دیسی گرل پریانکا کا ’نمستے‘ میٹ گالا میں چھا گیا
پریانکا نے دنیا کو ایک بار پھر یاد دلا دیا کہ وہ نہ صرف ایک عالمی اسٹار ہی
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی فیشن کے سب سے بڑے ایونٹ میٹ گالا 2025 میں شاندار انٹری نے لاکھوں دل جیت لیے۔
پریانکا نے دنیا کو ایک بار پھر یاد دلا دیا کہ وہ نہ صرف ایک عالمی اسٹار ہیں بلکہ اُن کے دل میں آج بھی ایک ’دیســی دل‘ دھڑکتا ہے۔
جب دنیا فیشن کے جلووں میں کھوئی ہوئی تھی، تب پریانکا نے اپنے ’نمستے‘ کے انداز سے سب کو حیران کر دیا۔ نہ کوئی مبالغہ، نہ کوئی ڈرامہ صرف سادگی، وقار، اور ثقافت سے جُڑا ایک پیغام تھا۔
انہوں نے ہاتھ جوڑ کر ریڈ کارپٹ پر موجود لوگوں کو خوش آمدید کہا، اور کیمروں کا سامنا انتہائی عاجزی کے ساتھ کیا۔
پریانکا کا لباس کسی پریوں کی کہانی سے کم نہ تھا۔ دلہن جیسی چمک، شہزادی جیسا انداز، اور اوپر سے ’نمستے‘ جیسی دیسی روایت—یہ سب کچھ ایک عالمی پلیٹ فارم پر کر کے پرینکا نے واضح کردیا کہ وہ ایک گلوبل سُپر اسٹار ہیں۔
ان کے ’نمستے‘ کے اندازپر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ان کا یہ انداز ایک میسج تھا کہ چاہے آپ کتنی بھی بلندی پر پہنچ جائیں، اپنی جڑوں کو نہ بھولیں۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا ہر سال میٹ گالا میں نئی جدت، انفرادیت اور ثقافت کا رنگ لاتی ہیں۔
لیکن اس بار ان کا یہ ’سادگی میں عظمت‘ والا انداز سب پر بھاری پڑ گیا۔ پریانکا چوپڑا جوناس نے ثابت کر دیا کہ وہ فیشن کی دنیا میں ایک بے مثال اسٹائل آئیکون ہیں۔
پریانکا نے بال مین کا خصوصی تیار کردہ لباس زیب تن کیا، جو ہر انداز سے منفرد نظر آیا اور اس سال کی تھیم سے پوری طرح ہم آہنگ تھا۔
اس لباس کی پاور شولڈرز اور زمین کو چھوتا ہوا ہیوی ہیملائن ’ڈیندی‘ یعنی کلاسیکی مردانہ اسٹائل کی نمائندگی کرتا ہے۔
اگر آپ کو علم نہ ہو تو بتاتے چلیں کہ پریانکا کا پولکا ڈاٹ ڈریس دراصل مردانہ ٹیل کوٹس اور ملٹری یونیفارمز سے متاثر ہے، جو ڈیندی فیشن کے اہم عناصر ہیں۔
پریانکا نے اپنے لک کو مزید پرکشش بنانے کے لیے اوور سائزڈ بلیک ہیٹ کا انتخاب کیا، جو اس لک کو ڈرامائی اور دلیرانہ انداز عطا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ کالی دستانے اور ایک اسٹیٹمنٹ زمرد کا ہار ان کے پولکا ڈاٹ لباس کے ساتھ ایک شاہانہ کنٹراسٹ پیدا کر رہے تھے۔
میک اپ کی بات کریں تو پریانکا نے ڈیفائنڈ آئیز اور نیوٹرل لپ کلر کو ترجیح دی، جب کہ بالوں کو لیئرز میں اسٹائل کیا گیا جس نے ان کے انداز میں نرمی اور وقار کا حسین توازن قائم کیا۔
یہ لک نہ صرف پریانکا کی میٹ گالا پر پانچویں بار شرکت کو یادگار بناتا ہے بلکہ ان کی خود اعتمادی اور اعلیٰ فیشن سینس کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
بات کریں نک جونس کی تو انہوں نے بھی پریانکا کے لک کو خوبصورتی سے مکمل کیا۔ انہوں نے پہنے ہائی ویسٹڈ بلیک پینٹس، جن کے ساتھ ایک دلکش بروچ لگایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے کہا کہ ’پریانکا نے ثابت کر دیا کہ اصل اسٹائل وہی ہے جس میں اپنی پہچان جھلکے۔‘ لوگوں نے پریانکا کے اس نمستے کو عالمی ثقافتی اتحاد کی علامت قرار دیا۔
پریانکا ہمیشہ کہتی آئی ہیں کہ ’میرے لیے کامیابی وہ ہے، جہاں میں اپنی شناخت کو ساتھ لے کر آگے بڑھوں، اور میٹ گالا 2025 میں اُن کا انداز اِسی بات کی گواہی دے رہا تھا۔
خیال رہے کہ اس سال کے میٹ گالا میں بھارت نے واقعی دِل جیت لیے، جہاں دلجیت دوسانجھ نے ’مہاراجہ آف پنجاب‘ بن کر انٹری ماری، شاہ رخ خان نے سبیاساچی کے شاہی لباس میں جلوے بکھیرے، وہیں پریانکا چوپڑا نے ’سادگی میں خوبصورتی‘ کو زندہ کر دیا۔




