بالی ووڈ

میٹ گالا کے حوالے سے شاہ رخ کا بڑا اعتراف

اداکار نے ڈیزائنر سبیاساچی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Web Desk

میٹ گالا کے حوالے سے شاہ رخ کا بڑا اعتراف

اداکار نے ڈیزائنر سبیاساچی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شاہ رخ میٹ گالا میں قدم رکھنے والے پہلے بھارتی اسٹار بن گئے۔
شاہ رخ میٹ گالا میں قدم رکھنے والے پہلے بھارتی اسٹار بن گئے۔

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان عالمی فیشن ایونٹ میٹ گالا میں قدم رکھنے والے پہلے بھارتی مرد ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ایک اعتراف بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ کئی ہفتوں سے شاہ رخ کے میٹ گالا ڈیبیو کے حوالے سے چرچے جاری تھے اور مداح اپنے اسٹار کو عالمی صف میں کھڑے دیکھنے کے منتظر تھے۔

ایسے میں جب پیر کی رات آئی تو ہر آنکھ شاہ رخ کی منتظر تھی جہاں اداکار سباساچی کے تیار کردہ سیاہ لباس میں جلوہ گر ہوئے۔

تاہم بالی وڈ کے آخری سپر اسٹار اور کنگ کہلائے جانے والے شاہ رخ کا بیش قیمت لباس، زیورات اور دیگر اشیا ان کے مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں۔

ان کے بہت سے مداحوں نے ڈیزائنر سبیاساچی کے لیے تنقیدی تبصروں کی بھرمار کردی جن کا کہنا تھا کہ 'آپ کو ایک کام دیا گیا تھا اور وہ بھی نہ ہوا'، بہت سے مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ شاہ رخ کی مسحور کن شخصیت تھی جو میٹ گالا میں چھا گئی ورنہ ان کا لباس کچھ اتنا خاص نہیں تھا۔

بہت سے افراد نے مذاق اڑاتے ہوئے شاہ رخ کے لُک کو پائیریٹ آف کیریبیئن کے اسٹار جانی ڈیپ سے تشبیہہ دی تو کچھ اداکار کے لک کو سوشل میڈیا اسٹار ڈولی چائے والا سے ملاتے نظر آئے۔

الغرض زیادہ تر افراد نے اس خاص موقع پر بھارت کی نمائندگی کرنے کے لیے شاہ رخ کے غیر متاثر  کن لباس کی وجہ سے ڈیزائنر پر برہمی کا اظہار کیا۔

البتہ اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے ڈیزائنر سبیاساچی کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ یہ جگہ خود کے لیے نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا۔

شاہ رخ نروس

میٹ گالا ڈیبیو سے پہلے نیویارک ٹائمز کے رپورٹر سے بات کرتے ہوئے کئی نسلوں کو متاثر کرنے والے اداکار نے اپنے احساسات کا کچھ یوں ظہار کیا تھا کہ 'میں کبھی اس طرح نروس نہیں ہوا، میں سوچ رہا ہوں کہ کیا میں اب اس سے بھاگ سکتا ہوں'۔

سونے پر سہاگا یہ ہوا کہ غیر ملکی میڈیا بھارت کے اس سب سے بڑے اسٹار کو پہنچانا تک نہیں اور انہیں اپنا تعارف کروانا پڑ گیا۔

ایک ایسے سپر اسٹار جس کی جھلک دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد تڑپتے ہوں یہ بات یقیناً ہزیمت کا باعث تھی جس نے ان کے مداحوں کو بھی ناراض کیا۔

شاہ رخ کا اعتراف

البتہ ایونٹ کے بعد اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی پوسٹ کرتے ہوئے ڈیزائنر سبیاساچی کا شکریہ ادا کیا اور یہ جگہ خود کے لیے نہ ہونے کا اعتراف کیا۔

شاہ رخ نے ایک مونوکروم تصویر اور ایک رنگین تصویر پوسٹ کی جس میں ان کا سیاہ لباس اور زیورات نمایاں ہیں، اداکار نے میٹ گالا میں ایک بہت بڑا 'K' کا لاکٹ اپنے سینے پر سجایا اور لُک کو ایک قیمتی عصا کے ساتھ مکمل کیا تھا۔

اپنی پوسٹ میں شاہ رخ نے لکھا شکریہ سبیا ساچی اور آپ کی پوری ٹیم نے مجھے میٹ گالا میں متعارف کرایا۔ یہ میری 'اسپیس' نہیں ہے لیکن آپ نے مجھے اتنا آرام دہ محسوس کرایا... کیونکہ میری طرح آپ بھی اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اسٹائل اور فیشن۔۔صرف وہی ہونا ہے جو آپ ہیں۔۔ اور آپ سب نے مجھے ایسا محسوس کروایا!

شائقین کو شاہ رخ کا کیپشن خوب پسند آیا ، ان میں سے ایک نے تبصرہ کیا کہ 'ہو سکتا ہے یہ آپ کی جگہ نہ ہو، لیکن آپ ہمیشہ کی طرح توجہ کا مرکز تھے'۔ ایک اور نے لکھا کہ 'آپ کسی اور کے مقابلے سب سے بڑے ہیں!!'، کچھ مداحوں نے ان کے ‘k' لاکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بادشاہ قرار دیا۔

سبیاساچی نے شاہ رخ خان کی تعریف کی 

جہاں مداح شاہ رخ کے نیویارک کے ہوٹل کے باہر ان کا نام لے کر چیخ رہے تھے لیکن ایونٹ کی میزبان ٹیانا ٹیلر اور ایگو نوڈیم ریڈ کارپٹ پر ان سے بات کرتے ہوئے بالی وڈ اسٹار کی مقبولیت سے بے خبر نظر آئے۔

اداکار نے ان سے اس بارے میں بات کی کہ کس طرح ان کے بچے وہاں ان کی لُک کے لیے کافی پرجوش تھے، لیکن وہ گھبرائے ہوئے تھے۔

اس کے بعد سبیاسچی نے بات میں مداخلت کی اور شاہ رخ کی اہمیت سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان شاید دنیا کے سب سے مشہور آدمی ہیں اور ان کی فین فالوونگ افسانوی ہے۔ جب وہ باہر آئے تو ہوٹل کے باہر بھگدڑ مچ گئی تھی'۔