوہلی کیجانب سے اسے 'الگورتھم کی غلطی' قرار دیے جانے کے بعد مارک زکربرگ کی شامت آگئی
مایہ ناز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی جانب سے انسٹاگرام پر اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اونیت کور کی ایک تصویر کو غلطی سے کیے گئے 'لائک' نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا ہے۔
ویرات کوہلی کا یہ 'اتفاقیہ لائک' نہ صرف میڈیا اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا بلکہ اونیت کی سوشل میڈیا پریزنس اور برانڈ ویلیو میں حیرت انگیز اضافہ کا باعث بھی بنا۔
ہوا کیا تھا؟
اصل میں طوفان اس وقت برپا ہوا جب سوشل میڈیا صارفین نے نوٹ کیا کہ ویرات نے اداکارہ اونیت کور کی ایک بولڈ تصویر کو پسندیدگی کی سند بخشی ہے۔
30 اپریل کو اونیت کور نے انسٹاگرام پر بولڈ تصویروں کا ایک سلسلہ شیئر کیا، ان تصاویر میں، وہ پرنٹڈ شارٹ اسکرٹ کے ساتھ سبز کراپ ٹاپ پہنے نظر آرہی ہیں، تاہم جس چیز نے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ حاصل کی وہ یہ تھی کہ ویرات نے اس پوسٹ کو لائک کیا اور پھر اسےان لائک بھی کردیا۔
اس سرگرمی کو ان کے فین پیجز پر شیئر کیا گیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے تبصرے کرنا شروع کر دیے، پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں صارفین کے ردِ عمل کی بھرمار اور بحثیں شروع ہوگئیں۔
اونیت کور کی تصویر سے ویرات کوہلی کا یہ 'لائک' جلد ہی ہٹا دیا گیا تھا، لیکن تب تک یہ خبر سوشل میڈیا پر پھیل چکی تھی۔
سوشل میڈیا پر جگ جگہ#ViratLikedAvneet ٹرینڈ کرنے لگا، میمز بننے لگیں اور صارفین نے ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کو بھی ٹیگ کرنا شروع کر دیا جبکہ اونیت کو ‘Accidental Viral Queen’ کا لقب دیا گیا۔
ویرات کوہلی کی وضاحت
سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی قیاس آرائیوں کے بعد، ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت جاری کرنا ضروری سمجھی۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ویرات کا کہنا تھا کہ 'میں یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ اپنی فیڈ کو کلیئر کرتے ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ الگورتھم نے غلطی سے کوئی انٹریکشن کر لیا ہے، اس کے پیچھے قطعی طور پر کوئی مقصد نہیں تھا، میری درخواست ہے کہ کوئی غیر ضروری قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، مجھے سمجھنے کے لیے آپ کا شکریہ'۔
ان کی اس وضاحت کے باوجود، سوشل میڈیا صارفین کا تجسس کم نہ ہوا بلکہ اونیت کور کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
اونیت کور کی مقبولیت میں اضافہ
اس واقعے کے بعد اونیت کور کے انسٹاگرام فالوورز میں بھی بےپناہ اضافہ ہوا اور ان کی پوسٹس پر انگیجمنٹ تین گنا بڑھ گئی۔
ویرات کوہلی کے 'اتفاقیہ لائک' سے قبل ان کے فالوورز کی تعداد 30 ملین سے کم تھی جبکہ کوہلی کے لائک کے بعد ان کے فالوورز کی تعداد 31.8 ملین تک جا پہنچی اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اونیت کور کی ہر پوسٹ کی قیمت اب 2 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2.6 لاکھ روپے ہو گئی۔
علاہ ازیں صرف 72 گھنٹوں میں انہیں 12 نئے برانڈز کی جانب سے تشہیری معاہدوں کی آفر ہوئی ہے، جن میں بیوٹی، فیشن، اور فِن ٹیک کمپنیاں شامل ہیں۔
ان کی انسٹاگرام پوسٹس پر لائکس اور کمنٹس کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، مداحوں نے اسے اونیت کا 'مین کیریکٹر مومنٹ' قرار دیا، جبکہ میڈیا میں اُن کا نام زبان زدعام بن چکا ہے۔
اونیت کور جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈانس شوز سے کیا تھا، اب سوشل میڈیا پر ایک نمایاں شخصیت بن چکی ہیں۔
ان کی موجودہ نیٹ ورتھ 41 کروڑ بھارتی روپے (5 ملین ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ان کی مقبولیت اسی طرح بڑھتی رہی تو یہ رقم دوگنی ہو سکتی ہے۔
یہ واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک چھوٹا سا واقعہ کس طرح کسی کی مقبولیت اور مالی حیثیت کو بدل سکتا ہے۔
مارک زکربرگ کی شامت
دریں اثنا ویرات کوہلی کی جانب سے اپنی غلطی کو 'الگورتھم کی غلطی' قرار دیے جانے کے بعد سے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کی شامت آگئی ہے۔
کوہلی کے وضاحتی بیان کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد مارک زکربرگ کے کمنٹ سیکشن میں پہنچ گئی اور 'الگورتھم کی غلطی' پر انہیں کھری کھری سُنادی۔
کمنٹ سیکشن میں بھارتیوں کی جانب سے مارک زکربرگ سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ فوری طور پر 'کنگ کوہلی' سے معافی مانگیں اور الگورتھم کی خامیاں جلدازجلد دور کریں۔


