شاہ رخ خان کا 'میٹ گالا لُک' بازی لے گیا
'میٹ گالا' میں اپنے شاندار ڈیبیو سے شاہ رخ خان نے مداحوں کے دل جیت لیے
بالی وڈ کے 'کنگ' اداکار شاہ رخ خان نے 2025 کے 'میٹ گالا' میں اپنے شاندار ڈیبیو سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں منعقد ہونے والے اس فیشن کے سب سے بڑے ایونٹ میں شاہ رخ خان نے ایک کلاسک سیاہ لباس پہن کر شرکت کی، جو نہ صرف ان کے اسٹائل کا مظہر تھا بلکہ ان کے شاہانہ وقار کی بھی عکاسی کرتا تھا۔
شاہ رخ نے مشہور بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کا تیار کردہ سیاہ لباس زیب تن کیا، جس میں نفاست سے سلے ہوئے ٹراوزرز، ایک لمبا کوٹ اور قمیض شامل تھے۔
اگرچہ مجموعی طور پر اُن کا انداز سادہ اور کلاسک تھا، مگر انہوں نے اسے خوبصورتی اور جاذبیت بخشنے کے لیے بھاری بھرکم جیولری کا انتخاب کیا۔
ان کے گلے میں چمکتے دمکتے ہاروں کی قطار نمایاں تھی، جن میں سب سے خاص انگریزی حرف ‘K’ کے ہار نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔
ان کی منیجر پوجا ددلانی کے مطابق‘K’ دراصل ‘KING’ یعنی 'کنگ خان' کے لقب کی نمائندگی کرتا ہے۔
شاہ رخ کی انگلیوں میں رنگ برنگی بیش قیمت انگھوٹھیاں تھیں، کلائی پر ایک قیمتی گھڑی تھی جبکہ ہاتھ میں انہوں نے ایک خوبصورت چھڑی بھی تھام رکھی تھی، جو ان کے شاہانہ انداز کو مکمل کر رہی تھی۔
اداکار کی اسٹائلسٹ شالین نتھانی نے بھی انسٹاگرام پر ان کے ریڈ کارپٹ لُک کی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں شاہ رخ پوری خود اعتمادی اور دلکشی کے ساتھ میٹ گالا کی مشہور سیڑھیوں پر کیمروں کے لیے پوز دیتے نظر آئے۔
میٹ گالا، جسے 'فیشن کا سب سے بڑا ایونٹ' کہا جاتا ہے، نیویارک میں منعقد ہونے والا ایک سالانہ فنڈ ریزنگ ایونٹ ہے جو میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کے کاسٹیوم انسٹیٹیوٹ کے لیے فنڈز اکٹھا کرتا ہے۔
ہر سال اس ایونٹ کا مخصوص تھیم ہوتا ہے، جس کے مطابق دنیا بھر کے نامور ستارے اور فیشن ڈیزائنرز اپنے لباس کا انتخاب کرتے ہیں۔
اس سال کا تھیم "Superfine: Tailoring Black Style" تھا، اس تھیم کے تحت بلیک ڈینڈی ازم (Black Dandyism) اور 'بلیک مینزویئر ٹیلرنگ' کی ثقافتی اہمیت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس سال میٹ گالا کی میزبانی مشہور سیاہ فام شخصیات نے کی، جن میں فیرل ولیمز، لیوس ہیملٹن، کولمن ڈومنگو، اے ایس اے پی راکی اور اعزازی چیئر کے طور پر این بی اے سپر اسٹار لی برون جیمز شامل تھے، ان کے ساتھ ووگ کی ایڈیٹر ان چیف اینا وِنٹور بھی شریک رہیں۔
'میٹ گالا 2025' بھارتی ستاروں کے لیے بھی خاص رہا، شاہ رخ خان کے علاوہ پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ اور اداکارہ کیارا اڈوانی نے بھی اس ایونٹ میں اپنا ڈیبیو کیا۔
دوسری جانب پریانکا چوپڑا پانچویں مرتبہ میٹ گالا میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ نتاشا پونہ والا اور ایشا امبانی نے بھی روایتی بھارتی ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن کر تقریب میں شرکت کی، علاوہ ازیں مشہور بھارتی ڈیزائنرز منیش ملہوترا اور سبیاساچی مکھرجی بھی اس سال کے میٹ گالا میں شریک ہوئے۔
شاہ رخ خان کا 'میٹ گالا لُک' یہاں دیکھئے


