انفوٹینمنٹ

شاہ رخ کے میٹ گالا لُک پر کاجول کی مستی بھری پوسٹ

مداحوں کو کاجول کی ری کریئیشن بے حد پسند آئی۔

Web Desk

شاہ رخ کے میٹ گالا لُک پر کاجول کی مستی بھری پوسٹ

مداحوں کو کاجول کی ری کریئیشن بے حد پسند آئی۔

کاجول نے اپنے انداز میں شاہ رخ کا لک کاپی کیا۔
کاجول نے اپنے انداز میں شاہ رخ کا لک کاپی کیا۔

شاہ رخ اور کاجول کا شمار بالی وڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی سپر ہٹ جوڑیوں میں ہوتا ہے، جن کی نہ صرف آن اسکرین کیمسٹری نے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا بلکہ آف اسکرین بھی ان کی دوستی مثالی ہے۔

دونوں اداکاروں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں بازیگر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم، مائی نیم اسے خان اور دل والے شامل ہیں۔

دلسچسپ بات یہ ہے کہ بےحد پسند کی جانے والی اس جوڑی نے کبھی ایک دوسرے کو ڈیٹ نہیں کیا جس کا اعتراف خود ان دونوں نے ایک شو میں کیا تھا۔

تاہم دونوں کے درمیان دوستی کا مضبوط بانڈ موجود ہے جو وہ اکثر ظاہر کرتے رہتے ہیں، جہاں شاہ رخ کے مزاج میں عاجزی اور مزاح کا عنصر غالب ہے وہیں کاجول کی طبیعت شوخی سے بھرپور ہے۔

پھر چاہے وہ کوئی ایونٹ ہو، انٹرویو یا پھر سوشل میڈیا اکاؤنٹ، کاجول اپنے شوخ و چنچل انداز اور مذاق کرنے کی  عادت سے اپنی موجودگی کا پتا دیتی ہیں۔

کاجول کی اس مذاق کرنے کی عادت سے ان کے دوست بھی محفوظ نہیں اور پھر دوست اگر شاہ رخ جیسا قریبی دوست ہو تو وہ کیسے بچ سکتا ہے۔

بالی وڈ کے بادشاہ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان نےپیر کی رات اپنا انتہائی منتظر میٹ گالا ڈیبیو کر کے ملکی اور غیر ملکی میڈیا میں تہلکہ مچا دیا۔

شاہ رخ کا لُک

اس خصوصی رات کے لیے شاہ رخ کا لُک  معروف بھارت ڈیزائنر سبیا ساچی نے تیار کیا تھا، جو اس سال کی تھیم  "Superfine: Tailoring Black Style" کے مطابق تھا۔

اس لک کے لیے کنگ خان نے ایک نفاست سے تیار کیا گیا فلور-لینتھ کوٹ پر مشتمل سلیِک بلیک آؤٹ فٹ پہنا تھا جس کے کالر پر ایک بیش قیمت بروچ نمایاں تھا۔

لباس کے ساتھ اداکار نے اپنے ہاتھ میں 18 قیراط سونے سے بنی ‘بنگال ٹائیگر ہیڈ کین’ (چھڑی) تھامی ہوئی تھی، جس میں بیش قیمت ہیرے جڑے ہوئے تھے

ان کے لُک میں سب سے نمایاں چیز ان کے زیورات تھے، ان کے گلے میں کئی چمکتے دمکتے ہار موجود تھے جن میں سے ایک انگریزی حرف ‘K’ پر مشتمل تھا، جو ان کی ’کنگ خان‘ کی پہچان کو نمایاں کر رہا تھا۔

صرف ہار ہی نہیں بلکہ شاہ رخ کے دونوں ہاتھوں کی آٹھوں انگلیاں انگوٹھیوں سے مزین تھیں۔

کاجول کی ری کریئیشن

شاہ رخ کا لُک میٹ گالا کے حوالے سے سب سے زیادہ متظر چیزوں میں سے ایک تھا لیکن یہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

اس کے ساتھ شاید ان کا یہ لُک ان کے ساتھیوں کو بھی پسند نہیں آیا، اور کاجول نے اسے ری کریئیٹ کر کے مذاق ہی اڑا ڈالا۔

کاجول نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر کا ایک سلسلہ شیئر کیا جس میں وہ مکمل سیاہ لباس پہنے، میسی ہیر اسٹائل کے ساتھ اپنے ہاتھوں کی تمام نگلیوں میں سلور کلر کی انگوٹھیاں پہنی نظر آئیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے ہاتھوں میں بھی سلور کڑے اور بریسلیٹ پہنے بلکہ کانوں میں بھی سلور بالیوں کی قطار نظر آئی جبکہ ناک میں سلور نوز پن بھی نمایاں تھیں، اداکارہ ان تمام زیورات کے ساتھ پوز دیتی نظر آئیں۔

اس شرارت بھری پوسٹ میں انہوں نے شاہ رخ کی تصویر کو بھی شامل کیا اور ساتھ ہی کیپشن میں اپنے مداحوں کو فرق تلاش کرنے کی دعوت بھی دے ڈالی۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اداکارہ کی یہ مستی مذاق پر مشتمل پوسٹ سوشل میڈیا صارفین کو خوب پسند آئی اور انہوں نے دونوں اداکاروں کو حقیقی بہترین دوست قرار دے دیا۔

کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہ رخ کے لاکٹ میں k اصل میں کاجول کے لیے تھا، لوگوں نے شاہ رخ کو کنگ اور کاجول کو کوئین کا لقب بھی دیا اور دونوں کو ایک ساتھ پھر آن اسکرین اکٹھا دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔